Loading
فرانسیسی انقلاب کی کامیابی میں سرمایہ دار طبقے نے مقامی پیداوار بڑھائی تھی۔ انھوں نے دولت تخلیق کی تھی لیکن ہمارے ہاں جو نیا امیر طبقہ وجود میں آ رہا ہے۔ ان کا طریقہ بالکل الٹ ہے۔ اس کو اگر ہم آج کے دور سے جوڑیں تو ہم آج بھی اپنے ارد گرد دیکھتے ہیں کتنے ہی نئے امیر لوگ ہیں لیکن وہ پیسہ کیسے بنا رہے ہیں؟ یہی سب سے اہم سوال ہے۔ وہ کوئی لوکل انڈسٹری نہیں لگا رہے۔ وہ فیشن، مہنگی گاڑیاں اور موبائل فونز باہر سے امپورٹ کرتے ہیں۔ اور شہروں میں بڑے مالز بنا کر بیچ دیتے ہیں۔ یعنی ان کا کام مقامی پیداوار کرنا نہیں ہے بلکہ باہر کی چیزوں کو لا کر یہاں صارفیت Consumption بڑھانا ہے۔
ہم امپورٹڈ چیزوں کی ایک Consumer سوسائٹی تو بن گئے ہیں لیکن پروڈیوسنگ سوسائٹی نہیں بن سکتے۔ یہی وہ سب سے اہم نکتہ ہے جسے ڈاکٹر شریعتی نے دہائیوں پہلے پہچان لیا تھا۔ یہ انٹرمیڈیٹ بورژوا صرف باہر کی ثقافت پھیلانے کا ذریعہ ہے۔ وہ کسی انقلاب یا پیداوار کا انجن نہیں ہے۔ اور اب سوچیئے جب آپ کی سوسائٹی کی حقیقت یہ ہو تو اگر آپ کسی یورپین مفکر کی تھیوری کو یہاں لاگو کریں گے تو کیا نتیجہ نکلے گا۔ وہاں انقلاب لانے والا دولت کا خالق تھا۔ اور یہاں وہی طبقہ صرف Consumer اور امپورٹڈ ہے۔ یہ تو واقعی وہی بات ہوئی کہ کسی ایڈوانس ماڈل کی مہنگی گاڑی کا پرزہ زبردستی اپنی پرانی گاڑی میں فٹ کرنے کی کوشش کی جائے۔ چاہے وہ پرزہ کتنا ہی اچھا کیوں نہ ہو۔
اگر آپ کے انجن کا بنیادی ڈیزائن ہی الگ ہے تو وہ پرزہ پورے سسٹم کو تباہ کر دے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ یورپ (مغرب ) کے کسی کامیاب حل کو اٹھا کر یہاں لاگو کرنا ایک بھیانک غلطی ہے ۔ اور ایک ایسی غلطی ہے جو مشرقی دانشور بار بار کرتے آ رہے ہیں۔ انھیں لگتا ہے کہ جو نسخہ وہاں کام کر گیا وہ یہاں بھی کرے گا۔ لیکن حل ہمیشہ مقامی حقائق سے پھوٹتا ہے۔ جب تک ہم اپنی تاریخی منزل کو نہیں سمجھیں گے۔ اپنی معیشت اور بازار کے مزاج کو نہیں پہچانیں گے تب تک باہر کا فلسفہ ہمارے کام نہیں آ سکتا۔ بلکہ جیسا ہم نے الجیریا جیسی مثال سے سمجھا ہے کہ وہ باہر کا فلسفہ ہمارے ہی خلاف ایک ہتھیار بن سکتا ہے۔
ایک سچا روشن فکر ان مقامی حقائق سے پوری طرح واقف ہوتا ہے۔ وہ اپنی زمین میں دیکھتا ہے اور عوام کو انھی کی زبان میں جگاتا ہے۔ تو اس گہرے مطالعے کو سمیٹتے ہوئے اگر ہم دیکھیں تو ایک بات تو شیشے کی طرح واضح ہو جاتی ہے۔ وہ یہ کہ صرف معلومات کا ہونا آج کے دور میں کافی نہیں ہے۔
اصل طاقت تنقیدی سوچ میں ہے۔ بالکل جب بھی ہمارے سامنے کوئی بڑا نظریہ یا پالیسی پیش کی جائے چاہے وہ کتنی اعلیٰ انسانیت نواز کیوں نہ لگے۔ ہمیں رک کر یہ سوال ضرور پوچھنا چاہیے کہ اس وقت ، اس جگہ اس نظریے کو کون پیش کر رہا ہے۔ اور اس کا اصل فائدہ کسے پہنچ رہا ہے۔ کیا یہ ہماری بنیاد کو ٹھیک کر رہا ہے۔ یا صرف بوسیدہ عمارت پر پینٹ پھیر رہا ہے۔ اور یہ یہاں یاد رکھنا بھی ضروری ہے کہ یہ تمام باتیں کسی لائبریری کے کسی پرانے کمرے تک محدود نہیں ہیں۔
آج کے تیزی سے بدلتے ہوئے انفارمیشن عہد میں یہ اور بھی ضروری ہو گیا ہے ۔ جہاں ہر روز نئے ٹرینڈز ، فلسفہ اور الگورتھم کے ذریعے ہم پر مسلط ہوتے ہیں۔ وہاں یہ تنقیدی سوچ ہمارے صحیح فیصلوں کے لیے بچاؤ کا واحد راستہ ہے۔ ہمیں اس دھوکے کو پہچاننا چاہیے۔ ورنہ ہم بھی کسی ایسے حل کا شکار ہو سکتے ہیں۔ جو ہماری تکلیف کو ٹھیک کرنے کی بجائے دبا رہا ہو۔ ہم آج ایک آخری ، سوچنے پر مجبور کرنے والے سوال کے ساتھ اس ڈسکشن کو یہاں روکتے ہیں۔ آج کی اس گلوبل اور ڈیجیٹلائز دنیا میں جہاں ہر چیز یونیورسل ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔
چاہے وہ معاشی پالیسی ہو یا لائف اسٹائل ٹرینڈ۔ کیا ہم بھی انجانے میں کسی اور کا دیا ہوا سوفٹ ویئر ڈاؤن لوڈ اپڈیٹ کر رہے ہیں۔ یہ بہت ہی گہرا سوال ہے۔ ایک ایسا اپڈیٹ جو شاید ہمارے مسائل کو مقامی طور پر حل کرنے کے بجائے بیک گراؤنڈ میں کسی اور کے مفاد کے لیے کام کر رہا ہو۔ وہ کونسے اپنے اور مقامی حل ہیں جنھیں ہم باہر کی چمک دمک کے شور میں نظر انداز کر بیٹھے ہیں۔ اور شاید "اصل انقلاب " کا آغاز انھی سوالات کے جواب تلاش کرنے میں ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل