Monday, November 16, 2026
 

ماسکو میں یوکرینی وزیراعظم کے مشیر کار بم دھماکے میں شدید زخمی؛ روسی خاتون گرفتار

 



روس کے دارالحکومت ماسکو میں سابق یوکرینی وزیراعظم کے مشیر کی گاڑی میں دھماکے کے واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں 21 سالہ روسی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق 13 نومبر کو ماسکو میں گاڑی میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں یوکرین کے سابق وزیراعظم میکولا آزاروف کے مشیر سرگئی زاووروتنی شدید زخمی ہوگئے تھے۔ سابق یوکرینی وزیراعظم کے مشیر 72 سالہ زاووروتنی کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ روسی وفاقی سکیورٹی سروس کے مطابق گرفتار خاتون 2005 میں پیدا ہوئی اور اسے پیر کے روز حراست میں لیا گیا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ خاتون کو رواں برس جولائی سے ایک ایسے شخص نے اپنے جال میں پھنسایا جو خود کو روسی مرکزی بینک کا اہلکار ظاہر کرتا تھا۔ اسے بڑی رقم محفوظ کھاتوں میں منتقل کرنے پر مجبور کیا گیا اور بعدازاں اسی ذریعے سے اس پر دباؤ ڈال کر حملے کے لیے استعمال کیا گیا۔ روسی حکام کا دعویٰ ہے کہ خاتون کو گزشتہ جولائی سے ایک جعلی کال سینٹر کے ذریعے ذہنی طور پر قابو کیا جا رہا تھا۔ ایف ایس بی نے الزام عائد کیا کہ یہ کارروائی یوکرین کے خفیہ اداروں کی ہدایت پر کی گئی، تاہم یوکرین کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یاد رہے کہ میکولا آزاروف 2010 سے 2014 تک یوکرین کے وزیراعظم رہے تھے اور میدان انقلاب کے دوران روس فرار ہوگئے تھے۔ یہ واقعہ روس میں دو روز کے دوران دوسرا کار دھماکا ہے۔ اس سے ایک روز قبل سینٹ پیٹرزبرگ میں گاڑی میں دھماکے سے ایک روسی فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا تھا۔ روسی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق خاتون نے زاووروتنی کی گاڑی کے نیچے دھماکا خیز مواد نصب کیا، جسے دور سے دھماکے سے اڑایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کی شناخت کے لیے بھی تحقیقات جاری ہیں۔ یوکرین نے روسی الزامات پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جبکہ سی این این نے بھی روسی سکیورٹی اداروں کے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہ ہونے کی وضاحت کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک فوجی اہلکار کی گاڑی میں دھماکے سے ہلاکت کے ایک روز بعد پیش آیا تھا۔ دونوں واقعات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب امریکا یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کررہا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل