Monday, November 23, 2026
 

آئین میں طے شدہ امور کو چھیڑنے، صوبوں کے اختیارات کم کرنے کے نتائج تباہ کن ہونگے، ندیم افضل چن

 



پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ آئین میں طے شدہ امور کو چھیڑنے اور صوبوں کے اختیارات محدود کرنے کی کسی بھی کوشش کے نتائج ملک کے لیے تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ وہ پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں انچارج پیپلز لیبر بیورو چودھری منظور احمد اور  سیکریٹری اطلاعات پی پی وسطی پنجاب شہزاد سعید چیمہ کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر احمد جواد رانا، میاں ایوب، احمد گھمن، چودھری ریاض، ذیشان شامی، راؤ خالد اور دیگر بھی موجود تھے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی و پارلیمانی ری سیٹ اور سیاسی انتقام کے خاتمے کی بات کرکے ایک واضح اور ذمہ دارانہ قومی مؤقف پیش کیا ہے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی سیاسی جماعت کا اس معاملے پر واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔ وزراء کی جانب سے کرپشن اور سسٹم کولیپس کی باتیں کی جا رہی ہیں، جب حکومتی وزراء سیاسی نظام کے انہدام کی بات کریں تو سمجھ لینا چاہیے کہ کابینہ میں بھی یہی سوچ پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 40 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، عوام کے حالات کسی بھی انڈیکیٹر سے دیکھ لیں، بہتری نظر نہیں آئے گی۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے، بیوروکریسی کے علاوہ کوئی طبقہ ایسا نظر نہیں آتا جس کے لیے حقیقی اصلاحات کی جا رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ہر شخص کو قومی معاملات پر بحث کا حق حاصل ہے، تاہم ایسی بحث پارلیمان میں ہونی چاہیے، جہاں تمام سیاسی جماعتیں بیٹھ کر مسائل کا حل نکال سکیں۔ میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ندیم افضل چن نے کہا کہ بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا عوام کو الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے؟ تمام سیاسی جماعتیں کسی نہ کسی انداز میں انتخابی عمل اور الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پورے ملک کی بات کرتی ہے تو فرنٹ لائن پر آنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، حالانکہ قومی معاملات پر بات کرنا کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ سب کا حق ہے۔ صوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب صرف لاہور یا گلبرگ کا نام نہیں، جنوبی پنجاب اور دیگر محروم علاقوں کے عوام بھی اسی صوبے کا حصہ ہیں۔ محروم علاقوں کو یہ سبق پڑھایا گیا ہے کہ نئے صوبے بننے سے ان کے حالات بہتر ہو جائیں گے۔ کم از کم لاہور کے اختیارات ڈیرہ غازی خان کے عوام کو منتقل ہو جائیں تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب قومی قیادت مضبوط ہوتی ہے تو وفاق بھی مضبوط ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ میں وفاقی سوچ کو فروغ دیا اور اس کی وجہ سے آج وہاں سندھو دیش جیسے نعروں کی وہ پذیرائی نہیں رہی جو ماضی میں دکھائی دیتی تھی۔ چودھری منظور احمد نے آئینی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے یہ واضح ہونا چاہیے کہ کیا ریفرنڈم کے ذریعے حاصل ہونے والی عوامی رائے کو آئین میں ترمیم یا تبدیلی کا اختیار سمجھا جا سکتا ہے؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آرٹیکل 239 کے علاوہ آئین کا کوئی ایک ایسا آرٹیکل بتایا جائے جس کے تحت صوبائی اسمبلی کو آئینی ترمیم کے معاملے میں ویٹو کا اختیار حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ 1973ء کا آئین ایک متفقہ دستاویز ہے، اس کے طے شدہ طریقہ کار کو نظرانداز کرکے کوئی چور دروازہ نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ صوبائی اسمبلی اگر دو تہائی اکثریت سے کسی قرارداد کو مسترد کر دے تو اسے دوبارہ قومی اسمبلی میں لے جانے کا راستہ نہیں ہونا چاہیے۔ آئین میں صوبوں کے اختیارات اور وفاقی ڈھانچے کے حوالے سے جو اتفاق رائے موجود ہے، اسے کمزور کرنا خطرناک ہوگا۔ 1973ء کے آئین کی تیاری کے وقت آرٹیکل 239 پر ہونے والی بحث کا مطالعہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آمریتوں نے ماضی میں ون یونٹ توڑا، دوبارہ بنایا اور صوبوں کے معاملات میں من پسند فیصلے کیے، ایسے تجربات نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ آج بھی اگر طاقت کی بنیاد پر فیصلے مسلط کیے گئے تو ملک کو ساتھ لے کر چلنا ممکن نہیں ہوگا۔ چودھری منظور احمد نے کہا کہ 18ویں ترمیم اتفاق رائے سے منظور ہوئی تھی، اس کے پیچھے صوبوں کے حقوق اور وفاق کو مضبوط بنانے کا مقصد تھا۔ آج خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صورتحال سب کے سامنے ہے، ایسے حالات میں صوبائی خودمختاری کے معاملات کو مزید حساسیت سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل قومی ایشوز قومی مالیاتی ایوارڈ (این ایف سی) اور 18ویں ترمیم ہیں، جبکہ این ایف سی کے مسائل کا بہتر حل مضبوط صوبائی مالیاتی کمیشن (پی ایف سی) اور بااختیار بلدیاتی نظام میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایک طاقتور اور بااختیار لوکل گورنمنٹ سسٹم کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر اختیارات مل سکیں اور مقامی سطح پر بھی صادق اور ممدانی جیسے عوامی نمائندے سامنے آ سکیں۔ جس ریاست میں تعلیم، صحت اور روزگار فراہم کرنے کی صلاحیت نہ ہو، وہاں عوام کے بنیادی مسائل حل کیے بغیر ایسی بحثوں کا کیا فائدہ؟ آج عوام پوچھ رہے ہیں کہ بلدیاتی نظام کیوں نہیں لایا جا رہا، گندم کی قیمت چھ ہزار روپے فی من تک پہنچ چکی ہے اور مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ انچارج پیپلز لیبر بیورو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی بحث یا سوال سے نہیں گھبراتی، اصل سوال یہ ہے کہ اس وقت کون سے معاملات اٹھائے جا رہے ہیں اور ان کے پیچھے مقاصد کیا ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے لڑائی یا تقسیم کی بات نہیں کی بلکہ سب کو جوڑنے اور قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے اور اسے کمزور کرنا دراصل وفاق کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ ماضی میں پیپلز پارٹی سے 1988ء، 1990ء، 1993ء، 2013ء اور 2018ء کے انتخابی مینڈیٹ کے حوالے سے بھی تحفظات رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بروٹ میجورٹی (بھاری اکثریت) کی اصطلاح استعمال کی تھی، بروٹل نہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سب سے پہلے تحریک انصاف کو حکومت بنانے کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم استعفیٰ دے دیں تو پیپلز پارٹی بھی حکومت سے الگ ہو جائے گی، جبکہ بلاول بھٹو کی نشستیں چھوڑنے کی بات تحریک انصاف کے تناظر میں تھی، کیونکہ پیپلز پارٹی نشستیں چھوڑے گی تو وہ ن لیگ کے پاس چلی جائیں گی۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملاقاتوں اور سیاسی روابط کے ذریعے مسائل کا حل چاہتی ہے تاکہ کوئی سیاسی قوت بند گلی میں نہ پہنچے۔ ملک لڑائیوں سے نہیں بلکہ مل بیٹھنے اور بات چیت سے چلے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل