Loading
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس ڈی سیل کرنے کے اسٹے کے خلاف سی ڈی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس ایاز شوکت نے بری امام ہاؤس کو ڈی سیل کرنے کا حکم امتناع ختم کرنے کے لئے سی ڈی اے کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار نے کیس میں مختصر التواء کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ عدالت نے کہا کہ آپ نے کوئی دستاویز ساتھ نہیں لگائی کیسے وقت دے دوں، آپ کے پاس دستاویزات ہیں تو ان کی نقل ہی دکھا دیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ پراپرٹی میری ملکیت نہیں بلکہ میں صرف دربار کا کئیر ٹیکر ہوں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا گدی نشین کا کوئی ڈاکومنٹ ہے؟ جس وکیل نے کہا کہ گدی نشین کا کوئی ڈاکومنٹ نہیں ہوتا۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہمارے پاس دستاویزات نہیں بلکہ سی ڈی اے کے پاس ہیں اسی لیے ان کو پارٹی بنایا ہے، ہمارا نکتہ یہ ہے کہ ہم دربار کا حصہ ہیں اور یہ جگہ دربار کی ہے۔
جسٹس ایاز شوکت نے کہا کہ میری دستاویزات میرے پاس موجود ہوں گی یا سی ڈی اے کے پاس ؟ کیسی بات کر رہے ہیں۔
سی ڈی اے کے وکیل کاشف علی ملک نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں سارا ریکارڈ لگایا ہے، انہوں نے سی ڈی اے لینڈ پر تجاوز کیا ہے، ان کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کیا جائے۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کو قبضہ کی جگہ پر قرار دیتے ہوئے عدالت سے عمارت کو ڈی سیل کرنے کے حکم امتناع کو ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل