Thursday, November 26, 2026
 

ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 22 سے 29 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گی

 



ایرانی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 22 سے 29 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو ایرانی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے باضابطہ تصدیق موصول ہو گئی ہے کہ ایران کی قومی مینز اور ویمنز ہاکی ٹیمیں 22 سے 29 دسمبر 2026 تک ایک ہفتے کے دورے پر اسلام آباد آئیں گی۔ دورے کے دوران دونوں ایرانی ٹیمیں اپنے پاکستانی ہم منصب کھلاڑیوں کے ساتھ مشترکہ تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان پریکٹس میچز کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا مقصد کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کا قیمتی تجربہ فراہم کرنا اور دونوں ٹیموں کی مسابقتی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے کھیلوں کے روابط کا عکاس ہے اور ملک میں بین الاقوامی ہاکی کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوششوں میں ایک اور مثبت پیشرفت ہے۔ مشترکہ تربیتی سیشنز اور پریکٹس میچز سے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو تکنیکی مہارتوں کے تبادلے، اپنی تیاریوں کا جائزہ لینے اور ایک دوسرے کے کھیل کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ایرانی مینز اور ویمنز ٹیموں کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسلام آباد میں ان کی میزبانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے بین الاقوامی دورے پی ایچ ایف کی اس حکمت عملی کا اہم حصہ ہیں جن کا مقصد باقاعدہ انٹرنیشنل ہاکی کا فروغ، علاقائی سطح پر کھیلوں کے تعاون کو مستحکم کرنا اور پاکستانی کھلاڑیوں، بالخصوص خواتین ہاکی پلیئرز کو آگے بڑھنے اور مقابلے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل