Tuesday, November 10, 2026
 

ویکسین کی خریداری میں کرپشن کا معاملہ، وفاقی وزیر صحت نے انکوائری رپورٹ پبلک کردی

 



وفاقی وزارت صحت نے حاجیوں کیلئے ویکسین کی خریداری میں مبینہ کرپشن سے متعلق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پبلک کردی۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  وفاقی وزارت صحت حاجیوں کیلئے ویکسین کی خریداری میں مبینہ کرپشن سے متعلق انکوائری کمیٹی کی رپورٹ آج پبلک کررہی ہے۔ انکوائری رپورٹ کا لب لباب یہ ہے کہ وزارت صحت کو بتائے بغیر ویکسین کی پروکیورمنٹ کی گئی، بارڈر ہیلتھ سروس نے وفاقی وزارت صحت کو بائی پاس کیا۔   مصطفی کمال نے کہا کہ وزارت صحت نے انکوائری رپورٹ پر عملدرآمد شروع کردیا ہے، سوشل میڈیا پر 10 ارب روپے کی ویکسین میں کرپشن کا بیانیہ شروع کردیا گیا، ایک روپیہ بھی سرکار کا اس سارے عمل میں نہیں لگا، 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے اس وقت نادرا کے اکاؤنٹ میں موجود ہیں، 10 ارب روپے کا کوئی کرپشن اسیکنڈل نہیں ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ سب چیزوں میں میرے ساتھ کھڑے رہے، پکڑے جانے والوں کو ٹارچر کر کے کہا جا رہا ہے کہ وزیر کا نام لو، میں نے کسی انویسٹی گیشن میں رکاوٹ نہیں ڈالی، یہ پہلی پوسٹ نہیں جو میں ادا کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی انکوائری کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کو بیچ میں لایا جا رہا ہے، کوئی محکمہ ایسا نہیں جس میں کرپشن نہ ہو رہی ہو، میرے وزیر بننے سے پہلے اس منسٹری سے 8 لاکھ ڈالر کی مچھردانیاں چوری ہوئیں، میں پیپلز پارٹی کا وزیر ہوتا تو شائد میرے ساتھ ایسا نہ ہو سکتا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوں گا اور اپنی جائز بات کرتا رہوں گا۔ نئے صوبے لازم و ملزوم ہو چکے ہیں، دو ہی آپشن ہیں ملک بچالیں یا کسی کی خواہش مان لیں، ہمیں ملک بچانا ہے، مجھے کوئی بھی ایم کیو ایم کو مضبوط کرنے سے نہیں روک سکتا، ایم کیو ایم کو مضبوط کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل