Thursday, November 26, 2026
 

کراچی عمارت منہدم: ملبے میں دبے افراد کے اہل خانہ نے شارع فیصل بلاک کردی

 



کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت منہدم ہونے پر اور امدادی کارروائی سے مطئمن نہ ہونے پر لاپتا افراد کے اہل خانہ نے شارع فیصل کے دونوں ٹریک بند کردیے جس کے سبب دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز کراچی ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ عمارت گرگئی، رات گئے تک ملبے سے تین لاشیں نکالی گئیں جبکہ 14 افراد زخمی تھے، ملبے میں متعدد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ امدادی کارروائیوں سے مطمئن نہ ہونے پر لاپتا افراد کے اہل خانہ اور مکین شارع فیصل پر جمع ہوگئے اور اس کے دونوں ٹریک بند کردیے۔ مظاہرین نے ہاٹھوں میں ڈنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے جنہوں نے سڑک پر رکاوٹیں رکھ دیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائی میں غفلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، ہمارے پیارے عمارت میں دبے ہوئے ہیں اور انتظامیہ خاموش ہے۔ واضح رہے کہ حادثے کے بعد لاپتا افراد کی فہرست سامنے آئی ہے جن کا تاحال کچھ نہیں پتا وہ کہاں ہیں۔ فہرست کے مطابق لاپتا افراد میں محمد وقاص (21 سالہ)، محمد علی (20)، علی حسن (17)، محمد جبران (30)، وقاص نور (25)، عادل شیر (25)، عباس جعفری (30)، علی شیر (13)، نور احمد (31)، محمد حجیب (30)، محمد ارسلان (17)، عرفان (28)، مفید (22)، اللہ دتو (22)، عابد علی (35)، صغیر علی (18) اور حسیب علی (30 سالہ) شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والے اس افسوس ناک حادثے میں اب تک 3 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ عمارت میں کام کے دوران 30 سے 40 مزدور موجود تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل