Saturday, November 21, 2026
 

بنگلادیش کی مسجد کے چندہ بکسوں سے 18 کروڑ ٹکہ برآمد، رقم گننے میں 15 گھنٹے لگ گئے

 



بنگلادیش کی تاریخی پاگلا مسجد کے چندہ بکسوں سے ریکارڈ 18 کروڑ 21 لاکھ 69 ہزار 517 ٹکہ کے عطیات برآمد ہوئے جنہیں گننے کے لیے عملے اور رضاکاروں کو تقریباً 15 گھنٹے درکار ہوئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مسجد بنگلادیش کے ضلع کشور گنج میں واقع ہے جہاں ہفتے کے روز چار ماہ اور 24 دن بعد 15 چندہ بکس کھولے گئے تو ان سے نقدی کی 51 بوریاں برآمد ہوئیں۔ عطیات کی گنتی صبح شروع ہوئی اور رات تقریباً 10 بجے مکمل ہوئی۔ اس عمل میں 500 سے زائد افراد نے حصہ لیا جن میں مدرسے کے طلبہ، بینک ملازمین، مسجد کا عملہ اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار شامل تھے۔ مسجد انتظامیہ کے مطابق نقد رقم کے علاوہ چندہ بکسوں سے مختلف ممالک کی غیر ملکی کرنسی اور سونے کے زیورات بھی ملے۔ اس مرتبہ پہلی بار سونے کے چمچ اور پیالے بھی عطیات میں موصول ہوئے۔ پاگلا مسجد اپنے تاریخی پس منظر اور غیر معمولی عطیات کے باعث پورے بنگلادیش میں مشہور ہے۔ یہاں ہر چند ماہ بعد چندہ بکس کھولے جاتے ہیں اور بڑی تعداد میں عقیدت مند اپنی استطاعت کے مطابق رقم اور قیمتی اشیا عطیہ کرتے ہیں۔ اس سے قبل 27 جون 2026 کو چندہ بکس کھولے گئے تھے جن سے 15 کروڑ 90 لاکھ 80 ہزار 146 ٹکہ برآمد ہوئے تھے۔ تازہ وصولی نے سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ مسجد کے عطیات کو مذہبی سرگرمیوں، تعلیمی اداروں اور فلاحی منصوبوں پر خرچ کیا جاتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل