Loading
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اسلام آباد میں نئے کنونشن و ایکسپو سینٹر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تختی کی رونمائی کردی، اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 6 سے 7 ماہ میں اتنا بڑا کنونشن اور ایکسپو سینٹر تعمیر کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم انہیں اپنی پوری ٹیم پر اعتماد ہے کہ ایس سی او کانفرنس سے قبل منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج صرف گراؤنڈ بریکنگ نہیں بلکہ ہمارے لیے ایک امتحان کا آغاز بھی ہے، نئے کنونشن سینٹر کی چوڑائی 180 فٹ ہوگی، جہاں بڑی بڑی نمائشوں کے انعقاد کی سہولت میسر آئے گی، منصوبے کے ساتھ موجودہ جناح کنونشن سینٹر کی مکمل تزئین و آرائش بھی کی جائے گی۔
محسن نقوی نے سی ڈی اے ٹیم اور کنٹریکٹرز کو منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دو روز میں منصوبے کے لیے مشینری اور دیگر انتظامات متحرک کیے جائیں گے جبکہ 28 یا 29 تاریخ سے تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کشمیر انٹرچینج کی طرح نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کے لیے بھی کاؤنٹ ڈاؤن کلاک نصب کیا جائے گا، ہر دوسرے یا تیسرے روز میڈیا کو منصوبے کی تعمیراتی پیش رفت دکھائی جائے گی جبکہ تعمیر کے لیے 24 گھنٹے کی بنیاد پر روزانہ اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے دو بڑے حصے ہیں، جن میں نئے کنونشن و ایکسپو سینٹر کی تعمیر اور موجودہ جناح کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش شامل ہے، اس منصوبے کی تکمیل ان کے، چیئرمین سی ڈی اے اور پوری ٹیم کے لیے امتحان ہے، تاہم انہیں امید ہے کہ ٹیم مل کر اس بڑے چیلنج کو کامیابی سے مکمل کرے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل