Loading
بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کی ممبئی میں واقع مشہور رہائش گاہ ’جلسہ‘ کی ملکیت ایک خاندانی تنازع کی زد میں آگئی ہے۔ ان کے چھوٹے بھائی اجیتابھ بچن کی اہلیہ رامولا بچن نے 1993 میں جائیداد جیا بچن کے نام منتقل کرنے کے لیے تیار کی گئی تحفے کی دستاویز کو باضابطہ طور پر چیلنج کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رامولا بچن نے گزشتہ سات ماہ کے دوران پراپرٹی رجسٹریشن سے متعلق مختلف سرکاری محکموں میں متعدد درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ تقریباً تین دہائیاں قبل بنگلے کی ملکیت منتقل کرتے وقت انہیں نہ تو اعتماد میں لیا گیا اور نہ ہی ان کی رضامندی حاصل کی گئی۔
دستاویزات کے جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ 1993 میں ایک گفٹ ڈیڈ کے ذریعے بنگلہ جیا بچن کے نام منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم اس معاملے میں ایک اہم تضاد بھی سامنے آیا ہے۔ سرکاری اراضی ریکارڈ، یعنی پراپرٹی کارڈ میں آج بھی رامولا بچن کا نام شریک مالک کے طور پر موجود ہے، جبکہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے ریکارڈ میں جیا بچن کو اس بنگلے کی مالک ظاہر کیا گیا ہے۔
رامولا بچن نے ملکیت کی منتقلی کے لیے استعمال ہونے والی دستاویز کی قانونی حیثیت پر بھی اعتراضات اٹھائے ہیں۔ ان کی شکایت کے مطابق تحفے کا یہ معاہدہ عام کاغذ پر تحریر کیا گیا تھا، جس پر نہ سرکاری اسٹامپ ڈیوٹی ادا کی گئی اور نہ ہی گواہوں کے دستخط موجود تھے۔ انہوں نے اس دستاویز کی بعد ازاں رجسٹریشن اور مہاراشٹر حکومت کی ’ابھے یوجنا‘ اسکیم کے تحت اسے قانونی تحفظ فراہم کرنے کے طریقہ کار کو بھی مشکوک قرار دیا ہے۔
معاملہ اب ممبئی کے علاقے اندھیری میں ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز کے دفتر میں سماعت کے لیے پہنچ چکا ہے۔ ڈپٹی رجسٹرار فیاض ملانی نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کارروائی شروع کردی گئی ہے اور تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرکے ان سے جواب طلب کیا گیا ہے۔
جوہو کے علاقے میں واقع امیتابھ بچن کا دو منزلہ بنگلہ ’جلسہ‘ ممبئی کی مشہور عمارتوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ عمارت ابتدا میں ’منسا‘ کہلاتی تھی اور ایک وقت میں معروف فلم ساز این سی سپی کی ملکیت تھی۔
رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کو 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ستے پہ ستہ‘ میں اداکاری کے معاوضے کے طور پر یہ بنگلہ ملا تھا۔ بعد ازاں اسے فروخت کردیا گیا، تاہم جیا بچن کے مشورے پر امیتابھ نے یہ جائیداد دوبارہ خرید لی اور اس کا نام ’جلسہ‘ رکھ دیا۔
یہ بنگلہ کئی دہائیوں سے امیتابھ بچن کے مداحوں کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ہر اتوار کو اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں مداح اس کے باہر جمع ہوتے ہیں۔ امیتابھ بچن بھی اکثر گھر سے باہر آکر ہاتھ ہلا کر اپنے مداحوں کا استقبال کرتے ہیں۔
اب اس معروف رہائش گاہ کی ملکیت سے متعلق اعتراضات نے ایک خاندانی تنازع کی شکل اختیار کرلی ہے۔ متعلقہ حکام نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے کارروائی شروع کردی ہے، تاہم جائیداد کی منتقلی سے متعلق حتمی صورت حال کا تعین مزید سماعت اور فیصلے کے بعد ہی ہوسکے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل