Loading
پاکستانی ڈراما ’درِ نجات‘ کی مقبولیت سرحد پار بھی ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کررہی ہے، تاہم اب اس کے ایک کردار ابوبکر کو لے کر بھارتی سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ بعض صارفین نے ڈرامے کو مبینہ ثقافتی اور سیاسی سازش سے جوڑنے کی کوشش کی، جس پر پاکستانی صارفین نے طنزیہ ردعمل دیا۔
ڈرامے میں ابوبکر امان کا کردار اداکار شہریار منور نے نبھایا ہے۔ ان کی شائستگی، مہربانی اور دوسروں کے ساتھ نرم رویے نے انہیں ناظرین کا پسندیدہ کردار بنا دیا ہے۔ بھارت میں بھی بڑی تعداد میں مداح ابوبکر کے کردار کو پسند کررہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وہاں ڈراما دیکھنے کے لیے چھوٹی چھوٹی محفلیں بھی منعقد کی جارہی ہیں، جہاں لوگ اکٹھے بیٹھ کر اسے دیکھنے کے لیے رقم بھی ادا کرتے ہیں۔
ڈرامے کی غیر معمولی مقبولیت کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اوجس بھنڈاری نامی صارف نے ابوبکر کے کردار سے متعلق سنگین نوعیت کے دعوے کیے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کئی ایسی تفصیلات بیان کیں جنہیں پاکستانی صارفین نے بے بنیاد اور تخیلاتی قرار دیا۔ اس صارف نے ڈرامے کی کہانی کو ایک سازش اور ثقافتی جنگ سے جوڑنے کی کوشش بھی کی۔
اس پوسٹ کے بعد پاکستانی صارفین نے دلچسپ تبصروں کے ذریعے اس دعوے کا مذاق اڑایا۔ ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اب تو ابوبکر قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔ دوسرے نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامے کا اختتام بھی خراب کردیا گیا ہے، ابوبکر آخر میں بھارت پر بمباری کرے گا۔ ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ کسی ڈرامے سے اس قدر عدم تحفظ کا احساس کیوں ہورہا ہے؟
یوں ایک فرضی ڈرامائی کردار کے گرد شروع ہونے والی یہ بحث سوشل میڈیا پر مزاح اور طنز کا موضوع بن گئی ہے، جب کہ ’درِ نجات‘ کی مقبولیت پاکستان کے ساتھ بھارت اور دیگر جنوبی ایشیائی ناظرین میں بھی برقرار ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل