Sunday, November 22, 2026
 

کشمیر اور پاکستان کا موثر کردار

 



دنیا کے نقشے پر سرحدیں کھینچنا نسبتاً آسان ہے، مگر قوموں کے درمیان اعتماد کی وہ لکیر قائم کرنا دشوار ترین کام ہے جسے جنگ، نفرت، تاریخی تنازعات اور سیاسی مفادات بارہا مٹا دیتے ہیں۔ جنوبی ایشیا اس تلخ حقیقت کی زندہ مثال ہے، جہاں ایک طرف کشمیر کا دیرینہ تنازع، آبی وسائل کی تقسیم اور سرحدی کشیدگی خطے کے مستقبل پر سایہ فگن ہیں تو دوسری جانب افغانستان کی جانب سے دہشت گردی اور علاقائی عدم استحکام نے امن کی راہ کو مزید پیچیدہ بنا رکھا ہے۔ ایسے ماحول میں پاکستان کی جانب سے مذاکرات، سفارت کاری، تہذیبی مکالمے اور علاقائی تعاون پر اصرار محض ایک سیاسی حکمت عملی نہیں بلکہ اس حقیقت کا ادراک ہے کہ پائیدار امن کا کوئی متبادل نہیں۔ طاقت کا مظاہرہ وقتی دباؤ تو پیدا کرسکتا ہے، لیکن دیرپا استحکام صرف انصاف، باہمی احترام اور قابلِ اعتماد معاہدوں کی پاسداری سے جنم لیتا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کشمیر، سندھ طاس معاہدے، پاک افغان تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کے حوالے سے پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے ایک بنیادی نکتے کی نشان دہی کی ہے کہ بین الاقوامی تعلقات میں معاہدوں کی حرمت اور عالمی قوانین کی پابندی کسی ریاست کی مرضی یا سہولت سے مشروط نہیں ہوسکتی۔ 1960 میں طے پانے والا سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان محض پانی کی تقسیم کا انتظام نہیں بلکہ دو ہمسایہ ممالک کے مابین تنازعات کے باوجود تعاون کی ایک اہم مثال ہے۔ اس معاہدے نے جنگوں، سیاسی کشیدگی اور سفارتی تعطل کے مختلف ادوار میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان آبی معاملات کو ایک ضابطے کے تحت رکھنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ بھارت کی جانب سے اسے یکطرفہ طور پر معطل کرنے یا اس کی روح کو متاثر کرنے کی کوششیں نہ صرف بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کے اصول سے متصادم ہیں بلکہ پاکستان کے معاشی، زرعی اور غذائی تحفظ کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کرتی ہیں۔پاکستان کی تقریباً 26 کروڑ آبادی کی زندگی کا بڑا حصہ دریائی نظام سے وابستہ ہے۔ زراعت، دیہی روزگار، صنعت، بجلی کی پیداوار اور غذائی ضروریات کا انحصار پانی کی مسلسل اور منصفانہ دستیابی پر ہے۔ ایسے میں سندھ طاس معاہدے کو سیاسی دباؤ کے ہتھیار میں تبدیل کرنا ایک ایسی روش ہے جس کے اثرات سرحدوں تک محدود نہیں رہیں گے۔ پانی کسی ملک کی جاگیر نہیں بلکہ انسانی بقا کا بنیادی وسیلہ ہے۔ اس لیے آبی تنازعات کو یکطرفہ فیصلوں کے بجائے طے شدہ قانونی طریقہ کار، ثالثی اور بین الاقوامی ضابطوں کے تحت حل کیا جانا چاہیے۔ عالمی عدالت انصاف اور دیگر بین الاقوامی قانونی فورمز کے سامنے معاہدوں کی حیثیت اور ان کی پابندی کے اصول بھی اسی حقیقت کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں کہ عالمی نظام کا استحکام قانون کی بالادستی سے وابستہ ہے۔ کشمیر کا مسئلہ بھی اسی اصولی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی نے اس دیرینہ تنازع کو مزید پیچیدہ کردیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے، لہٰذا کسی یکطرفہ آئینی اقدام سے اس تنازع کی بین الاقوامی حیثیت ختم نہیں ہوسکتی۔ کشمیری عوام کی سیاسی خواہشات کو نظرانداز کرکے خطے میں حقیقی امن کی بنیاد رکھنا ممکن نہیں۔ یہ مسئلہ محض دو ریاستوں کے درمیان سرحدی اختلاف نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کے مستقبل، سیاسی حقوق اور بنیادی آزادیوں سے تعلق رکھتا ہے۔ عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے موثر سفارتی کوششیں کرے اور ایسے ماحول کی تشکیل میں کردار ادا کرے جس میں کشمیری عوام کی خواہشات کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔2025میں پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ دو ایٹمی قوتوں کے درمیان معمولی اشتعال انگیزی بھی وسیع تر تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے واقعے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کی پیشکش ایک ایسا راستہ تھا جسے قبول کرکے حقائق سامنے لائے جاسکتے تھے۔ افسوس کہ اس موقع پر مذاکرات اور تحقیقات کے بجائے الزام تراشی اور کشیدگی کو ترجیح دی گئی۔ قومی سلامتی کے معاملات میں جذباتی ردعمل کے مقابلے میں شواہد، شفافیت اور ذمے دارانہ طرزِ عمل زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ جنوبی ایشیا کو ایسی سیاست کی ضرورت ہے جس میں عوام کی معاشی بہتری، علاقائی تجارت اور انسانی ترقی کو عسکری رقابت پر فوقیت حاصل ہو۔ پاکستان کی سفارت کاری کا ایک اہم پہلو مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اس کی کوششیں بھی ہیں۔ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی، فوجی کارروائیوں اور جوابی اقدامات نے پورے خطے کو غیر یقینی صورت حال سے دوچار کیا ہے۔ اس تناظر میں پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوششیں قابلِ توجہ ہیں۔ 28 فروری کو شروع ہونے والی کشیدگی اور اس سے پہلے کے واقعات نے واضح کردیا کہ طاقت کے استعمال سے پیدا ہونے والے مسائل بالآخر مذاکرات کی میز ہی پر حل ہوتے ہیں۔ جنگ بندی کے لیے ثالثی، سعودی عرب اور امریکا کے ساتھ رابطوں اور مختلف وزرائے خارجہ کی سطح پر سفارتی سرگرمیوں سے پاکستان نے ایک ذمے دار علاقائی کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک ایسا باب ہیں جس میں جغرافیہ، تاریخ، معیشت اور سلامتی کے تقاضے ایک دوسرے سے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی، لسانی اور خاندانی روابط صدیوں پر محیط ہیں۔ سرحد کے دونوں جانب بسنے والے عوام کے مفادات ایک دوسرے سے وابستہ ہیں، لیکن سرحد پار دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف مسلح کارروائیوں میں افغان سرزمین کے استعمال نے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ اس صورت حال کا تقاضا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے قابلِ تصدیق اقدامات کرے۔ پاکستان بھی سفارتی رابطوں، سرحدی انتظام اور مؤثر سلامتی اقدامات کے ذریعے ایسے حل کی حمایت کرتا ہے جس سے خطے میں امن قائم ہو۔یہ تصور بھی قابل غور ہے کہ تہذیبیں اپنی انفرادیت کو برقرار رکھتے ہوئے دوسروں کے تجربات سے سیکھتی ہیں۔ اختلاف، مکالمے کی نفی نہیں بلکہ اس کی ضرورت کو نمایاں کرتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تنازعات اپنی جگہ، لیکن علمی، ادبی اور ثقافتی روابط کے دروازے بند کردینا معاشروں کو ایک دوسرے کی حقیقت سے ناواقف رکھنے کے مترادف ہے۔ نئی دہلی میں مختلف ممالک کے وزرائے ثقافت اور مندوبین سے ملاقاتیں اسی امکان کی نشان دہی کرتی ہیں کہ ثقافتی تعاون سفارتی جمود میں بھی رابطے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ تاہم تہذیبی مکالمہ اسی وقت بامعنی ہوگا جب اسے سیاسی انصاف، انسانی احترام اور باہمی مساوات کے اصولوں سے الگ نہ کیا جائے۔ امن و آشتی کا پیغام اس وقت مؤثر ہوتا ہے جب عملی رویے بھی اس کی تائید کریں۔ پاکستان کے معاشی مستقبل کے حوالے سے معدنی وسائل کی اہمیت بھی غیر معمولی ہے۔ ملک میں سونے، تانبے اور نایاب زمینی عناصر سمیت وسیع معدنی ذخائر کی موجودگی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے نئے امکانات پیدا کرتی ہے۔ تاہم قدرتی وسائل کی موجودگی بذاتِ خود خوش حالی کی ضمانت نہیں۔ اس کے لیے شفاف پالیسی، جدید ٹیکنالوجی، مقامی افرادی قوت کی تربیت، ماحولیاتی تحفظ اور صوبوں کو ان کے جائز معاشی حقوق کی فراہمی ناگزیر ہے۔ تقریباً 60 ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کی کوششیں اسی وقت نتیجہ خیز ہوں گی جب سرمایہ کاری کے معاہدے قومی مفاد، مقامی آبادی کی بہتری اور طویل مدتی معاشی استحکام کو سامنے رکھ کر کیے جائیں۔ معدنی دولت کو خام حالت میں برآمد کرنے کے بجائے ملک کے اندر ویلیو ایڈیشن، صنعتی مراکز اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا زیادہ ضروری ہے۔ جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے بدلتے حالات پاکستان سے ایک ایسی بالغ نظر حکمت عملی کا تقاضا کرتے ہیں جس میں قومی سلامتی، بین الاقوامی قانون، معاشی مفادات اور تہذیبی روابط ایک دوسرے کے معاون ہوں۔ کشمیر کا منصفانہ حل، سندھ طاس معاہدے کا احترام، افغانستان کے ساتھ قابلِ اعتماد تعلقات اور عالمی تنازعات میں تعمیری ثالثی اسی حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں۔ پاکستان کو اپنی سفارتی کامیابیوں کو مستقل پالیسی، مضبوط داخلی معیشت اور قومی یکجہتی سے مربوط کرنا ہوگا۔ تاریخ ان قوموں کو یاد رکھتی ہے جو مشکل ترین حالات میں بھی انصاف، تدبر اور امن کا راستہ اختیار کرتی ہیں۔ یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر پاکستان نہ صرف اپنے قومی مفادات کا تحفظ کر رہا ہے بلکہ ایک پُرامن، مستحکم اور باہمی احترام پر مبنی خطے کی تشکیل میں بھی موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل