Loading
لاڑکانہ میں قومی عوامی تحریک کی جانب سے محبت سندھ ریلی نکالی گئی جس کے دوران کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف دھرنا دے دیا گیا۔
ریلی اتاترک ٹاور باقرانی سے جناح باغ چوک تک نکالی گئی، جس کی قیادت قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے کی۔ ریلی میں سیکڑوں کارکنوں، خواتین اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
قومی عوامی تحریک کے مطابق ریلی کے دوران پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا، جن میں سات وکلا بھی شامل ہیں۔ گرفتاریوں کے خلاف کارکنوں نے اتاترک ٹاور پر دھرنا دے دیا۔
اس موقع پر ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ کارکن پُرامن تھے، اس کے باوجود انہیں گرفتار کیا گیا، تمام گرفتار ساتھیوں کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کو کربلا نہ بنایا جائے، سندھ کے عوام سب کچھ سمجھتے ہیں۔
ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ وہ سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، سندھ کوئی دکان یا پلاٹ نہیں بلکہ عوام کے ساتھ روح کا رشتہ رکھتی ہے۔ سندھ کو تقسیم کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ کروڑ سندھی متحد ہوگئے تو مخالفین ہمارا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کی تشکیل میں سندھیوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ حکمران عوام کو آپس میں لڑانے کے بجائے قومی اتحاد کو فروغ دیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل