Wednesday, November 25, 2026
 

27 ویں آئینی ترمیم کی ایک،ایک شق اور لفظ پر وکلا سے تفصیلی مشاورت کی گئی، اعظم نذیر تارڑ

 



وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی ایک،ایک شق اور لفظ پر وکلا سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور ان کی تجاویز کو شامل کرنے کے بعد بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا پہلا سال مکمل ہونے پر پاکستان بار کونسل کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا، وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے ججوں اور وکلا نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت کا قیام وقت کی ضرورت تھا، یہ سیاسی قیادت اور وکلا کا مشترکہ مطالبہ تھا، ترمیم کی ایک ایک شق اور لفظ پر مشاورت کی گئی اور وکلا کی تجاویز کو شامل کرنے کے بعد بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں آرٹیکل 184(3) کے استعمال کے طریقہ کار پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے، سابق وزیراعظم کو پھانسی کی سزا سنانے والے بینچ میں وفاقی اکائیوں کی نمائندگی کیا تھی، وزیر قانون نے سوال اٹھایا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تعین بھی کیا عدلیہ کی ذمہ داری ہے، قیمتوں کا تعین انتظامیہ کا اختیار ہے، عدلیہ کا نہیں۔ وزیر قانون نے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کو درست سمت میں پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ ایک ہی مقدمے میں مصروف رہتی تو عام شہریوں کو انصاف کیسے ملتا، بکریاں فروخت کرکے اپیل دائر کرنے والے عام شہری محمد بوٹا کو انصاف کب ملتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ سپریم کورٹ اور ججوں نے عدالتی نظام میں اس تبدیلی کو قبول کیا، آج عام شہری اس اعتماد کے ساتھ سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت آتا ہے کہ اس کے مقدمے کی سماعت ہوگی۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ میں عام سائلین کے مقدمات کی سماعت میں بہتری آئی ہے، وکلا نے پارلیمنٹ کے اختیارات کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل