Thursday, November 26, 2026
 

اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آنے کا تاثر غلط ہے، ریفرنڈم کا کوئی فائدہ نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

 



وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر ایسا لگتاہ ے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آکر نیا بلدیاتی قانون بنا رہے ہیں تو یہ غلط ہے۔ ریفرنڈم لاحاصل رہے گا۔ سی ایم ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 123 عمارتوں پر کام رکوا دیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار، ناصر شاہ، سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے جس نے لوکل گورنمنٹ سسٹم چلایا تھا۔ الطاف حسین کی تقریر کے 15 دن بعد لوکل گورنمنٹ الیکشن کرائے تھے، جس میں 2016 میں ایم کیو ایم کے وسیم اختر میئر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ کے ختم ہونے کے فوری بعد بھی دوبارہ لوکل گورنمنٹ الیکشن کرائے تھے۔ ایک کمیٹی بنا رہے ہیں، ناصر حسین شاہ اور ضیاء لنجار پر مشتمل کمیٹی بنے گی۔ لوکل گورنمنٹ کو مزید بااختیار کرنا ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز سے کمیٹی ملاقات کرے گی اور لوکل گورنمنٹ کو بااختیار کرنے پر مشاورت کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پنجاب میں 2018 سے بلدیاتی ادارے پی ٹی آئی نے ختم کر دیے، مسلم لیگ ن نے بھی بلدیاتی الیکشن نہیں کروائے۔ ہم بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار کرنا چاہتے ہیں۔ کمیٹی آئندہ ہفتے سے کام شروع کرے گی، 3 ماہ میں محکمہ بلدیات اپنا مسودہ پیش کرے، ہماری کوشش ہے کہ اگلے بلدیاتی الیکشن وقت پر ہوں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ریفرنڈم کے بارے میں ہمیں کسی نے کچھ نہیں کہا۔ ریفرنڈم کس بات کے لیے کروایا جائے گا؟ جس چیز کے بارے میں آئین میں واضح لکھا ہو، اس بارے میں ریفرنڈم کی کیا ضرورت ہے؟ انتخابات کروانے میں اربوں روپے لگتے ہیں، صوبوں کے حوالے سے تاجر برادری سامنے آئی ہے، 1973 کے آئین میں صوبوں کے حوالے سے واضح لکھا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نئے انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد اعلان کریں گے، انتخابات نئے قانون کے تحت ہوں گے، کوشش ہوگی کہ 3 ماہ میں نیا قانون بنالیں۔ اگر کسی نمائندے نے کام نہیں کیا تو اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔ ریفرنڈم کے بارے میں مجھے کسی نے نہیں کہا، صرف میڈیا سے سن رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کس کے لیے کرائیں گے؟ عوام کی رائے لینے کے لیے؟ آئین میں لکھا ہے کہ حاکمیت اللہ کے لیے ہے، اس کے بعد عوام کو اپنے فیصلے کرنے کا حق ہے۔ میڈیا سے ہی سن رہا ہوں کہ عوام سے رائے لینے میں کیا حرج ہے؟ اگر ایک بات آئین میں طے ہے تو اس پر کوئی اور طریقہ کیوں؟ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئین کے تحت ہوگا، لیکن رائے لے لیتے ہیں۔ اگر آئین کے تحت ہی کام کرنا ہے تو پھر الیکشن پر اتنا خرچہ کیوں کیا گیا؟ آئین میں پہلے یہ تھا کہ صوبائی اسمبلی سے پہلے قومی اسمبلی صوبوں کی حدود تبدیل کرنے کی قرارداد پاس بھی نہیں کرسکتی، آمر ضیاالحق نے اس طریقہ کار کو تبدیل کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر آپ آئین کو ہی فالو کرنا چاہتے ہیں تو ہم اگلے ہفتے ایک اور قرارداد منظور کرلیتے ہیں۔ ریفرنڈم لاحاصل ہوگا، یہ کسی مسئلے کا حل نظر نہیں آتا۔ پیپلزپارٹی پورے پاکستان کے بارے میں ایک ہی موقف رکھتی ہے۔ اگر آپ کو لگ رہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں آ کر نیا بلدیاتی قانون بنا رہے ہیں تو یہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید ہر کوئی کرسکتا ہے لیکن یہ ہمارے منشور میں پہلے ہی شامل تھا۔ موجودہ کمیٹی نئے بلدیاتی قانون کے بارے میں لوگوں سے رائے لے گی۔ اگر رائے بلدیاتی حدود میں تبدیلی کی ہوتی ہے تو اس پر بھی بات کریں گے۔ ہم سب سے صلاح مشورہ کرکے بااختیار اور مالی خودمختار نظام لائیں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس مشاورت کے دوران کوئی ہمارے لیے نیا محاذ کھڑا کرکے اس کوشش کو سبوتاژ نہ کرے۔ میں مفروضوں پر بات نہیں کرتا، ریفرنڈم پر مجھ سے کسی نے اب تک بات نہیں کی۔ ہماری قیادت اپنا موقف دے چکی ہے، ہم فیصلہ وہ کریں گے جو عوام چاہیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ ہم پوری کریں گے۔ پرامن احتجاج تمام سیاسی جماعتوں کا حق ہے، ہم کسی پر پابندی نہیں لگائیں گے۔ پچھلے اتوار کو احتجاج کا اعلان ہوا، ہم نے انگیج کیا، ایس او پیز بنائی گئیں۔ اگر احتجاج میں قانون کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے تو اس پر کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے بہت پہلے ہمیں 28 تاریخ کو احتجاج کی درخواست دی تھی، پھر پتا چلا کہ ایم کیو ایم نے بھی اسی تاریخ کو احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ہماری کمیٹی نے تمام جماعتوں کے ساتھ ملاقات کی اور امن و امان برقرار رکھنے کی درخواست کی۔ قادر مگسی کی جماعت کی درخواست پر فیصلہ محکمہ داخلہ کرے گا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک پرانی جماعت ہے، وہ ایسے کام نہ کرے کہ امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو۔ متحدہ نے پہلے اعلان کیا، پھر کہا کہ احتجاج ملتوی کردیا اور کل پھر درخواست جمع کرادی۔ میرا سوال ہے کہ کیا رات کو بھائی کا فون تو نہیں آگیا؟ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنا انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے۔ اس شہر میں اس وقت 123 عمارتیں عدالتی حکم امتناع پر بن رہی ہیں، ہم نے ان تمام عمارتوں پر کام رکوادیا ہے۔ ہم نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے آج ملاقات کا وقت مانگا لیکن وہ دستیاب نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالت سے کہتے ہیں کہ 15 روز میں فیصلہ کریں، ہم غلط یا وہ، فیصلہ کریں۔ امید ہے کہ کام رکوانے پر عدالت مجھ پر توہین عدالت نہیں لگائے گی، اگر لگ بھی گیا تو کوئی بات نہیں۔ جس کی کوتاہی ہوگی اس کو سزا دلوانا حکومت کا کام ہے۔ یہاں ہوتا یہ ہے کہ کسی کو نوکری سے برخاست کریں تو وہ اسٹے آرڈر لیے آتا ہے۔ نئے قانون کے تحت ڈی ایچ اے اور وفاقی علاقے بھی میئر کے ماتحت ہوں گے؟ اس سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم سب سے صلاح مشورہ کرکے بااختیار اور مالی خودمختار نظام لائیں گے۔ اس مشاورت کے دوران کوئی ہمارے لیے نیا محاذ کھڑا کرکے اس کوشش کو سبوتاژ نہ کرے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ری سیٹ کرنے جا رہے ہیں۔ ادارے میں 17 افراد کی نشاندہی کی ہے جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس وقت 123 عمارتیں عدالتی حکم امتناع پر بن رہی ہیں، یہ مسائل بھی بڑے ہیں۔ عدالت سے یہ درخواست کریں گے کہ وہ ایسے کیسز کو نہ سنے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ عدالتی اسٹے آرڈر کی بنیاد پر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس حکم امتناع کو اگلی ہی سماعت پر چیلنج کرنا چاہیے تھا۔ جس کی کوتاہی ہوگی اس کو سزا دلوانا حکومت کا کام ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں مہنگے آٹے کے مسئلے پر اجلاس کیا ہے۔ ملز مالکان سے 138 روپے فی کلو قیمت پر اتفاق ہوگیا ہے، محکمہ خوراک گندم کے اجرا میں اضافہ بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں ایمبولینس کو آگ لگنے سے ہلاکتوں پر ابتدائی رپورٹ مسترد کردی تھی۔ اس پر کوئی دہرا معیار نہیں ہوگا، ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل