Thursday, November 26, 2026
 

صحافیوں کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس، موبائل فون اور نجی معلومات غیر محفوظ

 



مارچ 2026 کی ایک صبح جب میں نے دفتر پہنچ کر اپنا جی میل اکاؤنٹ کھولنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ میں اس سے لاگ آؤٹ ہو چکا ہوں۔ دوبارہ لاگ اِن کرنے کے لیے محفوظ پاس ورڈ درج کیا، لیکن وہ قبول نہیں ہوا۔ پاس ورڈ ری سیٹ کرنے کی کوشش کی تو موبائل فون پر تصدیقی کوڈ (او ٹی پی) بھی موصول نہیں ہوا۔ چند گھنٹوں بعد میرے جی میل سے منسلک ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ بھی میرے کنٹرول سے نکل چکا تھا۔ ہیکرز نے پروفائل تصویر اور اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک موبائل نمبر تبدیل کر دیا تھا۔ خدشہ تھا کہ ای میل میں موجود ذاتی اور پیشہ ورانہ معلومات کا غلط استعمال کیا جا سکتا ہے یا میری شناخت سے غیر متعلقہ مواد شیئر کیا جا سکتا ہے۔ ادارے کے آئی ٹی اسٹاف اور ایک دوست کی مدد سے گوگل ہیلپ کو شکایت بھیجی اور مطلوبہ معلومات فراہم کیں۔ تقریباً تین روز بعد اکاؤنٹ بحال ہو گیا۔ بعد ازاں سامنے آنے والی معلومات کے مطابق حملے میں ممکنہ طور پر بھارتی ہیکرز ملوث تھے، تاہم آئی پی ایڈریس روس کا ظاہر ہوا۔ اس واقعے نے واضح کیا کہ سائبر حملوں میں تکنیکی شناخت کی بنیاد پر حملہ آور کے اصل مقام کا تعین ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ یہ تجربہ صرف میرا نہیں تھا۔ لاہور کے دوسرے صحافی بھی سوشل میڈیا اور واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعات کا سامنا کر چکے ہیں۔ اکاؤنٹس ہیک کرکے صحافیوں کی شناخت کا غلط استعمال نجی ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی تقویم حیات کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد حملہ آوروں نے ان کی فرینڈ لسٹ میں شامل افراد کو میسنجر کے ذریعے غیر اخلاقی پیغامات بھیجے اور اکاؤنٹ پر نامناسب تصاویر اور مواد پوسٹ کیا۔ چند گھنٹوں کی کوششوں کے بعد وہ اکاؤنٹ بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کے خیال میں اکاؤنٹ کسی جاننے والے شخص نے ہیک کیا تھا۔ موبائل نمبر اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے وہ پاس ورڈ تبدیل کرکے دوبارہ رسائی حاصل کر سکے۔ کورٹ رپورٹر شاکر اعوان کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہونے کا تجربہ مالی نقصان اور ذہنی پریشانی کا باعث بنا۔ ان کے مطابق تقریباً دو ہفتے قبل اچانک ان کا اکاؤنٹ ان کے کنٹرول سے نکل گیا۔ کچھ دیر بعد ایک دوست نے فون کرکے پوچھا کہ انہیں پیسوں کی ضرورت کیوں پیش آ گئی ہے۔ دوست نے بتایا کہ ان کے واٹس ایپ نمبر سے 25 ہزار روپے مانگنے کا پیغام موصول ہوا تھا۔ شاکر اعوان کے مطابق دو سے تین دوست تصدیق کیے بغیر رقم بھی بھیج چکے تھے۔ انہوں نے واٹس ایپ ہیلپ سینٹر سے رابطہ کیا، جس کے بعد اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا۔ تقریباً ایک ہفتے بعد وہ دوبارہ اسے استعمال کرنے کے قابل ہوئے۔ ان واقعات میں طریقہ واردات مختلف تھا، لیکن خطرہ ایک جیسا تھا: کسی دوسرے شخص کا ڈیجیٹل اکاؤنٹ اپنے کنٹرول میں لے کر اس کی شناخت، رابطوں اور ساکھ کو نقصان پہنچانا۔ پاکستان میں صحافیوں اور میڈیا اداروں پر سائبر حملے پاکستان میں صحافیوں، اینکر پرسنز اور نیوز چینلز کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس اور نشریاتی نظام پر سائبر حملوں کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جون 2024 میں جیو فیکٹ چیک کی ایڈیٹر اور صحافی بینظیر شاہ کا ایکس اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا۔ یہ واقعہ توہین مذہب کے ایک معاملے پر ان کے تبصروں کے بعد پیش آیا۔ پاکستان پریس فاؤنڈیشن کے مطابق ہیکرز نے ان کی پروفائل تصویر تبدیل کرکے اکاؤنٹ سے بٹ کوائن اور ٹیسلا سے متعلق غیر متعلقہ پوسٹس شیئر کیں۔ انہیں سوشل میڈیا پر دھمکیوں اور توہین آمیز پیغامات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ڈیجیٹل رائٹس کارکنوں کی مدد سے 26 جون کو اکاؤنٹ بحال کر لیا گیا۔ جولائی 2025 میں سینئر صحافی شاہین صہبائی کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہوا۔ ان کے مطابق اکاؤنٹ کا ہینڈل تبدیل کر دیا گیا، فالوورز کی فہرست ختم کر دی گئی اور اکاؤنٹ کی تصدیق بھی ختم ہو گئی۔ انہوں نے فالوورز کو خبردار کیا کہ بحالی تک اکاؤنٹ سے آنے والے پیغامات پر اعتماد نہ کریں۔ تقریباً تین ہفتوں کی کوششوں کے بعد اگست 2025 میں اکاؤنٹ واپس مل گیا۔ سائبر حملوں کا نشانہ صرف صحافیوں کے ذاتی اکاؤنٹس نہیں بنے بلکہ ٹی وی چینلز کے نشریاتی نظام بھی متاثر ہوئے۔ مارچ 2026 میں جیو نیوز کی سیٹلائٹ نشریات میں مداخلت کے دوران اسکرین پر غیر متعلقہ اور تخریبی پیغام دکھایا گیا۔ ڈان کی رپورٹ کے مطابق چینل انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں سے نشریاتی نظام میں خلل ڈالنے اور غیر مجاز رسائی کی کوششیں جاری تھیں۔ اسی ماہ نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) نے متعدد پاکستانی ٹی وی چینلز، ویب سائٹس اور موبائل ایپلی کیشنز پر سائبر حملوں کی تحقیقات شروع کیں۔ ڈان کی 3 مارچ 2026 کی رپورٹ کے مطابق دو نجی ٹی وی چینلز اور ایک موبائل ایپلی کیشن نے سیکیورٹی خلاف ورزیوں کی اطلاع دی تھی۔ حکام نے فرانزک تحقیقات شروع کیں، تاہم ابتدائی مرحلے میں کسی مخصوص گروپ یا ملک کو ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا۔ جون 2026 میں جیو نیوز کی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مجاز مواد اپ لوڈ کرنے کی متعدد کوششوں کا بھی انکشاف ہوا۔ چینل کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دس روز کے دوران کئی کوششیں ڈیجیٹل ٹیم نے ناکام بنا دیں۔ اکتوبر 2024 میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹ کو بتایا تھا کہ یکم جولائی 2024 سے ملک بھر میں واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کی 1,426 شکایات ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو موصول ہوئیں۔ ان میں سے 549 اکاؤنٹس بحال کیے گئے، جبکہ 877 شکایات پر کارروائی جاری تھی۔ ان اعدادوشمار میں صحافیوں کی الگ تعداد موجود نہیں تھی۔ عالمی سطح پر بھی صحافی سائبر حملوں کا نشانہ صحافیوں کے ڈیجیٹل اکاؤنٹس ہیک کرنے اور موبائل فونز کی خفیہ نگرانی کا معاملہ پاکستان تک محدود نہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں صحافیوں کو فشنگ، اکاؤنٹ ہیکنگ اور جدید اسپائی ویئر کے ذریعے نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کی مارچ 2026 میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق پیگاسس، پریڈیٹر اور گریفائٹ جیسے اسپائی ویئر کے علاوہ جعلی لنکس اور فشنگ کے طریقے بھی صحافیوں کی نگرانی کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان ٹیکنالوجیز کے ذریعے موبائل فونز میں محفوظ پیغامات، کالز، رابطوں اور دیگر معلومات تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔ فروری 2025 میں واٹس ایپ نے انکشاف کیا تھا کہ پیراگون کمپنی کے تیار کردہ گریفائٹ اسپائی ویئر کے ذریعے تقریباً 90 افراد کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جن میں صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن بھی شامل تھے۔ اردن میں ایکسس ناؤ اور سٹیزن لیب کی مشترکہ تحقیق کے مطابق 2020 سے 2023 کے دوران کم از کم 16 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے موبائل فونز کو پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح لٹویا، لتھوانیا اور پولینڈ میں جلاوطن صحافیوں سے متعلق 2024 کی تحقیق میں کم از کم پانچ صحافیوں کے موبائل فونز پر پیگاسس کے شواہد سامنے آئے۔ یورپ کے 35 ممالک میں میڈیا کی آزادی سے متعلق 2024 کی مانیٹرنگ رپورٹ میں صحافیوں اور میڈیا اداروں کے خلاف آن لائن حملوں کے 359 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ 2023 میں یہ تعداد 266 تھی۔ ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیجیٹل حملوں کا مقصد صرف کسی اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کرنا نہیں بلکہ صحافیوں کے ذرائع معلومات، نجی رابطوں اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں تک رسائی حاصل کرنا بھی ہو سکتا ہے۔ اکاؤنٹ ہیکنگ پر پاکستان کا قانون کیا کہتا ہے؟ پاکستان میں کسی شہری یا صحافی کا سوشل میڈیا، ای میل یا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کرنا، اس کی شناخت استعمال کرکے اس کی اجازت کے بغیر مواد شیئر کرنا یا ذاتی معلومات کا غیر قانونی استعمال کرنا پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016 کے تحت قابلِ کارروائی جرائم میں شامل ہو سکتا ہے۔ قانون کے سیکشن 3 کے تحت کسی انفارمیشن سسٹم یا ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے پر تین ماہ تک قید، 50 ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔ سیکشن 16 کے تحت کسی دوسرے شخص کی شناختی معلومات اس کی اجازت کے بغیر حاصل کرنے، استعمال کرنے یا منتقل کرنے پر تین سال تک قید، 50 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں مقرر ہیں۔ سیکشن 13 الیکٹرانک جعل سازی سے متعلق ہے، جس کے تحت تین سال تک قید اور ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح آن لائن ہراسانی، تعاقب اور کسی شخص کی تصاویر یا ویڈیوز کے غیر قانونی استعمال پر حالات کے مطابق سیکشن 24 لاگو ہو سکتا ہے، جس میں تین سال تک قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا مقرر ہے۔ 2025 میں پیکا میں ترمیم کے بعد سائبر کرائم کی تحقیقات کی ذمہ داری نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو منتقل کی گئی، جسے آن لائن فراڈ، اکاؤنٹ ہیکنگ، شناخت کے غلط استعمال اور سائبر ہراسانی جیسے جرائم کی تحقیقات کا اختیار حاصل ہے۔ اکاؤنٹ ہیکنگ سے آگے، صحافیوں کی نگرانی کا خدشہ صحافیوں کے لیے خطرات صرف سوشل میڈیا یا واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے تک محدود نہیں۔ انہیں موبائل فونز، ٹیلی فون کالز اور نجی رابطوں کی ممکنہ نگرانی کا خدشہ بھی رہتا ہے۔ صحافت میں ذرائع معلومات کی رازداری بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے کسی صحافی کے فون یا پیغامات تک غیر مجاز رسائی اس کے ذرائع اور پیشہ ورانہ کام کو متاثر کر سکتی ہے۔ پاکستان میں مواصلاتی نگرانی کا معاملہ جولائی 2024 میں اس وقت نمایاں ہوا جب اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹیلی کام کمپنیوں کے نیٹ ورکس کے ساتھ نصب کیے گئے لا فل انٹرسیپٹ مینجمنٹ سسٹم (ایل آئی ایم ایس) کی تفصیلات سامنے آئیں۔ عدالتی کارروائی میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ایل آئی ایم ایس کے ذریعے موبائل نمبر، آئی ایم ای آئی نمبر یا صارف کی شناخت کی بنیاد پر کال ڈیٹا ریکارڈ، ایس ایم ایس، لوکیشن اور دیگر مواصلاتی معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اسی دوران وفاقی حکومت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ایکٹ 1996 کے سیکشن 54 کے تحت آئی ایس آئی کے نامزد افسران کو مخصوص حالات میں کالز اور پیغامات انٹرسیپٹ کرنے اور کالز ٹریس کرنے کا اختیار دیا۔ 8 جولائی 2024 کے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 18 یا اس سے اوپر کے نامزد افسران قومی سلامتی یا کسی جرم کے خدشے کی صورت میں یہ اختیارات استعمال کر سکتے ہیں۔ اس اقدام کو اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹس میں چیلنج کیا گیا۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ شہریوں کی پرائیویسی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے نگرانی کے اختیارات کے استعمال پر مؤثر قانونی ضمانتیں ضروری ہیں۔ پیکا کے سیکشن 33 کے تحت مخصوص سائبر کرائم کی تحقیقات کے لیے موبائل فون یا کمپیوٹر کی تلاشی اور ضبطی کا عدالتی وارنٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ سیکشن 34 عدالت کو انفارمیشن سسٹم میں محفوظ مواد تک رسائی کے لیے متعلقہ شخص یا ادارے کو ڈیٹا فراہم کرنے کا حکم دینے کا اختیار دیتا ہے، جبکہ سیکشن 39 مخصوص فوجداری تحقیقات کے لیے ریئل ٹائم ڈیٹا جمع کرنے یا ریکارڈ کرنے سے متعلق ہے۔ کیا واٹس ایپ اور سگنل کے پیغامات بھی پڑھے جا سکتے ہیں؟ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے تحت پیغام بھیجنے اور وصول کرنے والے کے علاوہ عام حالات میں سروس فراہم کرنے والا ادارہ بھی پیغام کا اصل مواد نہیں پڑھ سکتا۔ تاہم موبائل فون غیر محفوظ ہو، اس میں اسپائی ویئر نصب ہو، کسی کو فون تک براہ راست رسائی حاصل ہو یا پیغام کسی دوسرے مقام پر غیر انکرپٹڈ شکل میں محفوظ ہو تو اس تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔ اس لیے ایل آئی ایم ایس کی موجودگی کو ہر انکرپٹڈ ایپ کے نجی پیغامات پڑھنے کی صلاحیت کا ثبوت قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مواصلاتی ڈیٹا، کال ریکارڈ اور پیغامات کے اصل مواد تک رسائی تکنیکی اعتبار سے مختلف معاملات ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 2025 میں شائع ہونے والی اپنی رپورٹ ’’شیڈوز آف کنٹرول‘‘ میں پاکستان کے نگرانی کے نظام، ڈیجیٹل پرائیویسی اور شہریوں کے مواصلاتی ڈیٹا تک ریاستی رسائی کے معاملات پر تشویش ظاہر کی تھی۔ پاکستان میں سائبر حملوں کے بڑھتے خطرات پاکستان میں سائبر حملوں کی صورت حال کا اندازہ عالمی سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے اعدادوشمار سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 کے موقع پر جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 کے دوران کمپنی نے پاکستان میں 63 لاکھ سے زائد ڈیوائسز پر ہونے والے سائبر حملوں اور 31 لاکھ سے زیادہ ویب پر مبنی حملوں کا پتا لگایا۔ اس عرصے میں کمپنی کے 24 فیصد پاکستانی صارفین کو ڈیوائسز پر سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ 15 فیصد صارفین کو ویب پر مبنی خطرات کا سامنا ہوا، جن میں فشنگ اور نقصان دہ ویب سائٹس کے ذریعے ڈیٹا چرانے کی کوششیں شامل تھیں۔ رپورٹ کے مطابق ایکسپلائٹس کے ذریعے چار لاکھ 48 ہزار سے زائد حملے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ بیک ڈور حملوں میں 50 فیصد اضافہ ہوا اور ان کی تعداد دو لاکھ 33 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ بیک ڈور حملوں کے ذریعے ہیکرز متاثرہ کمپیوٹر تک دور سے رسائی حاصل کرکے فائلوں اور اہم معلومات تک پہنچ سکتے ہیں۔ میڈیا ہاؤسز میں سیکیورٹی انتظامات، مگر تربیت کا فقدان سینیئر صحافی اور مختلف قومی اخبارات میں بطور ایڈیٹر خدمات انجام دینے والے کمال صدیقی کے مطابق میڈیا ادارے اپنے دفتری نظام اور تجارتی معلومات کے تحفظ کے لیے اقدامات کرتے ہیں، لیکن صحافیوں کی ذاتی ڈیجیٹل سیفٹی پر مناسب توجہ نہیں دی جاتی۔ ان کا کہنا ہے کہ ادارے دفتری کمپیوٹرز پر ڈاؤن لوڈنگ، فائل شیئرنگ اور پاس ورڈز کے حوالے سے سخت پابندیاں عائد کرتے ہیں، لیکن صحافیوں کے ذاتی ای میل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے تحفظ کے لیے تربیت فراہم نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہائی جین بھی روزمرہ زندگی کی صفائی ستھرائی کی طرح ضروری ہے۔ اس میں مشکوک لنکس سے گریز، مضبوط پاس ورڈز کا استعمال اور ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فعال رکھنا شامل ہے۔ کمال صدیقی کے مطابق صحافیوں کو ذاتی اور ڈیجیٹل تحفظ کی باقاعدہ تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ چند تنظیمیں اس حوالے سے پروگرام منعقد کر رہی ہیں، لیکن یہ اقدامات مجموعی ضرورت کے مقابلے میں ناکافی ہیں۔ پاکستان پریس فاؤنڈیشن نے جون 2025 میں بلوچستان کے صحافیوں کے لیے دو روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا، جس میں جسمانی، ڈیجیٹل اور نفسیاتی تحفظ پر توجہ دی گئی۔ اسی طرح اکتوبر 2025 میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے آن لائن ہراسانی اور ڈیجیٹل حملوں سے تحفظ کے موضوع پر ورکشاپ منعقد کی۔ فروری 2026 میں خیبر یونین آف جرنلسٹس نے خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے پشاور میں ڈیجیٹل سیکیورٹی ورکشاپ منعقد کی، جس میں 50 سے زائد صحافیوں نے شرکت کی۔ دوسری جانب پاکستان جرنل آف سوشل سائنسز ریویو میں مارچ 2026 میں شائع ہونے والی پنجاب کی خواتین صحافیوں سے متعلق تحقیق میں 250 خواتین صحافیوں کے سروے کے نتائج پیش کیے گئے۔ تحقیق کے مطابق 69.2 فیصد خواتین صحافیوں کو ڈیجیٹل سیکیورٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ صرف نصف کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی تھی۔ ماہرین کی نظر میں صحافی اپنے اکاؤنٹس کیسے محفوظ رکھیں؟ ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کی بانی اور وکیل نگہت داد کے مطابق صحافیوں کو نامعلوم افراد کی جانب سے بھیجے گئے لنکس، ای میلز اور اٹیچمنٹس کھولنے سے گریز کرنا چاہیے۔ موبائل فون، کمپیوٹر اور ایپس کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ رکھنا بھی ضروری ہے۔ ان کے مطابق ہر اکاؤنٹ کے لیے الگ اور مضبوط پاس ورڈ استعمال کرنا، پاس ورڈ مینیجر اپنانا، سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں لاگ اِن ڈیوائسز کا جائزہ لینا اور غیر ضروری ایپس کی اجازتیں ختم کرنا غیر مجاز رسائی کے خطرات کم کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق صحافیوں کو اپنے اکاؤنٹس پر دو مرحلہ جاتی تصدیق فعال رکھنی چاہیے، حساس ذرائع سے رابطے کے لیے محفوظ پیغام رسانی کے ذرائع استعمال کرنے چاہئیں اور اہم ڈیٹا کا محفوظ بیک اپ رکھنا چاہیے۔ کسی مشکوک سرگرمی کی صورت میں پاس ورڈ تبدیل کرکے تمام غیر مانوس ڈیوائسز سے لاگ آؤٹ کرنا بھی ضروری ہے۔ نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل