Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی ٹیک کمپنیوں کے سربراہان کے ساتھ گاڑھی چھنتی دنیا نے دیکھی۔ ان میں ایک صاحب جینسن ہوآنگ نمایاں ترین تھے، دنیا انھیں مصنوعی ذہانت (AI) کے انقلاب کا معمارِ اعظم مانتی ہے۔ تینتیس برسوں کی شبانہ روز محنت سے انھوں نے گرافکس چپس بنانے والی ایک معمولی کمپنی کو کرۂ ارض کے سب سے بااثر کارپوریٹ ادارے میں ڈھال دیا۔
مگر پھر محض ایک ہفتے کے اندر اندر یہ پورا طلسم ٹوٹ کر بکھر گیا۔ امریکی اخبار ’’نیویارک ٹائمز‘‘ نے تہلکہ خیز انکشاف کیا کہ جینسن ہوآنگ کے سنگاپور کی ایک کلاؤڈ کمپنی کی سابق ایگزیکٹو ایلس ہوآنگ کے ساتھ خفیہ تعلقات رہے ہیں جن کے بارے میں امریکی انٹیلی جنس اداروں کو شبہ ہے کہ وہ چین کے خفیہ اداروں کے لیے کام کر رہی تھیں۔
ابھی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے مقرر کردہ آزاد تحقیقاتی کمیٹی اس قومی سلامتی کے خطرے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش ہی کر رہی تھی کہ ایک اور دھماکہ ہو گیا؛ اسی کمپنی کی ایک نائب صدر کمبرلی پاؤل کے ساتھ ان کے خفیہ تعلقات کی خبر بھی سامنے آ گئی، جو براہِ راست ان کے ماتحت کام کرتی تھی۔
دوہری اخلاقی وانتظامی خلاف ورزی کے اس بوجھ تلے دبتے ہوئے 12 نومبر 2026ء کو جینسن ہوآنگ کو اپنی ہی بنائی ہوئی کمپنی کی صدارت، چیف ایگزیکٹو کے عہدے اور بورڈ کی رکنیت سے فوری مستعفی ہونا پڑا۔
اس سکینڈل کے منظرعام پر آتے ہی وال ااسٹریٹ میں زلزلہ آ گیا اور کمپنی کے حصص شدید اتار چڑھاؤ کا شکار ہو گئے۔ سکینڈل کے آغاز سے استعفے کے دن تک کمپنی کے حصص میں مجموعی طور پر ستائیس فیصد سے زائد کی گراوٹ دیکھی گئی، مارکیٹ ویلیو میں مجموعی طور پر 700 سے 888 ارب ڈالر تک کا ناقابلِ یقین نقصان ریکارڈ کیا گیا جو کئی ممالک کی مجموعی معیشت سے بھی بڑا حجم ہے۔
اگرچہ استعفے اور عبوری قیادت کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد کسی حد تک بحال ہوا اور حصص کی قیمت بھی کچھ سنبھل گئی تاہم چند دنوں کی اس اتھل پتھل نے ثابت کر دیا کہ ایک لغزش کی پکڑ کس قدر مہنگی ہو سکتی ہے۔
جینسن ہوآنگ کا یہ عبرت ناک زوال جدید طاقت اور دولت کے ملاپ کا ایک مظہر ہے۔ بے پناہ دولت اور غیرمعمولی شہرت اپنے دامن میں بارودی سرنگیں چھپائے رکھتی ہیں۔ ذرا سی لغزش، ایک خفیہ کمزوری اور وہی میڈیا، سرمایہ کار اور عوام جو کل تک جس شخصیت کو دیوتا بنا کر پوجتے تھے، اگلے ہی لمحے اس کی عظمت کے مینار کو زمین بوس کرنے پر تل جاتے ہیں۔
بظاہر یہ عمل کٹھور اور بے رحم محسوس ہوتا ہے مگر حقیقت میں یہی زندہ اور مہذب معاشروں کی اصل طاقت ہے کہ اقتدار اور کارپوریٹ دنیا کی چوٹی پر بیٹھا کوئی بھی فرد احتساب کی پکڑ سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔
سلیکون ویلی نے برسوں سے اپنے انٹرپرینیورز کے بارے میں ’’غیرمعمولی اور ناقابلِ خطا‘‘ ہونے کا بت بنا رکھا ہے، ایک ایسا ذہین و فطین شخص جو عام اخلاقی وانتظامی ضابطوں سے ماورا ہوتا ہے لیکن ٹیکنالوجی کی دنیا ان سربراہان کی کہانیوں سے بھی بھری پڑی ہے جنھیں کسی حریف کمپنی نے نہیں بلکہ ان کی اپنی ذاتی کمزوریوں نے شکست دی۔
بل گیٹس کی مثال سامنے ہے، جنھیں دہائیوں تک ٹیکنالوجی کا مسیحا اور عالمی فلاح وبہبود کا علمبردار سمجھا گیا مگر جب مائیکروسافٹ کی ایک ملازمہ کے ساتھ ان کے نامناسب تعلقات اور بدنامِ زمانہ جیفری ایپسٹین کے ساتھ ان کے روابط کی تفصیلات سامنے آئیں، تو بورڈ کی تحقیقات کے بعد انھیں کمپنی سے الگ ہونا پڑا اور برسوں کی کمائی ہوئی نیک نامی چند ہفتوں میں خاک میں مل گئی۔
درجنوں ایسی مثالیں ہیں کہ ذاتی زندگی اور کارپوریٹ ذمے داریوں کی حدود پار کرنے کی لغزش پر ان کی بے رحم پکڑ ہوئی۔ذاتی لغزشیں جب قومی سلامتی، عالمی مالیاتی اداروں یا ریاستی منصب داروں سے سرزد ہوتی ہیں تو تباہی کی وسعت، سرعت اور پکڑ دیدنی ہوتی ہے۔
2011ء میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سربراہ اور فرانس کی صدارت کے مضبوط ترین امیدوار ڈومینک اسٹراس کان کا سیاسی و پیشہ ورانہ کیریئر نیویارک میں جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد محض چند دنوں میں قصہ پارینہ بن گیا۔
سیاست کے ایوانوں میں امریکی صدر بل کلنٹن کا واقعہ آج بھی ایک عبرت ناک مثال ہے کہ کس طرح ایک خفیہ ذاتی تعلق جھوٹ، مواخذے کی کارروائی اور آئینی بحران میں ڈھل کر ایک کامیاب دورِ حکومت پر مستقل داغ بن گیا۔
برطانیہ میں بھی حالیہ برسوں میں صفِ اول کے براڈکاسٹرز اور میڈیا شخصیات کی کم عمر بچیوں کے استحصال اور عالمی سطح پر ’’ایپسٹین فائلز‘‘ کے ہوشربا انکشافات سے بار بار یہ حقیقت منکشف ہوئی کہ بے تحاشا دولت اور بااثر حلقے لغزشوں سے ماورا نہیں بلکہ عام انسانوں کی طرح آسانی سے شکار ہو جاتے ہیں مگر جب قانون اور سول سوسائٹی کے شکنجے کی پکڑ حرکت میں آتی ہے تو کوئی اثر ورسوخ کام نہیں آتا۔
ان تمام واقعات کا ایک روشن پہلو یہ ہے کہ مغربی جمہوریتوں اور کارپوریٹ اداروں میں آزاد صحافت، خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز، عدالتیں اور بیدار سول سوسائٹی اتنی طاقتور ہیں کہ وہ ملک کے امیر ترین یا مقبول ترین شخص کے خلاف پکے ثبوتوں کی صورت میں انھیں دنوں میں عرش سے فرش پر لا پٹختی ہیں۔ ترقی یافتہ نظام کی اصل مضبوطی یہی ہے کہ وہاں ادارہ فرد سے بڑا ہوتا ہے اور منصب جتنا بلند ہو، احتساب کی پکڑ اتنی ہی سخت ہوتی ہے۔
پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے ان عالمی واقعات میں گہرا سبق پنہاں ہے۔ ہمارے ہاں بدقسمتی سے کارپوریٹ دنیا ہو یا اقتدارکے ایوان، عہدے کی بلندی کو احتساب سے استثنیٰ کا پروانہ سمجھنا معمول ہے۔ مفادات کے ٹکراؤ، اختیارات کے ناجائز استعمال اور اخلاقی ضابطوں کی پامالی کو اکثر ’’ذاتی معاملہ‘‘ یا طاقتور کا حق قرار دے کر نظرانداز کر دیا جاتا ہے یا پردہ پوشی کر دی جاتی ہے، جس کا خمیازہ زوال اور عدم اعتماد کی صورت میں بھگتتے ہیں۔
جب تک ہم اپنے سیاسی، سرکاری اور کارپوریٹ کلچر میں یہ اصول راسخ نہیں کرتے کہ بڑے منصب کے ساتھ کڑی اخلاقی ذمے داری لازم و ملزوم ہے، تب تک نہ ہمار ی سیاست اور ادارے مضبوط ہو سکتے ہیں اور نہ ہی عوامی اعتماد بحال ہو سکتا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل