Loading
اقوام متحدہ کی عالمی عدالت انصاف نے میانمار کو روہنگیا مسلم اقلیت کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بین الاقوامی عدالت نے کسی ریاست کو نسل کشی کا مرتکب قرار دیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے صدر یوجی ایواساوا نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ میانمار نے روہنگیا آبادی کے ایک بڑے حصے کو ختم کرنے کی نیت سے کارروائیاں کیں اور اپنے جرائم چھپانے کے لیے شواہد بھی بڑے پیمانے پر ضائع کیے۔
عدالت نے 9 کے مقابلے میں 6 ووٹوں کی اکثریت سے فیصلہ دیا کہ میانمار کی فوج نے 2017 میں ریاست راکھین میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کی کارروائیاں کیں اور 1948 کے نسل کشی کنونشن کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق فوجی آپریشن کے دوران تقریباً 10 ہزار روہنگیا مسلمان تشدد کے نتیجے میں مارے گئے، جبکہ 7 لاکھ سے زائد افراد جان بچانے کے لیے بنگلادیش نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے۔
عدالت کے مطابق مجموعی طور پر تقریباً 8 لاکھ 15 ہزار روہنگیا افراد کسی نہ کسی صورت میں ان کارروائیوں کا نشانہ بنے۔
واضح رہے کہ میانمار میں 2017 کے فوجی کریک ڈاؤن کے دوران روہنگیا مسلمانوں کے دیہات جلانے، شہریوں کے قتل اور خواتین و بچیوں سے جنسی زیادتی کے واقعات سامنے آئے تھے۔
میانمار نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فوج نے مسلح گروہوں کے حملوں کے جواب میں کارروائی کی تھی۔
یہ مقدمہ افریقی ملک گیمبیا نے عالمی عدالت انصاف میں دائر کیا تھا، جس کا فیصلہ روہنگیا مسلمانوں کے لیے انصاف کی جدوجہد میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل