Loading
بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے اعلیٰ سطح کے پارلیمانی وفد کے ہمراہ مزار قائد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
مزار قائد آمد پر پاک بحریہ کے بینڈ نے روایتی دھنیں پیش کرکے بنگلا دیشی پارلیمانی وفد کا استقبال کیا جبکہ مہمانوں کو پھولوں کے ہار اور گلدستے بھی پیش کیے گئے۔
اس موقع پر بنگلا دیشی اسپیکر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور دستخط کیے۔ بعد ازاں انہوں نے وفد کے دیگر ارکان کے ہمراہ مزار قائد کے زیر زمین حصے میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی اصل قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی قبر پر بھی حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران بنگلا دیشی اسپیکر اور پارلیمانی وفد نے مزار قائد کے میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے قائداعظم کے زیر استعمال رہنے والی اشیا، تاریخی نوادرات اور ان کی استعمال شدہ گاڑی کا معائنہ کیا اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے۔ مزار قائد پر حاضری ان کے دورہ کراچی کی اہم سرگرمیوں میں شامل رہی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل