Loading
امریکی ریاست جارجیا میں کتوں کے ایک غول نے 36 سالہ خاتون کی جان لے لی افسوس ناک واقعے میں ہلاک ہونے والی خاتون کی حاملہ بیٹی اپنی والدہ کو پہلی بار نانی بننے کی خوشخبری بھی نہیں سنا سکی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایلیسن لین اینڈرسن نامی خاتون 16 نومبر کو کارٹرس وِل کے علاقے میں ایک خالی مکان کے قریب مردہ پائی گئی تھیں۔
ابتدائی طور پر ان کی موت کی وجہ واضح نہیں تھی تاہم طبی معائنے کے بعد حکام نے تصدیق کی کہ انہیں کتوں نے حملہ کرکے ہلاک کیا۔
جارجیا کے تحقیقاتی ادارے کے مطابق پولیس کو صبح تقریباً 9 بجے ایک خاتون کے بے ہوش پڑے ہونے کی اطلاع ملی تھی۔
موقع پر پہنچنے والے اہلکاروں نے انھیں مردہ پایا۔ واقعے میں ملوث متعدد کتوں کو پکڑ کر محکمہ حیوانات کی تحویل میں دے دیا گیا۔
ایلیسن 2007 میں امریکی فوج میں شامل ہوئی تھیں اور تین بچوں کی ماں تھیں۔ ان کی 20 سالہ بیٹی مائلی گارنر حاملہ ہیں اور اپنے پہلے بچے کی آمد کی منتظر ہیں۔
بیٹی کے بقول انہیں امید تھی کہ والدہ پہلی بار نانی بننے کی خبر سن کر بے حد خوش ہوں گی، لیکن یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔
مائلی نے کتوں کے مالکان پر انہیں قابو میں نہ رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی اذیت ناک تھا اور انہیں انصاف ملنا چاہیے۔
حکام نے تاحال کتوں کی درست تعداد، نسل اور مالکان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل