Monday, November 23, 2026
 

ملک میں فارمولا دودھ کے اشتہارات پر پابندی کی ہدایت

 



سینیٹ قائمہ کمیٹی نے فارمولا دودھ کے اشتہارات پر 24 نومبر سے پابندی عائد کرنے کی ہدایت کر دی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وی صحت نے فارمولا دودھ کے اشتہارات پر 24 نومبر سے پابندی عائد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پیمرا کو آئندہ اجلاس میں عملدرآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ کمیٹی نے فارمولا دودھ کو فوڈ آئٹم کے بجائے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے دائرہ کار میں رکھنے اور اس کے ڈبوں پر واضح طور پر ’’انفینٹ فارمولا‘‘ درج کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی کی زیر صدارت ہوا، جس میں چیئرپرسن پیمرا عنبرین جان نے فارمولا دودھ کے اشتہارات سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور گزشتہ سماعت پر وزارت صحت کا کوئی نمائندہ پیش نہیں ہوا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیمرا پارلیمنٹ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کرے گا، جبکہ وزارت صحت کی جانب سے بھجوایا گیا اشتہار پیمرا نے نشر کیا تھا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ فارمولا دودھ کا معاملہ چند مفاد پرست کاروباری افراد سے جڑا ہے اور اس حوالے سے مختلف اداروں پر دباؤ موجود ہے، تاہم وہ عوام اور کمیٹی ارکان کو جواب دہ ہیں اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فارمولا دودھ کوئی عام غذائی شے نہیں، اس لیے اسے فوڈ اتھارٹی کے دائرہ کار میں دینے کے بجائے ڈریپ کے ماتحت رکھا جائے۔ کمپنیوں کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ ڈبوں پر دودھ کے بجائے ’’انفینٹ فارمولا‘‘ لکھیں۔ سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا کہ فارمولا دودھ کے اشتہارات بند کیے جائیں اور پیمرا اس معاملے میں بہانے بازی سے گریز کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قانونی ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں چیئرپرسن پیمرا کو دو سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اجلاس میں بچوں کے ماہر ڈاکٹر رضا جمال نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں 60 ملین ڈالر کا انفینٹ فارمولا درآمد کیا جا رہا ہے اور اس کے استعمال سے بچوں کی اموات کے خدشات ہیں، اس لیے اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور ہارڈ شپ کوٹہ کے تحت فراہم کی جانے والی ادویات کی عدم دستیابی کے مسائل سے بھی کمیٹی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بعض کمپنیاں قیمتوں میں اضافے کی درخواست کے دوران ادویات مارکیٹ سے غائب کر دیتی ہیں، جس کے باعث مریضوں کو مہنگے داموں ادویات خریدنا پڑتی ہیں۔ بعض ادویات جو ڈیڑھ لاکھ روپے میں دستیاب تھیں، وہی ڈاکٹرز کے ذریعے ساڑھے چار لاکھ روپے تک فروخت کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد کمپنیوں کے کیسز برسوں سے زیر التوا ہیں اور کمپنیاں عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کرکے قیمتوں میں اضافہ کر لیتی ہیں۔ کمیٹی اجلاس میں سینیٹر روبینہ خالد نے رنگ گورا کرنے والی کریموں پر بھی بارکوڈ لگانے کا مطالبہ کیا، جبکہ وزیر صحت نے ڈریپ کو فارمولا دودھ کے ڈبوں پر ٹو ڈی بارکوڈ لگانے کی ہدایت کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل