Wednesday, November 25, 2026
 

خلا کی وسعتوں میں سبز ہلالی پرچم

 



اقبال نے برسوں پہلے جس شاہین کو ستاروں سے آگے جہاں تلاش کرنے کا پیغام دیا تھا، 25نومبر 2026کی روشن صبح نے اس خواب کو حقیقت کے قالب میں ڈھال دیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں 25 نومبر محض ایک کیلنڈر کی تاریخ نہیں، بلکہ عزم، سائنس اور بین الاقوامی تعاون کی ایک ایسی داستان کا آغاز ہے جسے آنے والی نسلیں فخر سے یاد رکھیں گی۔ پاکستان کے پہلے خلا باز، محمد ذیشان علی نے چین کے خلائی مشن "شین ژو 24" (Shenzhou-24) کے ذریعے خلا کی وسعتوں میں قدم رکھ کر سبز ہلالی پرچم کو زمین سے آسمان کی بلندی پر لہرا دیا ہے۔ پاکستانی وقت کے مطابق 25نومبر کی صبح پانچ بج کر اٹھارہ منٹ اور بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر اٹھارہ منٹ پر چین کے صوبے گانسو میں واقع "جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر" Jiuquan SatelliteLaunchCenterسے جب "لانگ مارچ ٹو ایف وائی 24" راکٹ آگ اگلتا ہوا آسمان کا سینہ چیر کر بلند ہوا، تو اس کے ساتھ ہی پچیس کروڑ پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکنیں  بھی تیز ہو گئیں۔ یہ وہی تاریخی لانچ سینٹر ہے جہاں سے2003 میں چین کے پہلے خلا باز یانگ لی وئی نے خلا کا سفر شروع کیا تھا۔ 25نومبر کو اسی سرزمین سے ایک پاکستانی سپوت نے خلا کی جانب اڑان بھری اور بیجنگ ایرو اسپیس کنٹرول سینٹر کی جانب سے مشن کی مکمل کامیابی کے اعلان کے ساتھ ہی پاکستان کا برسوں پرانا خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا۔ اس تاریخی مشن کی قیادت تجربہ کار چینی خلا باز تانگ ہونگ بو کر رہے ہیں، جو تیسری بار خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے خلا باز بنے ہیں، جب کہ ان کے ساتھ دوسرے چینی خلا باز وو یی (یا یو وئی) بھی شامل ہیں جن کی یہ پہلی خلائی پرواز ہے۔ اس سہ رکنی عملے میں محمد ذیشان علی بطور "پے لوڈ اسپیشلسٹ" ( Payload Specialist) اپنی ذمے داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ لانچنگ کے محض ساڑھے تین گھنٹے کی تیز رفتار خودکار پرواز کے بعد شین ژو 24 کامیابی سے چین کے خلائی اسٹیشن "تیانگونگ" (Tiangong) کے تیانہے کور ماڈیول کے اگلے حصے سے منسلک ہو گیا۔ اس کے ساتھ ہی محمد ذیشان علی نہ صرف خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی شہری بن گئے بلکہ انھیں چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن میں قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہونے کا منفرد اور تاریخی اعزاز بھی حاصل ہو گیا ہے۔ سرگودھا کی زرخیز مٹی سے اٹھنے والے اس سپوت کا سفر کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ 22 اگست 1986 کو سرگودھا میں پیدا ہونے والے محمد ذیشان علی نے پاک فضائیہ میں بطور فائٹر پائلٹ ملک و قوم کی خدمت کا آغاز کیا۔ ان کا تعلیمی و پیشہ ورانہ پس منظر انتہائی شاندار اور متنوع ہے انھوں نے ایرو اسپیس سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وار اسٹڈیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے۔ ہوا بازی، تکنیکی علوم، اسٹریٹجک اسٹڈیز اور عسکری مہارتوں کا یہ حسین امتزاج ہی تھا جس نے انھیں اس کٹھن مشن کا اہل بنایا۔ ایک ذمے دار افسر کی حیثیت سے انھوں نے اپنی پیشہ ورانہ لگن کا وہ مظاہرہ کیا کہ چین میں ایک سال پر محیط انتہائی سخت خلائی تربیت کو محض چھ سے سات ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کر کے چینی ماہرین کو بھی حیران کر دیا۔ اس کامیابی کے پیچھے برسوں کی محنت اور پاک چین لازوال دوستی کی ایک طویل تاریخ کارفرما ہے۔ پاکستان کے خلائی پروگرام کی بنیاد 1961 میں اسپارکو (SUPARCO) کے قیام کے ساتھ رکھی گئی تھی۔ جون 1962ء میں پاکستان نے "رہبر اول" راکٹ خلا میں بھیج کر خطے میں سبقت حاصل کی، جس کے بعد 1990 میں "بدر اول" سیٹلائٹ، 2011ء میں پاک سیٹ ون آر، اور 2018ء میں مزید دو سیٹلائٹس خلا میں روانہ کیے گئے۔ تاہم، انسانی خلائی پرواز کا خواب ادھورا تھا۔ بالآخر فروری 2025 میں اسپارکو اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (CMSA) کے درمیان ایک باضابطہ معاہدے پر دستخط ہوئے، جس نے اس خواب میں نئی روح پھونک دی۔ اس معاہدے کے تحت ملک بھر سے امیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع ہوا۔ تین مراحل پر مشتمل انتہائی کٹھن طبی، نفسیاتی اور جسمانی آزمائشوں کے بعد فروری 2026میں چائنا ایسٹروناٹ سینٹر نے دو پاکستانی امیدواروں، ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا، جن کے ناموں کا باضابطہ اعلان اپریل 2026میں کیا گیا۔ اگرچہ خرم داؤد بیک اپ خلا باز کے طور پر اس پورے عمل کا حصہ رہے اور ان کی محنت بھی لائق تحسین ہے، تاہم حتمی پرواز کے لیے قرعہ فال محمد ذیشان علی کے نام نکلا۔ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر اپنے تقریباً ایک ہفتے کے قیام کے دوران محمد ذیشان علی پاکستان کی سائنسی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے انتہائی اہم تجربات انجام دیں گے۔ ان تجربات میں بایو ٹیکنالوجی، مٹیریل سائنسز، زراعت، فلوئیڈ فزکس اور لائف سپورٹ سسٹمز جیسے جدید شعبے شامل ہیں۔ قابلِ فخر امر یہ ہے کہ ان سائنسی تجربات کا انتخاب پاکستان بھر کی جامعات اور تحقیقی اداروں سے موصول ہونے والی تین سو سے زائد تجاویز میں سے خالصتاً میرٹ اور جدت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ اس مشن کے لوگو میں پاکستان کے قومی پھول "چنبیلی" کو بھی نمایاں جگہ دی گئی ہے، جو عالمی خلائی تحقیق میں پاکستان کی شمولیت کی خوشبو بکھیر رہا ہے۔ ایک ہفتے کی تحقیق اور عملے کی تبدیلی کے امور مکمل کرنے کے بعد ذیشان علی "شین ژو 23" خلائی جہاز کے ذریعے بحفاظت زمین پر واپس لوٹ آئیں گے۔ عالمی تناظر میں دیکھا جائے تو اب تک دنیا کے تقریباً چالیس سے پچاس ممالک کے 694 افراد خلا کا سفر کر چکے ہیں، جن میں امریکا کے 396، روس کے 77، چین کے 30، جاپان کے 14، کینیڈا کے 13، فرانس کے 10، برطانیہ اور اٹلی کے سات سات جب کہ نیدرلینڈز کے تین خلا باز شامل ہیں۔ تاہم، اپنے ذاتی خلائی جہازوں کے ذریعے انسانوں کو خلا میں بھیجنے کی صلاحیت صرف امریکا، روس اور چین کے پاس ہے۔ ایسے میں چین کی جانب سے اپنے خلائی اسٹیشن پر کسی غیر ملکی کے طور پر سب سے پہلے ایک پاکستانی کو مدعو کرنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاک چین دوستی جو سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے، اب خلا کی وسعتوں کو بھی چھو رہی ہے۔ یہ تعاون یہیں نہیں رکے گا، بلکہ 2028میں چین کے قمری مشن "چانگ ای 8" (Chang'e-8) کے ذریعے پاکستان کا تیار کردہ روور بھی چاند کی سطح پر اتارا جائے گا۔ روانگی سے قبل محمد ذیشان علی کے الفاظ ہر پاکستانی کے دل میں اتر گئے جب انھوں نے قوم کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کندھوں پر پچیس کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور ملک کا نام لے کر جا رہے ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پاکستان کا آخری خلائی مشن نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں پاکستانی مشن چاند، مریخ اور اس سے بھی آگے جائیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بجا طور پر اس عزم کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پورا پاکستان خلا میں جا رہا ہے اور پورے ملک کا وقار ان کے سر ہے۔ اس تاریخی لمحے کا سب سے خوبصورت پہلو وہ پیغام ہے جو ذیشان علی نے پاکستان کے نونہالوں کے نام دیا۔ انھوں نے کہا کہ جب بچے آسمان کی طرف دیکھیں تو یہ یاد رکھیں کہ میں وہاں ان کے خوابوں کے ساتھ موجود ہوں۔ بلاشبہ، 25 نومبر 2026 کا یہ دن پاکستان کے لاکھوں بچوں اور نوجوانوں کی سوچ کے زاویے بدل دے گا۔ اب ہمارے بچے جب رات کی تاریکی میں ستاروں کو دیکھیں گے تو انھیں وہ ستارے دور یا ناقابلِ تسخیر نہیں لگیں گے، بلکہ انھیں یقین ہوگا کہ اگر سرگودھا کا ایک بیٹا خلا میں جا سکتا ہے تو وہ بھی کل کو سائنسدان، انجینئر اور خلا باز بن کر کائنات کے سربستہ رازوں کو مسخر کر سکتے ہیں۔ یہ محض ایک پرواز نہیں، بلکہ ایک نئے سائنسی، تعلیمی اور فکری انقلاب کا نقطہ آغاز ہے، جہاں پاکستان نے دنیا پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ عزم صمیم ہو تو آسمان کی حدیں بھی قدموں تلے آ جاتی ہیں۔ malikabdulwasey.1994@gmail.com

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل