Sunday, November 15, 2026
 

صائب تجویز

 



پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک مرتبہ پھر یہ مشورہ دیا ہے کہ اپوزیشن سے جھگڑے کرنے کی بجائے افہام و تفہیم سے کام لیتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دی جائے ۔ بلاول بھٹو نے بجا طور پر کہا کہ عوام ایک دوسرے سے لڑنے کی باتیں سننا نہیں چاہتے، لہٰذا مناسب ہوگا کہ حکومت تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لے کیوں کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن مل کر کام نہیں کریں گے عوام کو ریلیف ملنا ممکن نہیں۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کو گھروں کی فراہمی کے ایک بڑے منصوبے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری تواتر کے ساتھ حکومت کو مشورے دے رہے ہیں کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں کہ جب وطن کو معاشی، سیاسی اور عوامی مسائل اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے تو تقاضا یہ ہے کہ بگڑتے ہوئے سیاسی، معاشی اور عوامی مسائل کا ادراک کیا جائے ان کے حل کی راہیں تلاش کی جاسکیں اور آپس میں مل بیٹھ کر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خاطر لوگوں کی پریشانیوں کے ازالے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے۔ معیشت کے استحکام اور قرضوں سے نجات کی سبیل کی جائے اور امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس، جامع اور دیرپا حکمت عملی مرتب کی جائے۔ بلاول بھٹو نے ایک ہفتہ قبل بھی لاڑکانہ میں 600 بستروں کے اسپتال کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بڑی دیانت داری سے عوام کو درپیش مسائل کی عکاسی کرتے ہوئے صاف الفاظ میں حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے عوام کے لیے معاشی طور پر جینا مشکل ہوگیا ہے، لہٰذا آپس کے اختلافات بھلاکر عوام کی تکالیف اور مسائل کے حل پر توجہ دی جائے۔ انھوں نے حکومت، اپوزیشن اختلافات وکشیدگی کے پس منظر میں بجا طور پر کہا تھا کہ اگر ہم آپس میں لڑتے رہے تو بس لڑتے ہی رہیں گے۔ ہم پی ٹی آئی سے لڑیں گے، مولانا فضل الرحمٰن سے لڑیں گے، دہشت گردوں سے لڑیں گے۔ بھارت اور افغانستان سے بھی لڑیں گے تو پھر ہم اس کام میں مصروف رہ جائیں گے اور پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔  اس امر میں کوئی کلام نہیں کہ وطن عزیز آج اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ معیشت سے لے کر سیاست تک، عدالت سے لے کر قیادت تک، عوام سے لے کر حکمرانوں تک ہر جگہ ایک بے چینی، بے یقینی اور فکرمندی کی کیفیت غالب نظر آتی ہے، اس پر مستزاد دہشت گردی کے عفریت نے پورے ملک بالخصوص کے پی کے اور بلوچستان کے امن کو تہہ بالا کر رکھا ہے۔ پڑوسی ممالک بھارت اور افغانستان کی سرحد پار دہشت گردی کے سلسلے دراز ہوتے جارہے ہیں۔ سب ہی دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ متعدد فوجی آپریشنز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے جا چکے ہیں اور مسلسل جاری ہیں۔ قومی معیشت مسلسل قرضوں کے بوجھ تلے دبتی اور آئی ایم ایف کی زنجیروں میں جکڑتی جارہی ہے۔ بجائے ہم معاشی استحکام کے عدم استحکام سے دوچار ہوتے جارہے ہیں نتیجتاً ملک میں مہنگائی اورغربت میں اضافہ ہورہا ہے۔ بے روزگاری کا گراف اوپر جارہا ہے۔ لوگوں میں مایوسی اور بددلی پھیل رہی ہے۔ عام آدمی کا گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہوچکا ہے اس کی قوت خرید ختم ہوتی جا رہی ہے۔ بجلی، گیس کے بلز، مکان کا کرایہ ، بچوں کی فیس، علاج معالجہ کے اخراجات اس کی دسترس سے باہر ہوچکے ہیں۔ پیٹرول کی روز افزوں قیمتوں کے باعث مہنگائی کے عذاب نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بلاول بھٹو نے درست کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دے لیکن حکومت عوامی مسائل کے حل سے زیادہ اپنی سیاسی بقاء کے لیے جدوجہد کرتی نظر آرہی ہے۔ اس پس منظر میں بلاول بھٹو نے ایک جانب مشورہ اور عمدہ تجویز دی ہے کہ حکومت مخالفین سے لڑائی لڑائی کا کھیل اب ختم کردے اور اختلافات بھلا کر اپنے اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر عوام کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ مرکوز کرے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل