Loading
ہماری جیلیں کیسی ہوتی ہیں۔اِس بارے تو وہی درست انداز میں تجزیہ اور تبصرہ کر سکتا ہے جس نے کبھی بد بختی سے پاکستان کی کسی بھی چھوٹی یا بڑی جیل کا مزہ چکھاہو۔پاکستان کے تقریباً ہر بڑے سیاستدان نے جیل یاترا کی ہے۔
تحریکِ انصاف کے بانی بھی، کئی الزامات کے تحت جیل میں ہیں ۔اُن کی اہلیہ محترمہ بھی ، اُنہی کے ساتھ ، اڈیالہ جیل میں ہیں۔ بانی صاحب کا ایک بھانجہ بھی 9مئی کے کیس میں سزا یافتہ ہونے کے بعد جیل کاٹ رہا ہے۔بانی پی ٹی آئی کی تینوں ہمشیرگان کو 3MPO کے تحت لاہور کی جیل میں ڈالا گیا۔ اِن میں سے دو بہنیں اب تقریباً دو مہینے کی جیل بھگت کر رہا کی جا چکی ہیں ۔ قانون اور حکومت کے اپنے اسلوب ہوتے ہیں ۔حکومت اور جیل حکام کا کہنا ہے کہ بانی صاحب کو جیل مینول کے مطابق جملہ تمام سہولیات میسر ہیں۔
شنید ہے اب اسلام آباد میں ایک نئی اور جدید جیل بھی بن چکی ہے ۔ وزیر داخلہ کا بیان سامنے آ چکا ہے کہ نئی جیل میں قیدیوں کو’’ نئی اور جدید سہولیات‘‘ فراہم کی جائیں گی۔ خدا ایسی ’’سہولتوں ‘‘ سے مستفید ہونے کی توفیق نہ ہی فرمائے ۔ مگر حکومت متعدد بار دعوے کر چکی ہے کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عام اڈیالوی قیدیوں ایسی زندگی نہیں گزار رہے ہیں۔انھیں کھلی جگہ فراہم کی گئی ہے۔ اچھا اور حسبِ خواہش کھانے بھی دستیاب ہیں۔ بوقتِ ضرورت ڈاکٹر صاحبان بھی فراہم کیے جاتے ہیں ۔ ورزش کے لیے سہولیات بھی میسر ہیں ۔ ہوا خوری اور سیر کے لیے کچھ کھلی جگہ بھی دی گئی ہے ۔ مگر جیل تو پھر جیل ہی ہے۔ اور جیل انسان کی ذہنی ، جسمانی اور نفسی اعصاب کو توڑ پھوڑ کر رکھ دیتی ہے ۔
بانی صاحب نے گلہ کیا ہے کہ پچھلے کچھ مہینوں کے دوران اُنہیں قید تنہائی میں بھی رکھا گیا ہے ۔ اُن کی ہمشیرگان اور وکلا کو بھی اُن سے میل ملاقات کی اجازت روک دی گئی تھی ۔ بجا طور پر کہا جا سکتا ہے کہ اِن رکاوٹوں نے بانی کو مزیدآزمائشوں سے دو چار کیا ہوگا۔ اب پچھلے دو ہفتوں کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکلا بھی گھنٹوں اُن سے جیل میں ملاقاتیں کر چکے ہیں ۔ اُن کی دو ہمشیرگان کی رہائی نے بھی ہمارے تنے ہُوئے ماحول پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ کھچاؤ میں خفیف سی کمی بھی آئی ہے۔ حکومتی اقدامات کی تحسین کی جانی چاہیے ۔
پچھلے پانچ برسوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو ایسے متعدد مناظر سامنے آتے ہیں جب بانی پی ٹی آئی اور اُن کے پارٹی وابستگان نے بسیار کوششیں کیں کہ ہر قسم کے دباؤ کو بروئے کار لا کر حکومت اور طاقتوروں کو مجبور کیا جائے کہ وہ ( بانی کی شرائط پر ) اُنہیں جیل سے باعزت رہا کر دیں ۔ بانی اور اُن کی پارٹی کے سینئرعشاق نے مگر غلط اندازے لگائے تھے۔ اُن کا ہر حربہ اور ہتھیار کُند ثابت ہُوا ۔ بیرونِ ملک بیٹھے پی ٹی آئی کے عاشقوں نے بھی اپنی سی ( ناگفتہ اور نامناسب) کوششیں کرکے دیکھ لیں ، مگرسب نامراد ٹھہریں ۔ اِن کوششوں اور جدوجہد میں پی ٹی آئی اپنی صوبائی حکومت بھی کھو بیٹھی ۔ اِن برسوں میں بانی پی ٹی آئی، حسبِ خواہش ایک نجی اسپتال بھی منتقل ہونے کی رعایت حاصل نہ کر پائے۔ اِس دوران ممکن ہے اپنی اہلیہ سمیت اُن کی صحت کے معاملات دگرگوں بھی ہو سکتے ہیں ۔اب ہر جانب سے مایوس ہو کر ، یوں محسوس ہوتا ہے ، بانی صاحب کا دل اور اعصاب ٹوٹ گئے ہیں ۔ مزاحمت اور ضِد نبھانے والی توانائیوں میں شدید کمی آ چکی ہے۔ وہ موجودہ زندانی زندگی سے نجات کے خواہاں ہیں ۔ وہ سب پتّے جن پر اُن کا تکیہ تھا، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سب ہوا دینے لگے ہیں ۔
16نومبر2026 کا دن اس لحاظ سے اہم کہا جا سکتا ہے کہ اس روز بانی پی ٹی آئی کا وہ مبینہ خط منظرِ عام پر آیا جس میں اُن کی جانب سے اعلیٰ ترین عدلیہ کے جج صاحبان سے’’ انصاف دینے کی اپیل کی گئی ہے،اِس سے پہلے کہ تاخیر ہو جائے ۔‘‘ میڈیا رپورٹوں کے مطابق: یہ کھلا خط بانی پی ٹی آئی کے وکیل ، بیرسٹر سلمان صفدر ، کے توسط سے لکھا گیا ہے ۔ اِس خط کی بڑی گونج ہے۔
خط کے مندرجات بانی پی ٹی آئی کی ذہنی صورتحال کاآئینہ محسوس ہوتے ہیں۔ بانی صاحب نے اپنے مقدمات ، صحت کے معاملات ، اپنی اہلیہ کی صحت ، جیل کی سہولیات ، بیٹوں سے ٹیلی فونک بات چیت اور مبینہ ’’سیاسی انتقام‘‘ بارے متعدد شکوے ، شکایات کی ہیں ۔کیا یہ خط بانی صاحب کی مجبور اور لاچار فریاد کی بازگشت ہے ؟ کیا یہ حکومت اور صاحبانِ اختیار سے NRO مانگنے کی ایک مودبانہ سبیل ہے ؟ خط کے مندرجات کا عکس یہ ہے کہ آیا بانی پی ٹی آئی مایوسی اور نااُمیدی کا شکار ہو چکے ہیں؟ کیا وہ اِس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ اُن کے جملہ وکلا، پارٹی کے ارکانِ اسمبلی اور جیل سے باہر بیٹھے پی ٹی آئی کے کارکنان و رہبران اُنہیں کبھی رہا نہیں کروا سکیں گے ؟ بانی پی ٹی آئی کی پروپیگنڈہ مشینری بھی ناکام ہو گئی ہے ؟
بِلا شبہ بانی پی ٹی آئی کے خط نے ملک میں ڈِیل یا ڈھیل کی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ حکومت مگر یہ اشارے دے رہی ہے کہ یہ خط کسی سہولت کا دروازہ نہ کھول پائے گا۔ بعض وفاقی وزرا تو ساری کہانی کو ’’حسبِ معمول ڈرامہ‘‘ قرار دے رہے ہیںاور اسے این آر او کی درخواست قرار دے رہے ہیں۔ حکومتی وزرا کو طنز کے تیر چلانے سے بھی اعراض کرنا چاہیے ۔ پی ٹی آئی مبینہ28ویں ترمیم اور مجوزہ نئے صوبوں بارے(بظاہر) جو مثبت اشارے دے رہی ہے ، لگتا ہے کہ ایسے میں بانی پی ٹی آئی کا خط بھی اچھے بچے بننے کا اشارہ ہی لگتا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل