Saturday, November 14, 2026
 

عراق میں تیل اسمگلنگ کا بڑا اسکینڈل، وزیراعظم نے 9 سرکاری افسران کو برطرف کردیا

 



عراق کے وزیراعظم علی الزیدی نے تیل کی اسمگلنگ کے الزامات پر تحقیقات کے بعد نو سرکاری افسران کو عہدوں سے برطرف کردیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق تیل کی اسمگلنگ سے متعلق یہ تحقیقات عراق کے علاقے جرف الصخر میں کی گئیں جسے مسلح تنظیم کتائب حزب اللہ کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ عراقی وزیراعظم کے فوجی ترجمان صباح النعمان نے ہفتے کے روز بتایا کہ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد وزیراعظم نے تیل کی اسمگلنگ کی کارروائیوں میں ملوث تمام مشتبہ افراد کو عدلیہ کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے سکیورٹی اور تیل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر نو سرکاری اہلکاروں کو بھی ان کے عہدوں سے برطرف کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تاہم حکومتی ترجمان نے برطرف کیے جانے والے افسران کے نام اور ان کے خلاف عائد الزامات کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں۔ اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ مبینہ اسمگلنگ میں تیل کی کتنی مقدار اور کتنی مالیت شامل تھی۔ یاد رہے کہ جرف الصخر عراق کا ایک اہم تزویراتی علاقہ ہے جہاں ایران کی حمایت یافتہ مسلح تنظیم کتائب حزب اللہ کا اثر و رسوخ موجود ہے۔ اس علاقے میں تیل کی مبینہ غیر قانونی نقل و حرکت کے معاملے نے حکومتی اداروں کی نگرانی اور سکیورٹی انتظامات پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ عراقی حکومت کو تیل کی آمدنی کے تحفظ، بدعنوانی کے خاتمے اور قدرتی وسائل کی غیر قانونی تجارت روکنے جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات میں سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تاحال ایران کی حمایت یافتہ سمجھی جانے والی مسلح تنظیم کتائب حزب اللہ کی جانب سے ان الزامات یا سرکاری اہلکاروں کی برطرفی پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل