Sunday, November 15, 2026
 

امریکا نے یورپ کے دفاعی نظام میں روس کو شامل کرنے کا عندیہ دے دیا

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یوکرین جنگ کے بعد یورپ کے لیے نئے دفاعی اور سلامتی ڈھانچے میں روس کو بھی شامل کرنے کی تجویز پیش کردی جس پر کئی یورپی ممالک نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ فرانسیسی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی میں امریکا، روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یورپ کے مستقبل کے دفاعی نظام پر بھی بات چیت ہوئی۔ روسی مذاکراتی وفد نے امریکی تجویز کو ماسکو کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا، جبکہ روسی وزارت خارجہ نے بھی یورپی ممالک کو نئے دفاعی معاہدوں کی پیشکش کی ہے۔ تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی اتفاق رائے سامنے نہیں آیا۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے امریکی تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کا اپنا سلامتی نظام پہلے سے موجود ہے اصل مسئلہ روس کا بین الاقوامی معاہدوں کی پابندی نہ کرنا ہے۔ جرمنی نے بھی ماسکو پر زور دیا ہے کہ وہ ماضی میں کیے گئے معاہدوں اور اپنی عالمی ذمہ داریوں کا احترام کرے۔ دوسری جانب 13 نومبر کو ڈبلن میں تقریباً 40 یورپی ممالک کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ یورپ کی سلامتی اور مستقبل سے متعلق فیصلے یورپی ممالک کو اعتماد میں لیے بغیر نہیں کیے جاسکتے۔ یورپی ممالک کا مؤقف ہے کہ وہ روس کے ساتھ مذاکرات کے مخالف نہیں، تاہم کسی بھی نئے دفاعی انتظام میں یورپ کے تحفظات، یوکرین کی خودمختاری اور نیٹو کے اجتماعی دفاعی نظام کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ادھر یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ماسکو وسیع تر سلامتی مذاکرات کو استعمال کرتے ہوئے یوکرین کے مستقبل سے جڑے بنیادی معاملات کو پس منظر میں دھکیل سکتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل