Loading
امریکا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ناکہ بندی توڑ کر ایران سے باہر جانے کی کوشش کرنے والے جہاز کو خلیج عمان میں ناکارہ بنادیا ہے جبکہ ایران نے ردعمل دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان میں کہا کہ گزشتہ روز ایران کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے ایک تجارتی جہاز کو ناکارہ بنا دیا ہے جبکہ ایرانی سپریم لیڈر کے ایک مشیر نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز بند رکھے گا اور ناکہ بندی توڑنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ فوجی طیاروں نے عمان کی خلیج میں پلاؤ کے پرچم بردار تجارتی جہاز ’ایم وی پیسیفک آرچر‘ کے پچھلے حصے کو درست نشانہ بنانے والے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا، یہ کارروائی جہاز کے ایرانی بندرگاہ شہر بندر عباس سے روانہ ہونے کے بعد کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ حملے کے نتیجے میں جہاز کو ناکارہ بنایا گیا، تاہم اس پر سوار شہری عملے کے ارکان محفوظ رہے۔
دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محمد مخبر نے کہا کہ آبنائے ہرمز دوبارہ نہیں کھولی جائے گی اور نہ ہی ہم ناکہ بندی برقرار رہنے دیں گے۔
یاد رہے کہ امریکا نے جولائی میں ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کی تھی جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں اس نے ’ٹاسک فورس آئرن گیٹ‘ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد ایران کی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے ہتھیاروں اور پابندیوں کے زد میں آنے والے سامان کی نقل و حرکت محدود کرنا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل