Thursday, November 26, 2026
 

ٹائیگر شروف پر فائرنگ کا مرکزی ملزم گرفتار، عدالت نے نابالغ قرار دے دیا

 



بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے تقریباً ایک ماہ بعد مبینہ حملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، تاہم عدالت میں پیشی کے دوران اس کی عمر 18 سال سے کم ہونے کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد اسے جووینائل جسٹس بورڈ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر کے انسدادِ منظم جرائم قانون (ایم سی او سی اے) کے تحت قائم خصوصی عدالت نے ملزم کی عمر سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اسے نابالغ قرار دیا۔ خصوصی جج ستیہ نارائن آر ناوندر نے جووینائل جسٹس (بچوں کی نگہداشت اور تحفظ) ایکٹ کی دفعہ 9 کے تحت عمر کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے پر ہدایت کی کہ ملزم کو مزید کارروائی کے لیے جووینائل جسٹس بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے۔ ملزم کی عمر کا تعین اس وقت ضروری ہوا جب اس کے والد نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فائرنگ کے وقت ان کا بیٹا 18 برس سے کم عمر تھا، لہٰذا اس کے خلاف کارروائی بالغ ملزمان کے بجائے نابالغوں سے متعلق قوانین کے تحت کی جانی چاہیے۔ رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم وہ 30 نومبر کو 18 سال کا ہوجائے گا۔ تفتیشی افسر نے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں اس کی تاریخ پیدائش 30 نومبر 2008 درج ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اسے اس مقدمے میں گرفتار ہونے والا پہلا ملزم بتایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ فائرنگ کا واقعہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق دو مبینہ حملہ آوروں نے موٹر سائیکل پر موجود اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ فٹ بال گراؤنڈ سے روانگی کے وقت ٹائیگر شروف کی گاڑی پر پانچ گولیاں چلائی تھیں۔ واقعے میں اداکار معمولی چوٹوں کے باوجود محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور موقع پر موجود ایک وی لاگر گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔ بعد ازاں لارنس بشنوئی گینگ کے مبینہ رکن انیل پنڈت نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل