Wednesday, November 25, 2026
 

کراچی میں عمارت گرنے کے حادثے پر انتظامیہ کا ایکشن، 5 ملزمان گرفتار، ایس بی سی اے 6 افسران معطل

 



کراچی کے چنیسر ٹاؤن کے علاقے بلوچ کالونی میں واقع ایڈمن سوسائٹی کی عمارت منہدم ہونے کے بعد انتظامیہ نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے اطراف کی 12 عمارتوں کو سیل، 5 افرا کو گرفتار جبکہ سندھ بلڈنگ کے افسران کو معطل کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈمن سوسائٹی سانحے کے بعد ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے زمین بوس ہونے والی عمارت کے ٹھیکیدار سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ کراچی ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ زمین بوس ہونے والی عمارت کے ٹھیکیدار سمیت 5 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ واقعے کے بعد اعلیٰ حکام کی جانب سے بلڈر سمیت دیگر کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست ٹھیکیدار کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر افراد سے بھی تفتیش کا عمل جاری ہے ۔ دوسری جانب ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے پر کمشنر کراچی نے ایکشن لیتے ہوئے ایس بی سی اے کے 6 افسران کو معطل کردیا۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے مطابق معطل کیے جانے والے افسران میں ڈائریکٹر چنیسر ٹاؤن بھی شامل ہیں، جبکہ متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور بلڈنگ انسپکٹرز کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔ سید حسن نقوی کے مطابق عمارت گرنے کے حادثے میں اب تک تین افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن رات گئے تک جاری ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر عبدالسمیع جملانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ماجد علی مگسی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شفیع مگسی، رضا حسین خشک جبکہ بلڈنگ انسپکٹر جاوید قدیر اور ساجد علی دیتھو کی معطلی کے نوٹی فکیشن جاری کردیے گئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل