Monday, November 16, 2026
 

بھارت مسلم کش فسادات؛ حاملہ خاتون بلقیس بانو کیساتھ اجتماعی زیادتی کے مجرم رہا

 



بھارتی سپریم کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی زیادتی اور قتل کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے دو مجرموں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنّا بی ورالے پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ حکم 28 اکتوبر کو جاری کیا جس کی تفصیلات 16 نومبر کو منظر عام پر آئیں۔ ضمانت حاصل کرنے والے مجرموں کی شناخت بِپن چند کنہیا لال جوشی اور پردیپ رام لال مودھیا کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں نے بمبئی ہائی کورٹ کے 4 مئی 2017 کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں 17 سال سے زیادہ عرصے سے جیل میں ہیں جبکہ ایک ملزم کا نام ابتدائی مقدمے میں شامل نہیں تھا اور اسے واقعے کے تقریباً تین سال بعد مقدمے میں نامزد کیا گیا۔ سرکاری وکیل نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نچلی عدالتوں نے جرم کی سنگینی اور دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد سزائیں سنائی تھیں۔ سپریم کورٹ نے دونوں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے ضمانت کی شرائط طے کرنے کا اختیار متعلقہ ٹرائل کورٹ کو دے دیا۔ بلقیس بانو کیس کا پس منظر یہ مقدمہ 2002 میں بھارتی ریاست گجرات میں ہونے والے مسلم کش فسادات سے تعلق رکھتا ہے۔ اس وقت 21 سالہ بلقیس بانو پانچ ماہ کی حاملہ تھیں۔ وہ فسادات سے بچنے کے لیے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نقل مکانی کر رہی تھیں کہ 3 مارچ 2002 کو ہجوم نے ان کے خاندان پر حملہ کردیا۔ اس دوران بلقیس بانو کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ان کی تین سالہ بیٹی سمیت خاندان کے سات افراد قتل کردیے گئے۔ ممبئی کی خصوصی عدالت نے 2008 میں اس مقدمے میں 11 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جسے بمبئی ہائی کورٹ نے 2017 میں برقرار رکھا۔ اگست 2022 میں گجرات حکومت نے ان 11 مجرموں کو معافی دے کر قبل از وقت رہا کردیا تھا تاہم 8 جنوری 2024 کو سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ چونکہ مقدمے کی سماعت ممبئی میں ہوئی تھی اس لیے مجرموں کی سزا میں رعایت دینے کا اختیار گجرات حکومت کے پاس نہیں بلکہ مہاراشٹر حکومت کے پاس تھا۔ اس فیصلے کے بعد تمام 11 مجرموں کو دوبارہ جیل واپس جانے کا حکم دیا گیا تھا۔ تازہ عدالتی حکم صرف دو مجرموں سے متعلق ہے جبکہ باقی نو مجرموں کی سزا کی صورتحال پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا۔ دونوں کی اپیلوں پر حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل