Saturday, November 21, 2026
 

شہزادہ ہیری اور میگھن کی برطانیہ واپسی کی مبینہ وجہ سامنے آگئی

 



برطانوی شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی امریکا سے برطانیہ واپسی کے حوالے سے ایک نئی وجہ سامنے آئی ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جوڑے کی اچانک واپسی میں شہزادہ ہیری کے امریکی ویزے سے متعلق مسائل نے اہم کردار ادا کیا۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرنے والے متعدد ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ہیری کا ویزا ختم ہوگیا تھا اور اس کی تجدید فوری طور پر نہیں ہوسکی تھی۔ امریکی حکومت سے وابستہ ایک ذریعے نے بتایا کہ شہزادے کے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد اسے فوری طور پر دوبارہ جاری نہیں کیا گیا۔ ایک سابق امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیدار کے مطابق تمام ویزوں کی ایک مدت ہوتی ہے اور انہیں وقتاً فوقتاً تجدید کرانا ضروری ہوتا ہے، اس لیے ممکن ہے کہ یہی صورت حال جوڑے کی اچانک برطانیہ روانگی کا سبب بنی ہو۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ شہزادہ ہیری امریکا میں قیام کے دوران کس نوعیت کا ویزا استعمال کر رہے تھے اور اس کی تجدید میں مبینہ تاخیر سے ان کے قانونی قیام پر کوئی اثر پڑا تھا یا نہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ماضی میں شہزادہ ہیری کی امریکا میں موجودگی پر تبصرہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے فروری 2025 میں کہا تھا کہ وہ ہیری کو امریکا سے بے دخل نہیں کرنا چاہتے۔ نیویارک پوسٹ سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیں گے، کیونکہ انہیں اپنی اہلیہ کے حوالے سے پہلے ہی کافی مسائل درپیش ہیں۔ ٹرمپ نے میگھن مارکل کے بارے میں بھی سخت الفاظ استعمال کیے تھے۔ رپورٹ کے مطابق ہیری کے امیگریشن سے متعلق معاملات اب حل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ دوسری جانب جوڑا اپنے بچوں، شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ساتھ کرسمس منانے کے لیے دوبارہ کیلیفورنیا جانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، جہاں وہ میگھن کی والدہ ڈوریا ریگلینڈ کے ساتھ تہوار منائیں گے۔ ادھر برطانیہ واپسی کے تقریباً تین ماہ بعد ہیری اور میگھن وہاں اپنی نئی زندگی سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ بدھ کی شب دونوں اپنے بچوں کے ہمراہ لندن کے ہائیڈ پارک میں منعقدہ مشہور کرسمس میلے ’ونٹر ونڈر لینڈ‘ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر پورا خاندان خوشگوار موڈ میں نظر آیا۔ یہ منظر مئی 2025 میں شہزادہ ہیری کے اس بیان سے مختلف تھا، جب انہوں نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے والد شاہ چارلس سے صلح کے خواہش مند ہیں، لیکن اس وقت انہیں ایسا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کو برطانیہ واپس لاسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاندان کے تحفظ کے حوالے سے مطمئن نہیں ہیں۔ ہیری اور میگھن نے 2020 میں شاہی خاندان کے فعال ارکان کی حیثیت سے دستبرداری کے بعد امریکا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کیلیفورنیا میں کئی سال گزارے اور وہاں اپنی زندگی قائم کی۔ تاہم ان کی برطانیہ واپسی کے پیچھے ذاتی وجوہات بھی بتائی جاتی ہیں۔ اس سے قبل سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق جوڑا اپنے بچوں کو برطانوی تعلیمی نظام کے تحت تعلیم دلوانا اور خاندان و دوستوں کے قریب رہنا چاہتا تھا۔ جمعہ کو برطانوی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ ہیری نے بتایا کہ آرچی اور للی بیٹ نے اپنے نئے اسکولوں میں اچھا وقت گزارنا شروع کردیا ہے۔ ان کے مطابق بچوں کو برطانیہ واپس آنا پسند ہے، اگرچہ ان کے لیے یہ ایک بڑی ثقافتی تبدیلی تھی۔ اسکول یونیفارم پہننا بھی ان کے لیے نیا تجربہ تھا، لیکن اس سے انہیں ماحول میں گھلنے ملنے میں مدد ملی۔ ہیری کا کہنا تھا کہ برطانوی اسکولوں میں داخلے کے بعد دونوں بچوں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو ان کے لیے خوشی کی بات ہے۔ تاہم ویزے سے متعلق سامنے آنے والے دعووں نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ کیا جوڑے کی برطانیہ واپسی صرف ذاتی ترجیحات کا نتیجہ تھی یا اس میں امیگریشن کے مسائل بھی شامل تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل