Loading
کہوٹہ میں شادی شدہ خاتون کو مبینہ طور پر بھائی نے چھری کے وار سے قتل کر دیا اور واقعے کے بعد خاموشی سے تدفین بھی کر دی، مقتولہ کے شوہر کی مدعیت میں بھائی اور والد کے خلاف مقدمہ درج کرکے پولیس نے دونوں کو گرفتار کرلیا۔
تھانہ کہوٹہ کے علاقے میں سال 2025 کے دوران والدین کے گھر جانے والی شادی شدہ ہمشیرہ کو بھائی نے پیٹ میں مبینہ چھری مار کر شدید زخمی کر دیا تھا تاہم تقریباً سال بھر زیر علاج رہنے کے بعد خاتون دم توڑ گئی۔
گرفتار ملزمان میں سے بھائی پر قتل کرنے اور والد پر جرم چھپانے کا الزام ہے، جس پر مقدمہ درج کیا گیا۔
درج ایف آئی آر میں سعید اختر نے موقف اختیار کیا کہ تھیالہ نارہ کہوٹہ کا رہائشی ہوں، راضیہ اظہر میری بیوی اپنے والدین کے گھر گئی تو اسکے بھائی احسان اظہر نے اسے چھری کے وار سے قتل کی نیت سے شدید زخمی کر دیا جسے اسپتال میں علاج معالجہ کے لیے اسکے والدین نے داخل کروایا جو آج تک زیر علاج رہی اور انہی ضربات کی وجہ سے فوت ہوگئی۔
مدعی کے مطابق اہلیہ کو اس کے ورثہ نے دفن کر دیا اور مجھے اطلاع تک نہ دی، مجھے قوی یقین ہے کہ میری بیوی راضیہ کو میرے سالے احسان اظہر نے قتل کی نیت سے شدید زخمی کیا تھا جس کے نتیجے میں وہ مسلسل علاج کے بعد فوت ہوگئی۔
مقتولہ کے شوہر نے استدعا کی کہ میرے سالے احسان اظہر کے خلاف میری بیوی کو زخمی کر کے قتل کرنے اور میرے سسر اظہر زمان کے خلاف جرم چھپانے کا مقدمہ درج کیا جائے اور مجھے انصاف دیا جائے۔
پولیس نے قتل و جرم چھپانے کی دفعات 302/201 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی اور ملزم احسان اظہر کو ہمشیرہ کو مبینہ زخمی و قتل اور اسکے والد کو بیٹے کا جرم چھپانے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ اور مدعی کی شادی پسند کی تھی، پہلے گھر والے راضی نہ تھا لیکن بعد میں پھر راضی ہوگئے تھے اور گھروں میں آنا جانا معمول رہا، ایک روز جب خاتون والدین کے گھر گئی تو بھائی بہن میں پھر کسی بات پر تلخی ہوگئی تو اس نے مبینہ طور پر چھری مارنے کا اقدام کیا۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ لڑکی زخمی ہونے کے بعد مختلف استالوں اور گھر میں زیر علاج رہی تاہم موت کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم و فرانزک تجزیے میں اور تفتیش میں ہوگا، مقتولہ کے خاوند کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب، مقتولہ کے خاوند کا کہنا تھا کہ آپس میں برادریوں کا فرق تھا اور اہلیہ تقریباً ایک سال سے زائد عرصے سے والدین کے گھر تھی جس کی تیمارداری کے لیے اسپتال جاتا رہا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل