Loading
انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اپنی انکرپٹڈ کلاؤڈ اسٹوریج سروس کی آزمائش شروع کردی ہے جس کے ذریعے صارفین اب گوگل ڈرائیو کے بجائے واٹس ایپ کے اپنے کلاؤڈ پر بھی چیٹس کا بیک اپ محفوظ کرسکیں گے۔
واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ کے بعض بیٹا صارفین کو یہ سہولت فراہم کردی ہے۔ یہ فیچر واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.46.4 میں دیکھا گیا ہے جہاں صارفین کو بیک اپ کے لیے گوگل ڈرائیو یا واٹس ایپ کے اپنے کلاؤڈ اسٹوریج منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ صارفین کو ابتدائی طور پر دو جی بی مفت کلاؤڈ اسٹوریج فراہم کرے گا جبکہ مزید جگہ حاصل کرنے کے لیے واٹس ایپ پلس سبسکرپشن خریدی جاسکتی ہے، جس میں 100 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگی۔ اس سے بھی زیادہ اسٹوریج کے خواہش مند صارفین میٹا ون کے ذریعے چار ٹی بی تک جگہ حاصل کرسکیں گے۔
تاہم، سبسکرپشن کی مدت ختم ہونے کے بعد اگر صارف چار ماہ تک اسے دوبارہ فعال نہیں کرتا تو واٹس ایپ اس کا بیک اپ مستقل طور پر ڈیلیٹ کردے گا۔
اس نئے فیچر کی اہم خصوصیت چیٹس کی سیکیورٹی ہے۔ واٹس ایپ کے اپنے کلاؤڈ اسٹوریج پر محفوظ کیے جانے والے تمام بیک اپ ڈیفالٹ طور پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت محفوظ ہوں گے۔ اس کے برعکس اینڈرائیڈ پر گوگل ڈرائیو اور آئی فون پر آئی کلاؤڈ میں محفوظ بیک اپ کے لیے انکرپشن اختیاری ہوتی ہے۔
واٹس ایپ کے کلاؤڈ اسٹوریج میں انکرپشن لازمی ہوگی جسے غیر فعال کرنے کا آپشن دستیاب نہیں ہوگا۔ صارفین اپنے بیک اپ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے پاس کی، پاس ورڈ یا 64 ہندسوں پر مشتمل انکرپشن کی بھی استعمال کرسکیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل