Wednesday, November 25, 2026
 

واٹس ایپ کی تصویری اسٹیکرز کے ساتھ آواز بھیجنے کے فیچر کی تیاری

 



انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک نیا دلچسپ فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے اب تصویری اسٹیکرز کے ساتھ آواز بھی منسلک کی جا سکے گی۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ 9 ٹو 5 میک کے مطابق اس فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ ایپ کے پبلک بیٹا ورژن میں شروع کر دی گئی ہے جبکہ بعد میں اسے آئی فون صارفین کے لیے بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے موبائل فون کی گیلری میں موجود کسی ویڈیو کو اسٹیکر میں تبدیل کر سکیں گے۔ اس کے بعد اسٹیکر ایڈیٹر میں موجود نئے آڈیو بٹن کے ذریعے اس کے ساتھ آواز شامل کی جا سکے گی۔ صارفین کے پاس ویڈیو کی اصل آواز برقرار رکھنے، اپنی آواز ریکارڈ کرنے یا موبائل فون میں پہلے سے محفوظ کوئی آڈیو فائل منتخب کرنے کا اختیار ہوگا۔ اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ اسٹیکر وصول کرنے والے شخص کو اس کے ساتھ ایک چھوٹا سا آڈیو آئیکون بھی نظر آئے گا اور آواز خودکار طور پر نہیں چلے گی بلکہ اسٹیکر پر ٹیپ کرنے کے بعد ہی سنائی دے گی۔ رپورٹ کے مطابق یہ سہولت صرف صارفین کے تیار کردہ اسٹیکرز تک محدود نہیں ہوگی بلکہ عام اسٹیکرز کے ساتھ بھی آواز منسلک کی جا سکے گی۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینگیجٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ کے بیٹا اپ ڈیٹ 2.26.41.3 کا حصہ ہے اور دلچسپی رکھنے والے صارفین گوگل پلے اسٹور کے ذریعے بیٹا ٹیسٹر بننے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ واضح رہے واٹس ایپ نے اس فیچر کو تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل