Monday, November 23, 2026
 

پاکستان میں صحافیوں کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، پی ایف یو جے

 



پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آزادی صحافت اور صحافیوں کے معاشی حقوق کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ افضل بٹ ایکسپریس نیوز اور سینچری ایکسپریس کے دفتر پہنچے جہاں بیورو چیف رضا الرحمان ودیگر اسٹاف نے انکا استقبال کیا۔ اس موقع پر صحافیوں اور میڈیا ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے افضل بٹ نے کہا کہ ملک بھر میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں، تنخواہوں میں عدم اضافے اور اظہارِ رائے پر پابندیوں کے باعث صحافتی برادری شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 12 بیورو آفسز کی بندش کے باعث 122 میڈیا ورکرز بے روزگار ہوچکے ہیں جبکہ دیگر ملازمین بھی غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان حالات میں پی ایف یو جے نے آزادیٔ اظہار اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے فیصلہ کن تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ افضل بٹ نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا اس وقت جس صورتحال سے دوچار ہے، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ آزادیٔ صحافت کے حوالے سے غیر اعلانیہ پابندیوں اور خود ساختہ سنسرشپ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ڈیجیٹل قوانین کے تحت بھی صحافیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے کی کارروائیوں اور صحافیوں و سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کی گرفتاریوں پر بھی صحافتی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ افضل بٹ نے اعلان کیا کہ پی ایف یو جے کی آزادیٔ اظہار کی تحریک مرحلہ وار آگے بڑھ رہی ہے۔ اس سلسلے میں 10 اور 11 نومبر کو کراچی میں 24 گھنٹے کا دھرنا دیا گیا، جس میں سینکڑوں صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے شرکت کی، جبکہ اب 23 اور 24 نومبر کو بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کوئٹہ پریس کلب کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے باہر 24 گھنٹے کا احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ پی ایف یو جے کے صدر نے کہا کہ کراچی کے بعد یہ تحریک بلوچستان سے آگے پنجاب اور گلگت بلتستان تک پہنچے گی، جس کے بعد اسلام آباد میں ملک بھر کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے ساتھ حتمی احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل