Sunday, November 15, 2026
 

ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست اور عالمِ اسلام کا میڈیا

 



ڈونلڈ ٹرمپ نے پھر بڑھک ماری ہے :’’ مَیں جب چاہوں، ایران کو شکست دے سکتا ہُوں۔‘‘ حقیقت یہ ہے کہ حالیہ انتخابی شکست نے ٹرمپ کو سیاسی طور پر توڑ کر رکھ دیا ہے ۔ اب کھسیانے ہو کر وہ محض کھمبا نوچ رہے ہیں۔ مڈ ٹرم انتخابات میں امریکی صدر، ڈونلڈ ٹرمپ، اور اُن کی پارٹی ( ری پبلکن) کی عبرتناک شکست کو آج دوسرا ہفتہ گزررہا ہے ، مگر اِس کی بازگشت ہنوز امریکی اور عالمی فضاؤں میں گونج رہی ہے۔ مڈٹرم انتخابات سے قبل اگرچہ سیاسی و عوامی سرویز بتا رہے تھے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا جیتنا ممکن نظر نہیں آ رہا۔ اُن کی ممکنہ شکست کے بارے جو بھی پیش گوئیاں کی جارہی تھیں،ان کی موجودگی میں ٹرمپ بارے میر تقی میر کے معروف شعر کا یہ مصرعہ پوری طرح منطبق ہوتا تھا :جانے نہ جانے گُل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے! اُن کی شکست نوشتہ دیوار بن چکی تھی، مگر اِس کے باوجود اِس شکست پر ٹرمپ بھی حیرت زدہ ہیں اور اُن کی پارٹی بھی۔ اپنے اصل موضوع کی جانب تو ہم بعد میں آئیں گے ، مگر یہاں یہ بتانا بھی از حد ضروری ہے کہ ٹرمپ کی مذکورہ شکست پر بھارت بھی بے حد خوش ہے۔ اِس کی کئی وجوہ ہیں۔ مثال کے طور پر:(۱) گذشتہ برس چار روزہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی جری افواج نے جس طرح بھارتی سورماؤں (خصوصاً بھارتی ائر فورس) کو یادگار اور عبرتناک شکست دی اور اِس تاریخی شکست پر ٹرمپ کے تبصرے ۔ مثلاً اُن کا کئی بار یہ کہنا کہ اس جنگ میں(پاکستان نے) بھارت کے 11جنگی جہاز مار گرائے (۲) ڈونلڈ ٹرمپ نے بر سرِ اقتدار آتے ہی دُنیا کے کئی ممالک پر بے جا اور بھاری ٹیرف نافذ کر دیئے ۔ اِن ٹیرفس نے بھارت کو بھی رگڑ دیا۔ یوں بھارتی صنعتیں اور بھارتی ایکسپورٹس بُری طرح متاثر ہُوئیں ۔ ایسے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی مڈٹرم انتخابات میں شکست بھارتی کانوں میں رَس گھول گئی ۔ بھارت کے ساتھ تین ممالک اور بھی ٹرمپ صاحب کی وسط مدتی انتخابی شکست پر دِلی طورپر خوش ہیں:(۱) لبنان، جہاں ’’حزب اللہ‘‘ کی سینئر قیادت صہیونی اسرائیل نے امریکیوں کی شہ پر قتل کر دی (۲) اہلِ غزہ ، جہاں صہیونی اسرائیلی افواج نے 80ہزار سے زائد بیگناہوں کو تہ تیغ کر ڈالا ، مگر صہیونی اسرائیل کا سرپرست امریکی صدر منہ میں گھنگنیاں ڈالے رہا (۳) ایران ، جس پر امریکہ اور صہیونی اسرائیل نے مشترکہ طور پر جنگ مسلّط کر دی ۔ سینئر ترین ایرانی قیادت شہید کر ڈالی گئی ۔ امریکہ اور اسرائیل نے اِن شہادتوں کو اپنا ’’جنگی کارنامہ ‘‘ اور ’’جنگی فتح‘‘ قرار دیا ۔ ایسے پیش منظر میں جب ٹرمپ کی انتخابی شکست کی خبریں ایران پہنچیں تو ایرانی عوام، ایرانی حکومت اور ایرانی اسٹیبلشمنٹ کا جشن منانا اور مسرت کے شادیانے بجانا غیر فطری نہیں تھا ۔ اِس مسرت کی کئی مثالیں ہم ایرانی میڈیا میں صاف ملاحظہ کر سکتے ہیں ۔ 15نومبر 2026ء کی ایک خبر کے مطابق : ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابی شکست کے بعد ایک اور شکست یوں کھائی ہے کہ اب امریکہ میں اُن کی سیاسی قبولیت صرف32فیصد رہ گئی ہے ۔ وسط مدتی انتخابات کے نتائج سامنے آنے پر، ٹرمپ بارے، باقی اسلامی دُنیا کے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا نے کس طرح کا ردِ عمل دیا، یہ بھی اب صاف ہو کر آن دی ریکارڈ آ چکا ہے ۔کسی بھی ملک کے میڈیا میں جو کچھ بھی شائع اور نشر ہوتا ہے ، اسے اُس ملک کی اجتماعی تصویر کا عکس کہا جا سکتا ہے ۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق: ایرانی قیادت ایک طرف مڈ ٹرم انتخابی نتائج کو ٹرمپ کی پالیسیوں کا ردِعمل قرار دے رہی ہے، دوسری طرف واشنگٹن کی بنیادی ایران پالیسی میں تبدیلی کے امکانات کے بارے میں شکوک و شبہات بھی ظاہر کر رہی ہے۔ ایرانی میڈیا کے تبصروں میں ایک طنزیہ نکتہ یہ بھی سامنے آیا کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو ایران میں ’’رجیم چینج‘‘ کرنے کے خواہاں تھے، لیکن ایران کے خلاف جنگ نے خود امریکا و اسرائیل میں سیاسی تبدیلیوں کی راہ ہموار کر دی۔ایرانی اخبار’’ جامِِ جم‘‘ نے ٹرمپ ازم کے زوال کا تاثر دیا، جبکہ روزنامہ’’ ہمشہری‘‘ نے امریکی انتخابات کو ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے پس منظر میں نمایاں کیا۔تاہم مڈٹرم انتخابی نتائج بارے ایرانی تجزیہ کاروں اور حکومتی حلقوں کے درمیان تفاوت بھی پایا جاتا ہے۔ قطر کے نشریاتی ادارے’’ الجزیرہ‘‘ نے اپنے تجزیوں میں اس بات کو نمایاں کیا کہ ڈیموکریٹس کی کامیابی ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا ہے، کیونکہ ایران جنگ امریکی عوام میں غیر مقبول ہو چکی ہے۔ قطری میڈیاکے مطابق:’’مڈ ٹرم انتخابات کے بعد امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کو برتری حاصل ہونے سے ایران جنگ کے لیے مالی وسائل کی فراہمی، انتظامیہ کے فیصلوں کی نگرانی اور فوجی کارروائیوں پر سیاسی دباؤ بڑھ سکتا ہے‘‘۔اِس میڈیانے غزہ اور فلسطین کے مسئلے کو بھی ٹرمپ کی نئی سیاسی صورتِ حال سے جوڑا ہے۔ یہ کہنا مبالغہ نہیں ہوگا کہ غزہ کے سنگین (خونریز) مسئلے نے ٹرمپ کی شکست میں اساسی کردار ادا کیا ہے۔ سعودی عرب کے معروف انگریزی اخبار’’ عرب نیوز‘‘ نے ٹرمپ کی شکست پر اپنے تجزیے میں اس بات پر توجہ دی کہ ٹرمپ کی شکست کے بعد ایران کے ساتھ جنگ کے مستقبل کا سوال مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔ اخبار کے مطابق: ٹرمپ کے سامنے اب دو راستے ہیں: (۱) وہ ایران کے ساتھ مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں(۲) اپنی سیاسی ساکھ بحال کرنے کے لیے فوجی دباؤ میں اضافہ کریں۔مذکورہ سعودی اخبار میں شائع ہونے والے ایک اہم تجزیے میں یہ نکتہ بھی سامنے آیا کہ امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کو ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے کی ضمانت نہیں سمجھنا چاہیے۔ ٹرمپ سیاسی طور پر کمزور ضرور ہوئے ہیں لیکن امریکی صدر کی حیثیت سے ان کے فوجی اختیارات ختم نہیں ہوئے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر خلیجی ریاستیں نہیں چاہتیں کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ دوبارہ شدت اختیار کرے۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے بھی3نومبر2026ء کو منعقد ہونے والے امریکی مڈ ٹرم انتخابات کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ بالخصوص ایران جنگ، امریکا پاکستان تعلقات اور خطے میں طاقت کے توازن پر اس کے ممکنہ اثرات زیرِ بحث آئے ہیں۔پاکستان کے ممتاز انگریزی روزنامہ ’’دی ایکسپریس ٹربیون‘‘ کے ایک لکھاری نے لکھا:’’ امریکی مڈ ٹرم انتخابات نے تاریخی طور پر اُس پارٹی کو بُری طرح شکست دی ہے جو اقتدار کے سنگھاسن پر بیٹھی تھی ۔ ٹرمپ کی یہ شکست اُس وقت دُگنی ہو گئی ہے جب امریکی عوام کی جانب سے صدر صاحب کی Approval Ratingsتاریخی طور پر زمین سے جا لگی تھی ۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست کو غیر ملکی عینک سے دیکھنا غلطی ہوگا ۔ اِس شکست میں درحقیقت امریکی عوام کو اپنے گھر میں جو مصائب اور مسائل در پیش ہو گئے تھے، ٹرمپ کی مخالف پارٹی کو ووٹ دے کر اِس غصے کا اظہار کیا گیا ہے ۔ امریکی عوام کو گروسری و ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور صحت کی تیزی سے کم ہوتی سہولیات بارے جو شدید تر تحفظات تھے ، مڈ ٹرم انتخابات میں اِس کا اظہار کیا گیا ہے ۔‘‘ ملائیشیا کے اخبار ’’دی اسٹار‘‘ اور بنگلہ دیش کے روزنامہ ’’ڈیلی ڈھاکہ‘‘ نے ماہرین کے حوالے سے لکھا کہ ڈیموکریٹس کی کامیابی کے باوجود ٹرمپ کی اقتصادی پالیسیوں میں فوری تبدیلی کا امکان محدود ہے۔ اگرچہ کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ٹرمپ کے لیے نئی قانون سازی مشکل بنا سکتی ہے۔ملائیشین میڈیا میں یہ نکتہ بھی زیرِ بحث آیا کہ امریکا میں سیاسی تبدیلی کے باوجود عالمی معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے غیر یقینی صورتِ حال برقرار رہ سکتی ہے۔ اسی طرح عرب اور مسلم دنیا کے دیگر تجزیاتی حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ ٹرمپ کی شکست کے بعد امریکا کی اسرائیل پالیسی میں کس حد تک تبدیلی آ سکتی ہے۔ امریکی سیاست میں اسرائیل کی حمایت دونوں بڑی جماعتوں میں گہری جڑیں رکھتی ہے، اگرچہ اس حمایت کے انداز اور حدود پر اختلافات بڑھ رہے ہیں۔حیرانی کی بات ہے کہ ممتاز مصری اخبارات نے ٹرمپ کی وسط مدتی انتخابی شکست کو خاص کوریج نہیں دی اور اِسے معمول کے انتخابی نتائج کے طور پر دیکھا ہے ۔ مصری اخبارات نے مصری نژاد امریکی ، ڈاکٹر عبدالرحمن السید (جنھوں نے امریکی تاریخ میں پہلی بار بطورِ مسلمان سینیٹر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے )کی شاندار جیت پر بھی خوشی کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ اِس کی وجہ شائد یہ ہو کہ السید صاحب نے اپنی انتخابی مہم میں مصری صدر کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی تھی ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل