Loading
گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی وادی یاسین میں مورکہ پل کے قریب مسافر گاڑی خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر گاڑی بے قابو ہو کر دریائے یاسین میں جاگری اور سوار 10 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔
امدادی ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ مقامی رضاکاروں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے 10 لاشیں اسپتال منتقل کردی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ امجد حسین کا اظہار افسوس
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے یاسین میں مسافر گاڑی کے الم ناک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جائے اور انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور زخمیوں کی طبی نگہداشت اور علاج معالجے کی خود نگرانی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ امجد حسین نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس الم ناک سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل