Friday, November 27, 2026
 

کسان اور کھیت اب عجائب گھر کی زینت بنیں گے

 



انسانی تہذیب کا آغاز ہی زراعت کے مرہونِ منت رہا ہے، جہاں مٹی، بیج، پانی اور محنت کش کسان کے پسینے نے مل کر زندگی کا سفر آگے بڑھایا۔ صدیوں تک خوراک کا تصور سرسبز کھیتوں، فصلوں کی کٹائی، دیہی چراگاہوں اور مقامی منڈیوں سے جڑا رہا، مگر اکیسویں صدی کے وسط کے قریب پہنچتے ہی عالمی غذائی نظام ایک ایسے گہرے اور ہمہ گیر انقلاب سے گزر رہا ہے جو زراعت کی صدیوں پرانی ہیئت کو یکسر بدل رہا ہے۔  مستقبل قریب میں خوراک کا سرچشمہ روایتی کھیت نہیں بلکہ چند کثیر القومی کارپوریشنز کے زیرِ انتظام دیو ہیکل سپر مالز، ہائپر مارکیٹس اور جدید ترین بائیو ٹیک لیبارٹریاں ہوں گی، جہاں فطری موسموں اور کھلی فضا کے بجائے سٹیل کے ٹینکوں، شیشے کی عمارتوں اور مصنوعی روشنیوں میں خوراک کی ’’تخلیق‘‘ عمل میں لائی جائے گی۔ گویا آنے والے دور میں انسان کو بھوک لگے گی تو وہ کھیت کی طرف نہیں بلکہ کسی ملٹی نیشنل کمپنی کے سرور اور سپر سٹور کے شیلف کی طرف دیکھے گا، جہاں ہر لقمہ بارکوڈ اور پیٹنٹ نمبر کے ساتھ دستیاب ہوگا۔ عالمی زرعی معیشت کا گہرا جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے کہ بیجوں، کھادوں، زرعی کیمیکلز اور خوراک کی تقسیم کا نظام تیزی سے چند بڑے عالمی کارپوریٹ اداروں اور ’’سپر ٹائیکونز‘‘ کے دائرۂ اثر میں سمٹتا جا رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ادارۂ خوراک و زراعت کے مطابق دنیا بھر میں تیس ہزار کے قریب خوردنی پودے پائے جاتے ہیں، جن میں سے محض تیس فصلیں عالمی خوراک کا بڑا حصہ فراہم کرتی ہیں اور صرف پانچ اناج، چاول، گندم، مکئی، باجرہ اور جوار، دنیا کی آبادی کی ساٹھ فیصد توانائی کا ذریعہ بنتے ہیں۔  عالمی زرعی منڈی میں ’بائر‘، ’کورٹیوا‘، ’سنجینٹا‘ اور ’بی اے ایس ایف‘ جیسے چند دیو ہیکل ادارے بیج اور زرعی ادویات کے بڑے حصے پر اثر انداز ہیں۔ روایتی کسان، جو کبھی اپنی فصل کا بیج اگلے موسم کے لیے بڑے فخر سے محفوظ رکھتا تھا، اب ان تجارتی کمپنیوں کے ہائبرڈ، پیٹنٹ شدہ اور "بے بیج" پھلوں و سبزیوں کی مارکیٹ کا محتاج ہو چکا ہے۔ یہ بھی عجب ستم ظریفی ہے کہ جس تربوز یا انگور کی پہچان ہی اس کے بیج تھے، جدید سائنس نے اسے بھی ’بے بیج‘ کرکے گویا فطرت کی نسل کشی کا نیا ہنر ایجاد کر لیا ہے؛ پھل کھائیے مگر اس کا بیج نہ بویئے، کیونکہ اگلی فصل کا ’پاس ورڈ‘ صرف کمپنی کے پاس محفوظ ہے۔ اس تبدیلی کا سب سے حیران کن، دلچسپ اور کسی حد تک مضحکہ خیز پہلو خوراک کی ’لیبارٹریائزیشن‘ یعنی تجربہ گاہوں میں خوراک کی تیاری ہے، جہاں اب مرغی کے بغیر انڈا، گائے کے بغیر دودھ اور بکرے یا مچھلی کے بغیر گوشت تیار کرنے کے دعوے حقیقت کا روپ دھار رہے ہیں۔ جدید بائیو ٹیکنالوجی کے میدان میں ’اپ سائیڈ فوڈز‘ اور ’ایٹ جسٹ‘ جیسی کمپنیاں جانور کو ذبح کیے بغیر خلیات کی افزائش سے لیب گرون گوشت اور چکن تیار کر رہی ہیں، جبکہ ’بلیور میٹس‘، ’موسا میٹ‘ اور ’الیف فارمز‘ جیسی کمپنیاں بائیو ری ایکٹرز میں گوشت اگانے کے تجربات کو تجارتی پیمانے پر لانے میں مصروف ہیں۔ سمندری حیات کا نعم البدل پیش کرنے کے لیے ’وائلڈ ٹائپ‘ اور ’بلیو نالو‘ جیسی کمپنیاں سمندر میں جال ڈالے بغیر لیبارٹری میں مچھلی کا گوشت تیار کر رہی ہیں۔ دوسری جانب ’پریسیژن فرمینٹیشن‘ کے ذریعے ’پرفیکٹ ڈے‘، ’ری ملک‘ اور ’فورمو‘ خمیر اور مائیکروبس کی مدد سے گائے کے بغیر دودھ اور پنیر کے پروٹینز بنا رہی ہیں، جبکہ ’دی ایوری کمپنی‘ مرغی کی مداخلت کے بغیر انڈے کی سفیدی تیار کر رہی ہے۔ گویا مستقبل کے ناشتے کی میز پر آملیٹ اور دودھ تو موجود ہوں گے، مگر کسی کسان کے آنگن میں نہ مرغی ہوگی اور نہ کسی چراگاہ میں گائے گھاس چرے گی؛ سب کچھ اسٹیل کے چمچماتے ٹینکوں میں ’سافٹ ویئر کی طرح اپ ڈیٹ‘ ہو کر پلیٹ میں اترے گا۔ اس کارپوریٹ غذائی نظام کے حق میں ماحولیاتی تحفظ، زمین اور پانی کے کم استعمال اور بڑھتی ہوئی شہری آبادی کو خوراک فراہم کرنے جیسے خوشنما دلائل پیش کیے جاتے ہیں، مگر اس کے پسِ پردہ معاشی و سیاسی محرکات کہیں زیادہ گہرے ہیں۔ عالمی سطح پر پریسیژن فرمینٹیشن اور متبادل پروٹین کی اربوں ڈالر کی تیزی سے پھیلتی مارکیٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام نے اب انسانی بھوک کو سب سے منافع بخش صنعت بنا لیا ہے۔ جب دنیا کی خوراک چند سپر مالز، عالمی سپلائی چینز اور کارپوریٹ اجارہ داروں کے ہاتھوں میں مرکوز ہو جائے گی تو خوراک محض ایک روزمرہ ضرورت نہیں رہے گی بلکہ ایک طاقتور ہتھیار بن جائے گی۔ یہ سپر ٹائیکونز طے کریں گے کہ کس خطے کے انسانوں کو کیا کھانا ہے، کس قیمت پر کھانا ہے اور اس کی غذائی ترکیب کیا ہوگی۔ روایتی کھیتی باڑی کے سمٹنے سے دیہی معیشت کمزور ہوگی، مقامی ثقافتیں مدھم پڑیں گی اور صدیوں سے سینہ بہ سینہ منتقل ہونے والا زرعی علم محض کتابوں یا عجائب گھروں کی زینت بن کر رہ جائے گا۔ مزید برآں، بے بیج پھلوں، جینیاتی ترامیم، الٹرا پروسیسڈ خوراک اور لیبارٹری میں تیار کردہ مصنوعی لحمیات کے انسانی جسم اور جینیاتی ساخت پر طویل المدتی اثرات ابھی تک مکمل طور پر واضح نہیں ہیں۔ قدرتی مٹی کے اربوں جرثوموں، سورج کی تپش، ہوا کے جھونکوں اور بارش کے قطروں سے پروان چڑھنے والی خوراک میں جو حیاتیاتی توازن اور فطری توانائی پائی جاتی ہے، وہ بند کمروں میں کیمیائی محلول اور خلیاتی افزائش سے بننے والی خوراک میں کہاں سے آئے گی؟ انسان صدیوں سے جس مٹی سے بنا ہے، اس کی غذا بھی اسی مٹی سے پھوٹتی رہی ہے، مگر کارپوریٹ اشتہارات کی چکاچوند اور تیز رفتار طرزِ زندگی نے ہمیں اس فطری رشتے سے کاٹ کر سپر سٹورز کی مصنوعی روشنیوں کا اسیر بنانا شروع کر دیا ہے۔ لہٰذا آج کے انسان اور بالخصوص ہمارے کسانوں اور عام صارفین کے لیے وقت کی سب سے بڑی نصیحت یہی ہے کہ چمکدار پیکنگ اور مصنوعی آسائشوں کے سحر میں آ کر کبھی فطری خوراک کو ترک نہ کریں اور نہ ہی اپنے کھیتوں اور مٹی سے رشتہ توڑیں۔ اپنے دیسی بیجوں کو سنبھال کر رکھیں، قدرتی کھیتی باڑی کو زندہ رکھیں اور سپر اسٹورز کے مصنوعی ذائقوں کے بجائے زمین کی کوکھ سے اگنے والے خالص اناج، پھل اور سبزیوں کو ترجیح دیں۔ یاد رکھیے، کھیت محض زمین کے ٹکڑے نہیں بلکہ انسانی بقا کی ضمانت ہیں؛ اگر ہم نے کھیتوں کو خیر باد کہہ دیا اور اپنی خوراک مکمل طور پر لیبارٹریوں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے حوالے کر دی، تو ایک دن زندگی اور خود انحصاری بھی ہمیں خیر باد کہہ دے گی۔ نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل