Tuesday, November 10, 2026
 

لاہور میں رشتہ نہ دینے کا تنازع پر دو افراد کا قتل، خواتین سمیت 5 ملزمان گرفتار

 



لاہور میں رشتہ نہ دینے کے تنازع پر دو افراد کے قتل کے واقعے میں ہیئر پولیس نے دونوں فریقین کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعے کا مقدمہ قتل، اعانتِ جرم اور مشترکہ نیت کی دفعات 302، 109 اور 34 ت پ کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق سرور نامی شخص نے اپنے بیٹے اللہ دتہ کے لیے اپنے بھائی سعید سے رشتہ مانگا تھا۔ رشتہ دینے سے انکار پر 6 اکتوبر کی رات سعید نے دیگر ملزمان کے ہمراہ سرور اور اس کی اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے سرور کا طبی معائنہ کروانے کے بعد اس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ بعد ازاں، رشتہ دینے سے انکار پر اللہ دتہ نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر سعید کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ اسی دوران مقتول سعید کے اہلخانہ بھی موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے اللہ دتہ کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ ترجمان کے مطابق سعید کے قتل میں ملوث مجید، رشیداں بی بی اور نواز کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اللہ دتہ کے قتل میں ملوث سلیماں بی بی اور زینب بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔ دونوں فریقین کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کسی بھی فرد کو قانون سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں، قانون سب کے لیے برابر ہے اور اس کا احترام ضروری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل