Loading
ایران نے میناب کے ایک اسکول پر امریکی حملے اور سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے قتل کے معاملے پر امریکا اور متعدد یورپی ممالک کی عدالتوں میں قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایران کے نائب صدر برائے قانونی امور مجید انصاری نے بتایا ہے کہ ان واقعات کے حوالے سے مختلف عدالتوں میں مقدمات دائر کیے گئے ہیں، جنہوں نے ان کی سماعت کا دائرہ اختیار قبول کیا ہے۔
مجید انصاری کا کہنا تھا کہ ان مقدمات کی پیروی دستاویزی شواہد کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ بعض مقدمات پہلے ہی دائر کیے جا چکے ہیں، جبکہ دیگر قانونی کارروائی اور رجسٹریشن کے مراحل میں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایران ان واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مختلف ممالک کے عدالتی فورمز سے رجوع کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ انسانی حقوق کے ماہرین نے میناب کے اسکول پر 28 فروری کو ہونے والے امریکی حملے کو ممکنہ جنگی جرم قرار دیا ہے۔
انسانی حقوق کے ماہرین کے مطابق اسکول پر دو فضائی حملوں کے نتیجے میں 120 بچوں سمیت 178 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ایران کا کہنا ہے کہ وہ ان حملوں اور سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے قتل کے معاملے کو قانونی سطح پر اٹھانے اور ذمہ داروں کو جواب دہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل