Loading
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی ہے کہ سرکاری وسائل کے تحفظ اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے انکوائری نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت صوبائی انسپکشن ٹیم سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چیئرمین صوبائی انسپکشن ٹیم خیام حسن خان اور ٹیم اراکین نے شرکت کی۔
حکام نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو صوبائی انسپکشن ٹیم کی افرادی قوت، بجٹ، فرائض، انکوائری کے طریقہ کار، کارکردگی اور درپیش مسائل سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی اور بتایا کہ رواں سال مجموعی طور پر 105 انکوائریز شروع کی گئیں، جن میں سے 45 انکوائریز مکمل کر لی گئی ہیں۔
گورنر کے پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے صوبائی انسپکشن ٹیم میں ای گورننس پالیسی کا نفاذ یقینی بنایا جائے، صوبائی انسپکشن ٹیم کے ایکٹ اور اختیارات کا دیگر صوبوں کے قوانین سے تقابلی جائزہ لیا جائے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی انسپکشن ٹیم کی منظور شدہ سفارشات پر تمام محکمے بروقت عملدرآمد یقینی بنائیں، سرکاری وسائل کے تحفظ اور بدعنوانی کی روک تھام کے لیے انکوائری نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے صوبائی انسپکشن ٹیم اپنا کردار مزید فعال انداز میں ادا کرے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل