Loading
جدید اے آئی انقلاب سے اگر کیلیفورنیا کی سلیکون ویلی کو خارج کردیں تو دنیا رک جائے گی اور اگر سلیکون ویلی سے دنیا کے سب سے بڑی اے آئی چپ میکر اینڈویڈیا کو نکال دیا جائے تو نہ صرف سلیکون ویلی بلکہ مشرقِ وسطی کی حد تک قائم اسرائیلی فوجی بالادستی بھی کریش لینڈنگ کر جائے گی۔
یہی وجہ ہے کہ جب ایک مشتبہ خاتون چینی جاسوس کے ساتھ انڈویڈیا کے باس جینسن ہوانگ کے معاشقے کا بھانڈہ پھوٹنے کے بعد جینسن صاحب کو اینویڈیا کے بورڈ آف گورنرز نے بارہ نومبر کو فوری سبکدوش کر دیا تو نہ صرف جینسن صاحب کے ذاتی دوست ڈونلڈ ٹرمپ کو نفسیاتی دھچکا لگا بلکہ اسرائیلی قیادت اور تل ابیب اسٹاک ایکسچینج کو بھی سانپ سونگھ گیا۔بس ایک بات قابلِ اطمینان تھی کہ جینسن ہوانگ کی جانشینی کے لیے جو تین نام لیے جا رہے تھے وہ سب اسرائیل کی ہائی ٹیک انڈسٹری کے تربیت یافتہ اور اسرائیل اور امریکا کی دوہری شہریت رکھتے تھے۔
اینویڈیا نہ صرف سب سے بڑی عالمی سیمی کنڈکٹر کمپنی ہے بلکہ اے آئی ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہونے والے سپیشلائزڈ گرافکس پروسیسنگ یونٹ ( جی پی یو ) کی نوے فیصد عالمی مارکیٹ پر بھی اسی ایک کمپنی کا تسلط ہے ( جس طرح ونڈوز پر مائیکروسافٹ کا تسلط ہے )۔
اینویڈیا کی مارکیٹ ویلیو اس وقت چار ٹریلین ڈالر بتائی جاتی ہے۔جب سے جینسن ہوانگ اینویڈیا کی سربراہی پر بحال ہوئے ہیں کمپنی شئیرز کی ویلیو میں لگ بھگ تیس فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔
امریکا سے باہر اینڈویڈیا کا سب سے بڑا اوورسیز آپریشن اسرائیل میں ہے جہاں اس کے سات ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز میں کام کرنے والے ماہرین کی تعداد گذشتہ تین برس میں دوگنی ہو کر چھ ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔اینویڈیا اسرائیل میں حیفہ کے قریب کریات تیوون میں سب سے بڑا آر اینڈ ڈی سینٹر بھی بنا رہی ہے جس میں لگ بھگ دس ہزار ماہرین کے کام کرنے کی گنجائش ہو گی۔
اسرائیلی معیشت کے لیے اینویڈیا کی کیا اہمیت ہے۔اس کا اندازہ مرکزی بینک آف اسرائیل کی تازہ رپورٹ سے ہو سکتا ہے کہ گذرے مالی سال میں متعدد جنگوں میں بیک وقت الجھنے کے باوجود اسرائیلی معیشت میں پانچ اعشاریہ چھ فیصد کا جو اضافہ ہوا اس میں اینویڈیا کا حصہ تقریباً چالیس فیصد (دو اعشاریہ دو فیصد ) رہا۔اگلے مالی سال میں اینویڈیا کی بھاری سرمایہ کاری کے سبب اسرائیلی جی ڈی پی میں اس کا حصہ دو اعشاریہ چار فیصد تک متوقع ہے۔بینک آف اسرائیل کی مالیاتی رپورٹ کا کہنا ہے کہ جنوری میں ختم ہونے والے مالی سال کے دوران اینویڈیا نے ایک اعشاریہ تیس ارب ڈالر ٹیکس ادا کیا۔یعنی اسرائیل میں جتنا ٹیکس اکٹھا ہوا اس کا تین فیصد ۔
اینویڈیا کا اسرائیل سے بندھن دو ہزار بیس میں شروع ہوا جب اس نے کمپیوٹر نیٹ ورکنگ کی مصنوعات بنانے والی چوٹی کی اسرائیلی کمپنی میلانوکس سات ارب ڈالر میں خرید لی۔دونوں کمپنیوں کی ٹیکنالوجی نے اے آئی ورک لوڈ کا بوجھ سہارنے کے لیے جو انفراسٹرکچر بنایا اسی کے سبب اے آئی ڈیٹا سینٹرز کا تیزی سے پھیلنا ممکن ہوا۔میلانوکس کے ادغام سے اینویڈیا کی آمدنی میں یکلخت اٹھارہ فیصد تک سالانہ اضافہ ہو گیا۔اس وقت ڈیٹا سینٹرز کے لیے اینویڈیا جو چھ سپیشلائزڈ چپ بنا رہی ہے ان میں سے چار اسرائیل میں بن رہے ہیں۔اگلے ایک برس میں امید ہے کہ اینویڈیا کے تمام چپ ساختہ اسرائیل ہوں گے۔
اسرائیل نے غزہ کی نسل کشی کے دوران فلسطینیوں کے صنعتی پیمانے پر شکار کے لیے ’’ دی گوسپل ، لیوینڈر اور وہیر از ڈیڈی ’’ نام کے جو اے آئی سسٹمز استعمال کیے وہ اینویڈیا کی مصنوعات کے بغیر ممکن نہ تھے۔ اسرائیلی کمپنی ایل بیت کے لینیس ڈرونز میں اینویڈیا کا پروسیسر ہی نصب ہے جن سے روزانہ فلسطینی عورتوں بچوں سمیت ہر حرکت کرتے انسان کو شناخت کر کے ہلاک کیا جاتا ہے۔یعنی اینویڈیا پر اسرائیل کے جنگی جرائم میں جان بوجھ کر شرکت کی فردِ جرم لگنے کے تمام بنیادی شواہد دستیاب ہیں۔
جب جینسن ہوانگ کی بطور اینویڈیا باس بحالی کی خبر نکلی تو ٹرمپ کے بعد اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ دوسری شخصیت تھے جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں اسرائیل کا بھرپور ساتھ دینے کو سراہتے ہوئے جینسن کی بحالی کا پرجوش خیرمقدم کیا۔
جینسن نے ایک موقع پر اسرائیل کو امریکا کے بعد اپنا دوسرا گھر قرار دیا تھا۔اس پس منظر میں اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ آپ ( جینسن ہوانگ ) کی قیادت میں اینویڈیا اور اسرائیل کے ٹیک سیکٹر کے مابین جو مثالی تعاون ہو رہا ہے اس نے ٹیکنالوجی کے لامحدود میدان میں سب سے آگے رہنے کے امکانات کے دروازے کھول دیے ہیں۔آپ کی بحالی ٹیک ورلڈ کے لیے نہائیت اہم خوشخبری ہے۔
اگرچہ امریکی ایف بی آئی نے جینسن ہوانگ کے چین کے ہاتھوں ’’ ہنی ٹریپ ‘‘ ہونے کے شبہے کی فائل بند نہیں کی ۔تاہم جب ایلون مسک اور سام آلٹمین سمیت امریکا کی پوری ٹیک انڈسٹری ، اس انڈسٹری کے پرجوش سرپرست ڈونلڈ ٹرمپ اور تمام اسرائیلی اسٹیبلشمنٹ چاہے کہ جینسن ہوانگ کو اپنی کرسی پر ہر الزام کے باوجود ٹکے رہنا ہے تو پھر ایف بی آئی سمیت کس مائی کے لال میں اتنی ہمت ہے کہ وہ اپنے شکوک کی فائل آگے بڑھا سکے۔
کسی کو اگر یہ امید ہے کہ ٹرمپ کے جانے کے بعد یہ معاملہ پھر کھل سکتا ہے تو اس خوش فہمی کو بھی کسی فائل میں دبانا ہی بہتر ہو گا۔ جس پرنالے سے ریپبلیکنز کو سرمایہ اور اثر و رسوخ دستیاب ہے اسی پرنالے سے ڈیموکریٹک پارٹی بھی سیراب ہوتی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں کوئی آئے جائے ، کانگریس کے دونوں ایوانوں میں کسی بھی جماعت کو کتنی بھی اکثریت حاصل ہو ، اسرائیل میں کسی کی حکومت ہو۔ٹیک کمپنیوں کا اثر و رسوخ ایک نئی عالمی حقیقت ہے۔
وہ زمانے گئے جب ریاست کسی بھی طرم خان سے زیادہ طاقت ور ہوا کرتی تھی۔آج خود ریاست کا ادارہ مٹھی بھر طاقت ور کمپنیوں کا مرہونِ منت ہے۔ویلکم ٹو دی گلوبل ٹیک ایمپائر۔
(وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیے bbcurdu.com اورTweeter @WusatUllahKhan.پر کلک کیجیے)
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل