Saturday, November 14, 2026
 

پنجاب کے اے کیو آئی ڈیش بورڈ پر فضائی آلودگی کی اصل شرح کیوں نہیں دکھائی جاتی؟

 



پنجاب حکومت کے فضائی آلودگی سے متعلق سرکاری ڈیش بورڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی زیادہ سے زیادہ حد 500 مقرر ہونے کے باعث آلودگی کی اصل شدت سامنے نہیں آ رہی۔ فضائی آلودگی کی سطح 500 سے تجاوز کرنے کے باوجود ڈیش بورڈ پر 500 ہی ظاہر ہوتا ہے جس سے شہری یہ معلوم نہیں کر سکتے کہ ان کے علاقے میں اے کیو آئی 600، 700 یا اس سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔ پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کا ڈیش بورڈ صفر سے 500 تک اے کیو آئی کی پیمائش کرتا ہے۔ اس پیمانے کو سات درجوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں اچھی، تسلی بخش، درمیانی، حساس افراد کے لیے غیر صحت بخش، غیر صحت بخش، انتہائی غیر صحت بخش اور خطرناک فضائی کیفیت شامل ہیں۔ تاہم 500 سے زیادہ آلودگی کی صورت میں بھی اعداد و شمار میں کوئی اضافہ ظاہر نہیں ہوتا۔ امریکی ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (یو ایس ای پی اے) کے مطابق 500 اے کیو آئی کی معیاری پیمائش کی بالائی حد ہے، فضائی آلودگی کی زیادہ سے زیادہ حد نہیں۔ اس سے زیادہ آلودگی ظاہر کرنے کے لیے 'بیونڈ دی اے کیو آئی' کا طریقہ استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ شہریوں کو فضائی آلودگی کی اصل شدت سے آگاہ رکھا جا سکے۔ ماحولیاتی امور کے وکیل التمش سعید کے مطابق سرکاری مانیٹرنگ نیٹ ورک کا حقیقی وقت کا ڈیٹا عوام کے لیے دستیاب کرنا اہم پیش رفت ہے، تاہم صرف ایک انڈیکس کے ذریعے فضائی آلودگی کی مکمل صورتحال سامنے نہیں آتی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں، محققین اور پالیسی سازوں کو مختلف آلودہ ذرات کی حقیقی مقدار اور مختلف علاقوں میں ان کی تقسیم سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جانی چاہئیں۔ پنجاب یونیورسٹی کی طالبہ نوشین فاطمہ نے کہا کہ تحقیقی اور تعلیمی مقاصد کے لیے مختلف علاقوں کی درست ریڈنگز ضروری ہیں۔ 500 پر محدود انڈیکس کے باعث مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح کا بامعنی موازنہ ممکن نہیں رہتا۔ گلبرگ کے رہائشی عبدالرحمان نے خدشہ ظاہر کیا کہ اعداد و شمار کو 500 تک محدود رکھنے سے فضائی آلودگی کی صورتحال اصل سے بہتر دکھائی دے سکتی ہے۔ ان کے بقول حکومت اپنی فضائی آلودگی میں بہتری کی کوششوں کو نمایاں کرنے کے لیے حقیقی اے کیو آئی ظاہر نہیں کر رہی۔ تاہم پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) سے وابستہ ماہر مریم شاہ کا کہنا تھا کہ اے کیو آئی کو 500 تک محدود رکھنے کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ آلودگی کا ڈیٹا چھپایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق 500 اے کیو آئی بھی انتہائی خطرناک فضائی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے جس میں شہریوں کو تمام بیرونی سرگرمیوں سے گریز کرنا چاہیے۔ مریم شاہ نے مزید کہا کہ مختلف ممالک میں اے کیو آئی کا حساب لگانے کے طریقے مختلف ہیں اور اس کا انحصار متعلقہ علاقے میں موجود نمایاں آلودہ عنصر پر ہوتا ہے۔ پاکستان اور جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں فضائی آلودگی کی شدت جانچنے کے لیے پی ایم 2.5 کی حقیقی مقدار زیادہ مؤثر پیمانہ ہے۔ ان کے مطابق سرکاری ویب پورٹلز پر پی ایم 2.5 کی ریڈنگز بھی عوام کے لیے دستیاب ہونی چاہئیں تاکہ آلودگی کی اصل شدت کا اندازہ لگایا جا سکے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے موقف اختیار کیا کہ امریکا سمیت متعدد ممالک میں بھی اے کیو آئی کی حد 500 مقرر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ڈیٹا چھپانے کا کوئی ارادہ نہیں اور 500 سے زیادہ ریڈنگ کی صورت میں فضائی صورتحال کو خطرناک تصور کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل حماد نقوی نے کہا کہ ہر شہری کو فضائی آلودگی سے متعلق درست معلومات اور اعداد و شمار تک رسائی کا بنیادی حق حاصل ہے تاکہ وہ اپنے علاقے اور شہر کی فضائی صورتحال کے مطابق اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کے تحفظ کے اقدامات کر سکے۔ ان کے مطابق اگر حکومت نے ڈیٹا کو 500 تک محدود کر رکھا ہے تو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل