Thursday, November 12, 2026
 

پشاور ہائیکورٹ: خواجہ سراؤں کو ہراساں  اور ضلع بدر نہ کرنے کے حکم امتناع میں توسیع

 



پشاور ہائیکورٹ نے خواجہ سراؤں پر تشدد اور انہیں ضلع بدر کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے محکمہ سوشل ویلفیئر کو خواجہ سراؤں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کمیٹیوں میں انہیں نمائندگی دینے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے خواجہ سراؤں کو ہراساں کرنے اور ضلع بدر کرنے کے خلاف جاری حکمِ امتناع میں بھی توسیع کردی۔ درخواست کی سماعت جسٹس اعجاز انور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس اور سول سوسائٹی کی جانب سے خواجہ سراؤں کے خلاف ضلع بدری کی مہم شروع کی گئی ہے اور پولیس انہیں ہراساں کر رہی ہے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ خواجہ سرا بھی اس ملک کے شہری ہیں اور آئین و قانون کے تحت انہیں دیگر شہریوں کی طرح حقوق حاصل ہیں۔ سماعت کے دوران خواجہ سرا ماہی گل نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ سراؤں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مطالبہ بھی یہی ہے کہ حکومت خواجہ سراؤں کی تعلیم کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکومت نے مختلف محکموں میں خواجہ سراؤں کے لیے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کر رکھا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ وہ ان آسامیوں کے لیے درخواستیں کیوں نہیں دیتے؟ اس پر ماہی گل نے مؤقف اختیار کیا کہ جب خواجہ سراؤں کو تعلیم کے مواقع ہی میسر نہیں ہوں گے تو وہ ملازمتوں کے لیے درخواست کیسے دے سکیں گے۔ عدالت نے محکمہ سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ خواجہ سراؤں کو فلاح و بہبود کی کمیٹیوں میں شامل کیا جائے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ جب خواجہ سرا ان کمیٹیوں کا حصہ ہوں گے تو انہیں اپنے مسائل پیش کرنے اور ان کے حل میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔ عدالت نے محکمہ سوشل ویلفیئر سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی، جبکہ خواجہ سراؤں کو ہراساں کرنے اور ضلع بدر کرنے کے خلاف حکمِ امتناع میں توسیع بھی کردی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل