Loading
آسٹریلیا کے سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 2018 کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل کی تحقیقات پر کرکٹ آسٹریلیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ادارے پر پردہ پوشی کا الزام عائد کردیا ہے۔
وارنر نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ اسکینڈل کی ابتدائی تحقیقات کے دوران فاسٹ بولرز جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک اور نیتھن لائن کے انٹرویوز نہیں کیے گئے تھے۔
ان کے مطابق اگر یہ بات درست ہے تو پھر یہ مؤقف کیسے اختیار کیا جاسکتا ہے کہ بولرز کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کا علم نہیں تھا؟
انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تحقیقات کے آغاز ہی میں چند کھلاڑیوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا اور اب بھی حقائق کے برعکس مؤقف برقرار رکھا جارہا ہے۔
View this post on Instagram
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو اس وقت اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا اور گزشتہ آٹھ برس کے دوران بھی نئے شواہد سامنے لانے کی گنجائش موجود رہی ہے، تاہم ترجمان نے تینوں بولرز کے انٹرویوز سے متعلق براہ راست جواب نہیں دیا۔
یہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات مسترد کرتے ہوئے سینڈ پیپر کے استعمال سے لاعلمی ظاہر کی۔
وارنر نے کمنز کے بیان پر بھی ناراضی کا اظہار کیا اور خواجہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی کتاب میں بیان کردہ حقائق کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ادھر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے تحقیقات دوبارہ کھولنے کی ضرورت مسترد کردی ہے جبکہ تنازع کے باعث آسٹریلوی کرکٹ کے سابق کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل