Tuesday, November 17, 2026
 

سڑک پر پڑے نوجوان کی مدد کرنے والوں پر کالج بس چڑھ دوڑی، ویڈیو وائرل

 



بھارتی ریاست پنجاب میں سڑک پر گرے نوجوان کی مدد کرنے والے افراد کو تیز رفتار کالج بس نے کچل دیا، حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ لدھیانہ کے مچھیواڑا۔ کوہارا روڈ پر اتوار کے روز پیش آیا جہاں ایک نوجوان مبینہ طور پر نشے کی حالت میں اسکوٹر سمیت سڑک پر گرا ہوا تھا۔ واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند افراد اپنی موٹر سائیکلوں کے ساتھ رکے ہوئے ہیں اور نوجوان کو سڑک سے ہٹا کر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی زرد رنگ کی تیز رفتار کالج بس ان مدد کرنے والے افراد پر چڑھ دوڑی۔ جائے حادثہ پر ایک کم عمر بچہ بھی موجود تھا۔ حادثے میں دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے کرندیپ سنگھ نے بتایا کہ وہ اپنی گاڑی کی مرمت کے لیے مچھیواڑا جا رہے تھے کہ نوجوان کو سڑک پر گرا دیکھ کر دیگر افراد کے ساتھ مدد کے لیے رک گئے۔ ایک اور زخمی پردیپ سنگھ نے بھی بتایا کہ تیز رفتار ہمیں روندتے ہوئے گزر گئی۔ بس کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ ان کی پگڑی اچھل کر دور جا گری۔ انہیں گردن، کمر اور ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئیں۔ زخمیوں نے الزام لگایا کہ بس ڈرائیور نشے میں دکھائی دے رہا تھا اور ٹکر جان بوجھ کر ماری گئی تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔ واقعے کے بعد لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا۔ زخمیوں نے یہ شکایت بھی کی کہ اتوار کے روز مچھیواڑا اسپتال میں ڈاکٹر موجود نہیں تھا اور انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد دوسرے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل