Saturday, November 14, 2026
 

معدنیات اور پاکستان کی ترقی

 



وزیراعظم پاکستان نے اگلے روز اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے، انھوں نے کانفرنس میں شریک عالمی سرمایہ کاروں اور معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور بیرک کمپنی کا پاکستان پر اعتماد برقرار رکھنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوران پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوگئے ہیں۔ ادھر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026کے شرکاء سے خطاب کیا۔ انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فایدہ پہنچنا لازم ہے، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہے،کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ کانوں اور کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس سے وابستہ لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں ہے بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے ، ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے۔ انھوں نے زور دیا کہ ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تقریر کے آخر میں پاکستان ہمیشہ زندہ باد کا نعرہ بھی بلند کیا۔ پاکستان کے دو بڑوں کی جانب سے جو کچھ کہا گیا ہے، اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کے پاس ترقی کا پوٹینشل موجود ہے۔ یہ کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں پاکستان میں موجود منرلز اور مائنز کے حوالے سے پرمغز گفتگو ہوئی ہے اور بہت سے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے انٹرنیشنل انویسٹرز کو پاکستان کے معدنی وسائل کی تلاش اور ترقی میں سرمایہ لگانے کی دعوت دی اور انھیں سرمایہ کاری کے تحفظ اور حکومتی معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ پاک فوج کے سربراہ نے بھی یہی یقین دہانی کرائی ہے۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاشی ترقی کے حوالے سے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان یکسوئی اور ہم آہنگی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پرجوش انداز میں یہ نوید سنائی ہے کہ ، ان شا اللہ 2050 سے بھی پہلے پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔ گولڈمین سکس کی پیشگوئی ہے کہ پاکستان 2075 تک دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے، ان شااللہ 2050 سے بھی پہلے پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کا اپنی معاشی ٹیم اور انتظامی عہدیداروں پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ اس حوالے سے دن رات کام کریں گے۔ بلاشبہ اگر نیک نیتی سے کام کیا جائے تو پاکستان میں اتنا پوٹینشل ہے کہ وہ بہت جلد بڑی معیشت رکھنے والے ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت نئے اعتماد کے ساتھ ترقی اور تبدیلی کے سفر پر گامزن ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کرنا ہے، قیمتی معدنی وسائل ملکی صنعتوں کے لیے استعمال ہوں گے۔ وہ دن دور نہیں جب معدنی وسائل کو ملکی ڈان اسٹریم انڈسٹری کے لیے بروئے کار لائیں گے۔ اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبہ دنیا کے تانبے اور سونے کے بڑے غیراستعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہے، دو دہائیوں سے تعطل کا شکار ریکوڈک منصوبہ عملی تکمیل اور آپریشنل مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ریکوڈک منصوبہ اپنی تکمیل کے بعد بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کے لیے بڑا اہم ثابت ہو گا۔ پاکستان کے پاس معدنیات کے جو ذخائر ہیں، انھی کو بھانپتے ہوئے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شریک سرمایہ کاروں نے بڑے پیمانے پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعلانات کیے ہیں۔ یہ ایک انتہائی خوش آئند بات ہے۔ وزیراعظم کا یہ کہنا بھی بالکل بجا ہے کہ پاکستان صرف خام معدنیات نکال کر بیرون ملک بھیجنے کا خواہاں نہیں، معدنیات کو نکالنا، پاکستان میں پراسیس اور تیار کر کے برآمد کرنا ہے، سفر مشکل ضرور ہے لیکن ہم پرعزم ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ پاک فوج کے سربراہ اور ان کی ٹیم کا معدنیاتی ایجنڈا کو قومی معاشی وژن کا مرکزی حصہ بنانے میں اہم کردار ہے۔ انھوں نے کہا کہ مساوی اور منصفانہ شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کاروں دونوں کے لیے فایدہ مند ہے، سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کریں گے۔ سرمایہ کاروں کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے طریقہ کار کو آسان بنایا جا رہا ہے، لائسنس اور معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت یقینی بنائیں گے۔ وفاقی اورصوبائی حکومتیں معدنیات کے شعبے کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گی۔ فورم کے دوران ایک اہم اعلان فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی جانب سے کیا گیا، جس نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دشتِ کین میں تانبے کے ذخائر کا تخمینہ 35 کروڑ ٹن لگایا۔ یہ تخمینہ اب تک تجزیے کے لیے دستیاب ڈرلنگ ڈیٹا کے تقریباً نصف کی بنیاد پر لگایا گیا ہے۔ اس اعلان نے پاکستان میں معدنیات کی تلاش کے وسیع امکانات فورم میں پیش کیے گئے سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید اجاگر کیا۔ میری منرلز نے بلوچستان میں سونے اور تانبے کے اپنے پہلے ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا۔ نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) نے اعلان کیا کہ تقریباً 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کے بعد بلوچستان کے ضلع چاغی میں کم از کم آٹھ پورفیری ذخائر میں تانبے اور سونے کی معدنی موجودگی دریافت کی گئی ہے۔ این آر ایل نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعلان بھی کیا۔ وفاقی وزیر برائے توانائی علی پرویز ملک نے کہا کہ ہمیں معدنیات کی پراسیسنگ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے سرمایہ کاری چاہیے، پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہمیت کے حامل اسٹریٹجک معدنیات کی تلاش پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔ انھوں نے چاغی اور مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے، گلگت بلتستان میں لیتھیم، ٹن اور ٹنگسٹن، جبکہ خیبر پختونخوا میں اینٹی منی اور بنیادی دھاتوں کے امکانات کا ذکر کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مقامی پراسیسنگ اور ریفائننگ کے ذریعے معدنیات کی ویلیو چین میں اپنا حصہ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں تانبے کی سملٹنگ کے قیام کی جانب پیش رفت بھی شامل ہے۔ قدرت نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل سے نوازا ہے، اب پاکستان کا مستقبل واضح اور روشن نظر آرہا ہے۔ پاکستانی معیشت قرضوں، تجارتی خسارے، محدود برآمدات اور بیرونی مالی معاونت کے چیلنجوں سے دوچار ہے لیکن اب پاکستان ایک ایسے موڑ پر آ گیا ہے جہاں سے خوشحالی کا سفر تیزی سے شروع ہونے کی امید ہے۔ پاکستان کی سرزمین معدنی دولت سے مالا مال ہے۔ اگر معدنی وسائل کو ذہانت، دوراندیشی، حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر استعمال کیا جائے تو پاکستان ترقی کی منزل تک بہت تیزرفتار سے پہنچ سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان نے گزشتہ ستر برس میں جو ترقی کی ہے، اگر پاکستان کے معدنی وسائل کو درست سمت میں اور پروفیشنل ازم کے جذبے کے ساتھ استعمال میں لایا جائے، تو پاکستان ستر برس کا سفر اگلے دس برسوں میں کر سکتا ہے۔ چند برسوں میں پاکستان کی معاشی تقدیر بدل سکتی ہے۔ بلوچستان کا صوبہ سونے، تانبے، لوہے، کرومائٹ، کوئلے اور دیگر قیمتی معدنیات کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان کی معدنی دولت صرف بلوچستان تک محدود نہیں۔ پاکستان کے دوسرے صوبے اور علاقے بھی قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔ سندھ میں تھر کے کوئلے کے ذخائر پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پنجاب میں نمک، لوہے، جپسم، چونا پتھر، گرینائٹ اور دیگر معدنی وسائل موجود ہیں۔ چنیوٹ میں لوہے کے بڑے ذخائر کی نشاندہی بھی ہو چکی ہے۔ خیبرپختونخوا میں کرومائٹ، ماربل، قیمتی پتھر اور دیگر معدنیات کی قابل ذکر صلاحیت موجود ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں یاقوت، ٹوپاز، ٹورمالین اور دیگر قیمتی پتھر پائے جاتے ہیں۔ یہی وہ عالمی معاشی تبدیلی ہے جو پاکستان کے لیے ایک غیرمعمولی موقع پیدا کر سکتی ہے۔ پاکستان کے پالیسی سازوں کو مستقبل کو سامنے رکھ کر ترقی کا ماڈل تیار کرنا چاہیے۔ یہ ایسا ماڈل ہونا چاہیے جس کا مقصد محض پہاڑوں، دریاؤں یا زمین سے معدنیات نکال کر انھیں خام مال کی صورت میں برآمد کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ پاکستان کو فنش گڈز کی برآمدگی کی طرف توجہ دینی ہو گی۔ اس کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق صنعتی نظام قائم کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل