Sunday, November 22, 2026
 

ابوظہبی کورٹ آف اپیل کی ڈگری پاکستان میں براہِ راست قابلِ عمل نہیں، سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

 



متحدہ عرب امارات کے عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ سنادیا۔  ​سپریم کورٹ نے 2 ایک کی اکثریت سے فیصلہ سنایا جس میں قرار دیا کہ ابوظہبی کورٹ آف اپیل کی ڈگری پاکستان میں براہِ راست قابلِ عمل نہیں۔  جسٹس منیب اختر اور جسٹس عرفان سعادت کے متضاد فیصلوں کے باعث کیس ریفری جج کو بھجوایا گیا تھا، ریفری جج جسٹس شفیع صدیقی نے جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے اتفاق کیا۔  ​جسٹس منیب اختر اور ریفری جج جسٹس محمد شفیع صدیقی نے درخواست منظور کرلی جبکہ جسٹس عرفان سعادت خان نے اختلافی نوٹ تحریر کیا۔ سپریم کورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات ایک وفاقی ریاست ہے جہاں وفاقی اور امارات کی مقامی سطح پر دو الگ عدالتی نظام کام کرتے ہیں۔ یو اے ای کے آئین کے تحت مقامی عدالتوں کے فیصلے وفاقی عدالتی فیصلے نہیں کہلا سکتے۔ عدالت نے قرار دیا کہ حکومت پاکستان نے 6 مارچ 2007 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی وفاقی کورٹ آف اپیل کو ہی پاکستان میں ڈگری کے نفاذ کے لیے اعلیٰ عدالت تسلیم کیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس منیب اختر اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ بینچ نے 10 فروری 2026 کو سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کیا تھا، تاہم دونوں ججز کی آرا میں اختلاف کے باعث معاملہ ریفری جج جسٹس محمد شفیع صدیقی کو بھجوا دیا گیا۔ ریفری جج نے جسٹس منیب اختر کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے اپیل منظور کرلی، جبکہ جسٹس عرفان سعادت خان نے اپنے اختلافی نوٹ میں ابوظبی کی عدالت کی ڈگری کو پاکستان میں قابلِ نفاذ قرار دیا۔ سپریم کورٹ نے ایک نجی کمپنی کی اپیل دو ایک کی اکثریت سے منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ اور ماتحت عدالت کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل