Wednesday, November 25, 2026
 

خلا کی وسعتوں میں پاکستان کا وقار

 



کسی قوم کی تاریخ میں بعض لمحات ایسے ہوتے ہیں جنھیں گھڑی کی سوئیوں سے نہیں، آنے والی نسلوں کے خوابوں سے ناپا جاتا ہے۔ یہ وہ ساعتیں ہوتی ہیں جب زمین پر محدود وسائل، مشکلات اور محرومیوں سے نبردآزما قوم اچانک اپنی نگاہیں آسمان کی وسعتوں پر مرکوز کرکے دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا احساس دلاتی ہے۔ پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز بھی ایسا ہی ایک تاریخی واقعہ ہے، جس نے قومی شعور میں ایک نئی امید، سائنسی خوداعتمادی اور مستقبل کے امکانات کا چراغ روشن کیا ہے۔ شین ژو 24 مشن کے ذریعے چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن تک ان کی رسائی محض ایک فرد کی غیرمعمولی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کے سائنسی سفر میں ایک ایسے نئے عہد کا آغاز ہے جس کے اثرات آنے والے برسوں میں قومی ترقی، تعلیمی ترجیحات اور تکنیکی خودکفالت کے میدانوں میں محسوس کیے جانے چاہئیں۔ محمد ذیشان علی کا خلا میں پہنچنا اس اعتبار سے بھی غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے کہ وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیرملکی خلا باز بنے ہیں۔ چینی خلا بازوں تانگ ہونگبو اور وو یی کے ہمراہ ان کی شمولیت پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو ایک نئے سائنسی اور تحقیقی تناظر میں متعارف کراتی ہے۔ لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے جیو چھوان خلائی مرکز سے روانگی، مقررہ مراحل کی کامیاب تکمیل اور تقریباً پانچ گھنٹوں میں خلائی اسٹیشن تک رسائی، جدید خلائی ٹیکنالوجی کی باریک بینی، نظم و ضبط اور غیرمعمولی فنی مہارت کا مظہر ہے۔ خودکار نظام کے تحت خلائی جہاز کا اسٹیشن کے مرکزی ماڈیول تیان ہی سے منسلک ہونا اس پیچیدہ سائنسی عمل کی کامیابی ہے جس میں معمولی غلطی بھی بڑے خطرے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس تاریخی موقع پر پاکستانی خلا باز کا چینی ساتھیوں کے ہمراہ خلائی اسٹیشن میں استقبال اور گروپ تصویر میں شرکت اس حقیقت کی علامت ہے کہ پاکستان اب عالمی خلائی تحقیق کے دروازے پر محض تماشائی کی حیثیت سے موجود نہیں بلکہ عملی شرکت کی جانب قدم بڑھا چکا ہے۔  تاہم اس مشن کی اصل اہمیت اس کے علامتی پہلو سے کہیں آگے ہے۔ اسپارکو کے مطابق محمد ذیشان علی کی بنیادی ذمے داری پاکستانی جامعات اور محققین کے اشتراک سے تیار کیے گئے سائنسی تجربات کو عملی شکل دینا ہے۔ ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے تقریباً تین سو تحقیقی تجاویز موصول ہوئیں، جن میں سے چار منتخب تجربات کو خلائی ماحول میں انجام دینے کے لیے تیار کیا گیا۔ میٹریل سائنس، فلوئیڈ فزکس، حیاتیاتی علوم اور بائیوٹیکنالوجی سے متعلق یہ تحقیقات مستقبل کے متعدد سائنسی امکانات کی بنیاد بن سکتی ہیں۔ زمین پر موجود سائنسی اصول جب کشش ِ ثقل کی انتہائی کم شدت والے ماحول میں آزمائے جاتے ہیں تو مادے، مائعات اور حیاتیاتی اجزا کے رویوں سے متعلق ایسے حقائق سامنے آسکتے ہیں جو عام حالات میں دریافت کرنا مشکل ہوتے ہیں۔ یہی وہ تحقیقی امکانات ہیں جن سے نئی صنعتی ٹیکنالوجی، بہتر طبی طریقہ ہائے علاج اور جدید پیداواری نظام تشکیل پاتے ہیں۔  یہاں پاکستان کے تعلیمی نظام اور تحقیقی اداروں کے لیے بھی ایک اہم سبق موجود ہے۔ ہمارے ہاں ذہین طلبہ کی کمی نہیں، مگر ان کی صلاحیتوں کو تحقیق، تجربات اور اختراع کے عملی میدان میں بروئے کار لانے کے مواقع محدود ہیں۔ جامعات میں تحقیقی مقالوں کی تعداد بڑھانا اپنی جگہ اہم ہے، لیکن اصل کامیابی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب تحقیق تجربہ گاہوں سے نکل کر صنعتی پیداوار، معاشی سرگرمی اور انسانی فلاح کا حصہ بنے۔ اسپارکو کی جانب سے ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے تین سو تجاویز کا حصول اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے علمی حلقوں میں تخلیقی صلاحیت اور تحقیقی دلچسپی موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ منتخب چار تجربات کے بعد باقی تجاویز کو بھی غیرضروری دفتری پیچیدگیوں کی نذر نہ ہونے دیا جائے۔ ان کے لیے مستقل تحقیقی فنڈ، جدید تجربہ گاہیں، ماہرین کی سرپرستی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک کا نظام قائم کیا جائے، اگر یہ عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہا تو آج کے طالب علم کل کے سائنس دان، انجینئر اور خلائی محقق بن سکتے ہیں۔ پاکستان کا خلائی پروگرام کئی دہائیوں پر محیط تاریخ رکھتا ہے۔ اسپارکو نے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، مواصلات، موسمیاتی مشاہدات اور زمین کے قدرتی وسائل کی نگرانی جیسے شعبوں میں مختلف مراحل طے کیے ہیں۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران متعدد سیٹلائٹس کی خلا میں روانگی بھی اس سرگرمی کا حصہ ہے، لیکن انسانی خلائی مشن کی نوعیت بنیادی طور پر مختلف ہے۔ سیٹلائٹ بھیجنا اور کسی انسان کو تربیت دے کر خلائی اسٹیشن تک پہنچانا دو الگ تکنیکی اور انتظامی تقاضے رکھتے ہیں۔ اس لیے موجودہ کامیابی کو پاکستان کے خلائی پروگرام کی پیش رفت میں ایک اہم ارتقائی مرحلہ سمجھنا چاہیے۔ اس سے یہ امکان بھی پیدا ہوا ہے کہ پاکستان مستقبل میں محض غیرملکی خلائی منصوبوں میں محدود شرکت کے بجائے اپنے تحقیقی مقاصد کے لیے زیادہ فعال کردار ادا کرسکے گا۔ اس تاریخی کامیابی میں چین کا تعاون خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ چین نے خلائی سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں جس تیزی سے ترقی کی ہے، وہ ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک قابلِ مطالعہ مثال ہے۔ تیان گونگ خلائی اسٹیشن کی تعمیر، انسانی خلائی پروازوں کا تسلسل اور بین الاقوامی تعاون کے لیے اس کے دروازے کھولنا اس کی سائنسی ترجیحات کی عکاسی کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات پہلے ہی دفاع، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تعاون کے مختلف شعبوں میں مستحکم بنیادیں رکھتے ہیں۔ اب ان تعلقات کو خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، جدید مواد، بائیوٹیکنالوجی اور تعلیمی تبادلوں تک وسعت دینا وقت کی ضرورت ہے۔ محمد ذیشان علی کا یہ کہنا کہ پاک چین دوستی اب کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے، ایک خوب صورت علامتی اظہار ضرور ہے، لیکن اس جملے کی حقیقی معنویت اسی وقت ثابت ہوگی جب دونوں ممالک کا تعاون مستقل سائنسی منصوبوں اور مشترکہ اختراعات میں تبدیل ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خلا باز کو یہ کہنا کہ اس مشن میں صرف ذیشان علی نہیں بلکہ پاکستان جا رہا ہے، قومی نمائندگی کے احساس کو اجاگر کرتا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی اس تاریخی پیش رفت پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اسپارکو، سائنس دانوں اور انجینئروں کی خدمات کو سراہا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی مشن کی روانگی سے متعلق تقریب میں شرکت بھی اس قومی اہمیت کی عکاس ہے۔ تاہم قومی سطح پر مبارک باد اور تحسین کے ساتھ ضروری ہے کہ ریاستی ادارے اس کامیابی کو پالیسی سازی میں بھی جگہ دیں۔ خلائی تحقیق کو محض ایک خصوصی تقریب یا قومی جشن تک محدود رکھنا اس کے حقیقی امکانات سے صرفِ نظر کرنے کے مترادف ہوگا۔ پاکستان کو اس موقع پر اپنے سائنسی مستقبل کے لیے واضح اہداف مقرر کرنے چاہییں۔ تعلیمی اداروں میں طبیعیات، ریاضی، انجینئرنگ اور حیاتیاتی علوم کی تدریس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ اسکولوں کی سطح پر سائنسی تجربات اور تخلیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہو، جب کہ جامعات کو ایسی تحقیق کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں جو قومی مسائل کا قابلِ عمل حل پیش کرسکے۔ نجی شعبے، صنعتی اداروں اور جامعات کے درمیان اشتراک کو فروغ دینا بھی ضروری ہے تاکہ تحقیق اور پیداوار کے درمیان موجود فاصلہ کم ہو۔ بالخصوص نوجوان سائنس دانوں کو بیرون ملک اعلیٰ تربیت اور بین الاقوامی منصوبوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ کسی ملک کی سائنسی برتری محض چند غیرمعمولی افراد کی کامیابی سے نہیں بلکہ ایسے ادارہ جاتی نظام سے تشکیل پاتی ہے جو ہر نسل میں نئے ذہن پیدا کرے۔  محمد ذیشان علی نے خلا کی وسعتوں میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کے ساتھ نوجوان نسل کے سامنے امکانات کی ایک نئی کائنات کھول دی ہے۔ اب ذمے داری ریاست، تعلیمی اداروں، سائنس دانوں اور پالیسی سازوں پر عائد ہوتی ہے کہ اس تاریخی پیش رفت کو مستقل سائنسی تحریک میں تبدیل کریں۔ آسمان تک پہنچنے کا یہ سفر اگر علم، تحقیق، اختراع اور خودانحصاری کی قومی جستجو سے جڑ گیا تو آنے والے وقت میں پاکستان صرف خلائی اسٹیشنوں کا مہمان نہیں ہوگا بلکہ عالمی سائنسی برادری میں ایک موثر اور باوقار شراکت دار کے طور پر بھی پہچانا جائے گا، یہی اس تاریخی کامیابی کا حقیقی ثمر اور آنے والی نسلوں کے نام سب سے قیمتی پیغام ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل