Loading
مقبوضہ کشمیر کے شہری عرفان حسن شاہ مظفرآباد میں موجود اپنی اہلیہ اور بچوں سے ملنے کی خواہش میں دریائے نیلم کی بے رحم موجوں کا نذر ہوگیا اور ان کی میت مظفر آباد میں اہل خانہ کے حوالے کردی گئی۔
بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں حکام نے بتایا کہ دریائے نیلم سے ملنے والی عرفان حسن شاہ نامی شخص کی میت مظفر آباد میں موجود ان کی اہلیہ اور بچوں کے حوالے کر دی اور ان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ عرفان حسن شاہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ سے تعلق رکھتے تھے اور مبینہ طور پر آزاد کشمیر میں موجود اپنی اہلیہ اور بچوں سے ملنے کی کوشش کے دوران دریائے نیلم میں ڈوب گئے تھے۔
عرفان کے بچوں نے بتایا کہ ان کے والد بارہ مولہ سے گاہے بگاہے رابطہ کرتے رہتے تھے اور آخری رابطہ تقریباً 15 روز قبل ہوا تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ہر صورت آزاد کشمیر پہنچنے کی کوشش کریں گے۔
بچوں کا کہنا تھا کہ ان کے بعد والد کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، مگر بعد میں دریائے نیلم میں ان کی میت ملنے کی اطلاع موصول ہوئی۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے اپریل 2025 میں پہلگام واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مقیم عرفان حسن شاہ کی اہلیہ اور بچوں کو پاکستانی ہونے کی وجہ سے ڈی پورٹ کر دیا تھا اور اس کے بعد یہ خاندان مظفرآباد میں مقیم تھا جبکہ عرفان مقبوضہ کشمیر کا شہری ہونے کے باعث ضلع بارہ مولہ ہی میں رہ گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر اٹھ مقام چوہدری بشارت نے عرفان حسن شاہ کے مقبوضہ کشمیر کے شہری ہونے کی وجہ سے میت مقبوضہ خطے کے حکام کے حوالے کرنے یا مظفرآباد میں ان کے بچوں کے حوالے کرنے سے متعلق واضح کرتے ہوئے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں موجود عرفان حسن شاہ کے بھائی اور بہنوں کی اجازت کے بعد ان کی میت مظفر آباد میں ان کی اہلیہ اور بچوں کے حوالے کی گئی اور اس حںوالے سے تمام درکار کارروائی مکمل کی گئی۔
رپورٹ میں ضلع نیلم کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ اخترایوب کے حوالے سے بتایا گیا کہ عرفان حسن شاہ کی میت 23 نومبر کو صبح 11 بجے کیرن کے قریب دریائے نیلم میں ملی تھی اور میت کی جیب سے گورنمنٹ آ ف انڈیا کا کارڈ نکلا، جس پر ان کا نام اور شناخت موجود تھی اور اس کے بعد میت ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ عرفان حسن شاہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں رفیع آباد ڈنگی وچھا کے رہائشی تھے اور مظفر آباد میں موجود ان کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع سوشل میڈیا میں جاری کی گئی تصویر اور کارڈ کے ذریعے ہوئی، جس کے بعد انہوں نے رابطہ کرکے ان کی شناخت کرلی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل